وزارت دفاع

بی آر او   نے اپنا 65 واں یوم تاسیس منا یا


دفاعی سکریٹری نے ملک کی سلامتی اور سرحدی علاقوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے میں اہم رول  ادا کرنے پر بی آر او کی ستائش کی

انہوں نے بی آر او  سے کہا کہ وہ  پروجیکٹوں کی تیز رفتار  تکمیل کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کریں

Posted On: 07 MAY 2024 1:47PM by PIB Delhi

بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او)7  مئی 2024 کو اپنا 65 واں یوم تاسیس منا رہی ہے۔ اس دن کو منانے کے لیے، نئی دہلی میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس کی صدارت دفاعی سکریٹری  جناب گریدھر ارامانے نے کی۔ اپنے خطاب میں دفاعی سکریٹری دشوار  گزار  خطوں اور سخت موسمی حالات میں کامیابی سے اپنی ذمہ داریاں نبھانے پر بی آر او کی تعریف کی۔ انہوں نے بی آر او کو ایک انتہائی اہم ادارہ قرار دیا جو سرحدی علاقوں میں اپنے بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں کے ذریعے ملک کی سلامتی کے ساتھ ساتھ دور دراز علاقوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے میں اہم رول ادا کر رہی ہے۔

جناب  گریدھر ارامانے نے پروجیکٹوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے بی آر او کی ستائش کی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ کرم یوگی ریکارڈ وقت میں سرحدی بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو یقینی بنانا جاری رکھیں گے۔ انہوں نے بی آر او سے کہا  کہ وہ  پروجیکٹوں  کی تیزی سے تکمیل کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی اور تکنیکوں کو بروئے کار لائے، جس کے ذریعے انسانی کوششوں کو کم کیا جائے گا اور زیادہ مؤثر طریقے سے  انہیں استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بی آر او کے لیے آٹومیشن اور میکانائزیشن کلیدی اہمیت کے حامل ہوں گے۔

دفاعی سکریٹری نے سلکیارا ٹنل ٹوٹنے اور سکم کے سیلاب کے دوران راحت اور بچاؤ کی کوششوں میں بی آر او کے اہلکاروں کے قابل قدر تعاون کو بھی یاد کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ  یہ آرگنائزیشن متحرک گاؤوں کے پروگرام میں اہم رول  ادا کرے گی جس میں منتخب سرحدی گاؤوں کی جامع ترقی کا تصور کیا گیا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، بارڈر روڈز  کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل رگھو سری نواسن نے بی آر او کے تمام  ملازمین  اور عہدیداران کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر او کی پورے ہندوستان میں موجودگی قومی سلامتی، رابطے اور ترقی کے لیے اس کی وابستگی کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیگ لائن’ان دی سائیلنس آف اَور گریٹ ماؤنٹینز - ورک اسپیکس‘تنظیم کی لگن، ثابت قدمی اور ملک کے دور دراز کونوں میں رہنے والے لوگوں کی زندگیوں پر اثرات کو بیان کرتی ہے۔ انہوں نے تمام ملازمین اور  عہدوں  سے کہا کہ وہ’کنکٹنگ پلیسز، کنکٹنگ پیپلز‘  کے عہد کی تجدید کو   جاری رکھیں اور ترقی، خوشحالی اور اتحاد کی ایک  دیرپا  وراثت چھوڑیں۔

اس تقریب میں سیلا ٹنل پر ایک کمپینڈیم  کے ساتھ ساتھ  دفاعی سکریٹری کی طرف سے ’اونچی سڑکیں‘ ، ’پتھ پردرشک‘ اور ’پتھ وکاس‘ سمیت کچھ کتابوں کی نقاب کشائی بھی کی۔ انہوں نے سال 2023-24 کے لیے بی آر او اہلکاروں کو شاندار کارکردگی کے ایوارڈز  سے نوازا اور   آرگنائزیشن کی کامیابی حاصل کرنے والی خواتین کو مبارکباد دی۔ سیلا ٹنل کے ساتھ ساتھ سکم سیلاب کے دوران مختلف پروجیکٹوں میں کام کرنے والے کیژول اجرتی مزدوروں کو بھی نوازا گیا۔

