صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدرجمہوریہ  ہند نے سنٹرل یونیورسٹی آف ہماچل پردیش کے 7ویں  جلسہ تقسیم اسناد میں شرکت کی

Posted On: 06 MAY 2024 4:38PM by PIB Delhi

صدر  جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (6 مئی 2024) دھرم شالہ میں سنٹرل یونیورسٹی آف ہماچل پردیش کے 7ویں جلسہ تقسیم اسناد میں شرکت کی اور اس سے  خطاب کیا۔

اس موقع پر  خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ تبدیلی فطرت کا قانون ہے۔ لیکن، تبدیلی کی رفتار ماضی میں اتنی تیز نہیں تھی۔ آج ہم چوتھے صنعتی انقلاب کے دور میں ہیں۔ مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ جیسے نئے شعبے تیزی سے ابھر رہے ہیں۔ تبدیلی کی رفتار اور شدت دونوں بہت زیادہ ہیں، جس کی وجہ سے ٹیکنالوجی اور مطلوبہ مہارتیں بہت تیزی سے بدل رہی ہیں۔ 21ویں صدی کے آغاز میں کوئی نہیں جانتا تھا کہ اگلے 20 یا 25 سالوں میں لوگوں کو کس قسم کی مہارتوں کی ضرورت ہوگی۔ اسی طرح، بہت سی موجودہ مہارتیں مستقبل میں مزید کارآمد نہیں ہوں گی۔ اس لیے ہمیں مسلسل نئے ہنر کو اپنانا ہوگا۔ ہماری توجہ لچکدار ذہنوں کی نشوونما پر ہونی چاہیے تاکہ نوجوان نسل تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ہو سکے۔ ہمیں طلباء میں تجسس اور سیکھنے کی خواہش کو مضبوط کرنا ہے تاکہ وہ 21ویں صدی کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہو سکیں۔

صدر جمہوریہ نے اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ایسی ہونی چاہیے جو طلبا کو تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ خود کفیلی اور ان کے کردار  اور شخصیت کی تعمیر کرے۔ تعلیم کا مقصد طلبا میں اپنی ثقافت، روایت اور تہذیب کے بارے میں بیداری لانا بھی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس سلسلے میں اساتذہ کا رول بہت اہم ہوتا ہے۔ ان کے کام کا دائرہ صرف درس و تدریس تک محدود نہیں ہے اور ان پر ملک کے مستقبل کی تعمیر کی بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

صدر جمہوریہ  نے کہا کہ ہماری توجہ ’کیا سیکھنا ہے‘ کے ساتھ ساتھ ’کیسے سیکھنا ہے‘ پر  بھی ہونی چاہیے۔ انہوں نے  کہاکہ جب طلباء آزادانہ طور پر، بغیر کسی دباؤ کے سیکھتے ہیں، تو ان کی تخلیقی صلاحیتوں اور تخیل کی پرواز ملتی ہے۔ اس صورت میں وہ تعلیم کو محض معاش کا مترادف نہیں سمجھتے بلکہ، وہ اختراع کرتے ہیں، مسائل کا حل تلاش کرتے ہیں اور تجسس کے ساتھ سیکھتے ہیں۔

صدر جمہوریہ نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر شخص میں اچھائی اور برائی دونوں کی صلاحیت ہوتی ہے۔ انہوں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ ذہن میں رکھیں کہ چاہے وہ کتنے ہی مشکل حالات میں کیوں نہ ہوں، انہیں کبھی بھی برائی کو اپنے اوپر حاوی نہیں ہونے دینا چاہیے۔ انہیں ہمیشہ اچھائی کا ساتھ دینا چاہیے۔ انہوں نے  طلبا سے اپیل کی کہ وہ ہمدردی، ایمانداری اور حساسیت جیسی انسانی اقدار کو اپنا آئیڈیل بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدار کی بنیاد پر وہ کامیاب اور بامقصد زندگی گزار سکتے ہیں۔

صدر نے  جمہوریہ کہا کہ نوجوانوں میں ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ وہ ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم کو پورا کرنے کے لیے سب سے اہم کڑی ہیں۔ اس لیے انہیں اپنے آپ کو ملک کے لیے وقف کر دینا چاہیے۔ یہ نہ صرف ان کا انسانی، سماجی اور اخلاقی فرض ہے بلکہ بطور شہری ان کا فرض بھی ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/PresidentPic06052024IJJQ.JPG

 

صدر جمہوریہ ہند کی تقریر دیکھنے کے لئے یہاں کلک کریں-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ا گ۔ن ا۔

U-6785

                         


(Release ID: 2019748)