صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

انڈین اکنامک سروس کے پروبیشنرز نے صدر جمہوریہ سے ملاقات کی

Posted On: 16 APR 2024 12:43PM by PIB Delhi

انڈین اکنامک سروس (2022 اور 2023 بیچز) کے پروبیشنرز کے ایک گروپ نے آج (16 اپریل 2024) راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ ہند، محترمہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشی ترقی ملک کی ترقی میں ایک اہم جز ہے۔ بڑی اور چھوٹی معیشتوں کے اشاریوں کو ترقی کے مفید پیمانے تصور کیا جاتا ہے۔ اس لیے حکومتی پالیسیوں اور اسکیموں کو موثر اور کارآمد بنانے میں ماہرین معاشیات کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ چونکہ ہندوستان دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے کی سمت میں  پیش قدمی کررہا ہے،اس لئے انہیں آنے والے وقت میں اپنی صلاحیتوں کو بڑھانے اور ان کا بھرپور استعمال کرنے کے بے شمار مواقع ملیں گے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ ان مواقع سے صحیح فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

صدر جمہوریہ  نے کہا کہ اقتصادی خدمات  سے وابستہ افسران سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ معاشی تجزیہ اور ترقیاتی پروگراموں کے ڈیزائن کے ساتھ ساتھ وسائل کی تقسیم کے نظام کو مضبوط بنانے اور اسکیموں کا جائزہ لینے کے لیے مناسب مشورے دیں گے۔ یہ بہت اہم ذمہ داری ہے کیونکہ ان کی طرف سے دی گئی تجاویز کی بنیاد پر پالیسیاں طے کی جائیں گی۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ اعداد و شمار کے تجزیے اور شواہد پر مبنی ترقیاتی پروگراموں کے نفاذ سے حکومت کو لوگوں کی معاشی ترقی کو تیز کرنے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان آئی ای ایس افسران کا فرض ہے کہ وہ نئے آئیڈیاز، طریقوں اور تکنیکوں کے ذریعے اپنے کام کی استعداد کار میں اضافہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی تخلیقی صلاحیتیں اس تیزی سے بدلتے ہوئے دور میں ملک کے لیے ترقی کے نئے دروازے کھولنے میں معاون ثابت ہوں گی۔

صدرجمہوریہ کو یہ جان کر خوشی ہوئی کہ 2022 اور 2023 بیچ کےآئی ای ایس  افسران میں 60 فیصد سے زیادہ خواتین افسران تھیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت سے ہندوستان کی جامع ترقی کے عزم کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے خواتین افسران پر زور دیا کہ وہ خواتین کی ہمہ جہت  ترقی کے لیے کام کریں۔

صدر جمہوریہ نے نوجوان افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے کام کاج کی جگہ پر پالیسی سے متعلق تجاویز دیتے وقت یا کوئی فیصلہ کرتے وقت ملک کے غریب اور پسماندہ طبقات کے مفاد کو ذہن میں رکھیں۔

********

  ش ح۔س ب ۔رم

U-6568  



(Release ID: 2018012) Visitor Counter : 40