سال 1960 میں محض  دو پروجیکٹوں - مشرق میں پروجیکٹ ٹسکر (اب ورتک) اور شمال میں پروجیکٹ بیکن کے ساتھ قائم کی گئی  بی آر او آج ایک متحرک تنظیم  بن گئی ہے جس کے 18 پروجیکٹ 11 ریاستوں اور تین مرکز کے زیر انتظام خطوں میں کام کر رہے ہیں۔ اس نے اب اونچائی اور برفیلے دشوار گزار علاقوں میں ایک سرکردہ بنیادی تعمیراتی ایجنسی کے طور پر اپنا نام پیدا کیا ہے۔

بی آر او  بنیادی طور پر مسلح افواج کی اسٹریٹجک ضروریات کو پورا کرنے کے لیے شمالی اور مغربی سرحدوں کے ساتھ 9000 فٹ سے لے کر 19000 فٹ تک کی اونچائی پر سڑکوں کی تعمیر اور دیکھ  ریکھ  کے کام انجام دیتی ہے ۔ چھ دہائیوں میں، اس نے ہندوستان کی سرحدوں کے ساتھ ساتھ  دوست ممالک بشمول بھوٹان، میانمار، افغانستان اور تاجکستان میں  خراب آب و ہوا اور جغرافیائی حالات میں  62214 کلومیٹر سے زیادہ سڑکوں، 1005 پلوں، سات سرنگوں اور 21 ہوائی اڈوں  کی  تعمیر کی ہے  اور اس طرح  ملک  کے اسٹریٹجک مقاصد کو پورا کرنے  میں تعاون کیا ہے۔

سال 2023-24 میں، بی آر او نے 3611 کروڑ روپے  مالیت کے کل 125 بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹ مکمل کیے ہیں۔ اس میں اروناچل پردیش میں بالی پاڑا-چردوار-توانگ روڈ پر سیلا ٹنل کی تعمیر بھی شامل ہے۔ اس سرنگ کو حال ہی میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ورچوئل طور پر ایٹا نگر سے قوم کو وقف کیا تھا۔ بی آر او جلد ہی 4.10 کلومیٹر طویل شنکن لا ٹنل کی تعمیر کا آغاز کرے گی۔ ایک بار مکمل ہونے کے بعد، یہ سرنگ 15800 فٹ کی دنیا کی بلند ترین سرنگ بن جائے گی جو کہ  چین کی  15590 فٹ  ککی ملا ٹنل سے بھی زیادہ اونچائی پر ہوگی۔

بی آر او نے باگڈوگرا اور بارک پور نامی دو اہم ایئر فیلڈ پروجیکٹوں  کو مکمل کیا، جو اس کے شاندار سفر میں ایک اور سنگ میل ہے۔ مدھ ایئر فیلڈ پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکشا منتری جناب راج ناتھ سنگھ نے حال ہی میں رکھا تھا۔ بی آر او کا مقصد صرف دو کام کے موسموں میں اس پروجیکٹ کو مکمل کرنا ہے۔

گزشتہ چند برسوں کے دوران، بی آر او کے بجٹ اخراجات میں  زبردست  اضافہ  ہوا ہے، جس سے صلاحیتوں اور اثرات میں ایک  زبردست اضافے کا پتہ چلتا ہے۔ اس بڑھتی ہوئی بجٹ امداد نے تنظیم کو اہم  پروجیکٹ شروع کرنے، بنیادی ڈھانچے کی اہم ترقی کو تیز کرنے  اور اپنی آپریشنل تیاری کو بڑھانے کا اختیار دیا ہے۔

بی آر او صنفی مساوات اور شمولیت کو فروغ دینے، خواتین کو کلیدی رول اور مواقع فراہم کرنے میں سب سے آگے رہی ہے۔ کرنل پوننگ ڈومنگ جیسے افسران مشرقی لداخ میں اہم پروجیکٹوں کی قیادت کر رہے ہیں۔ اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر (سول) محترمہ نکیتا چودھری نے سیلا ٹنل پروجیکٹ کی کامیابی  کے ساتھ تکمیل میں    ایک اہم رول ادا کیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ا گ۔ن ا۔

U-6799

                          



(Release ID: 2019854) Visitor Counter : 49