صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

صدر جمہوریہ ہند نے کینسر کے لیے ہندوستان کی ملک میں تیار کردہ پہلی جین تھراپی کا آغاز کیا


قابل رسائی اور سستی سی اے آر -ٹی سیل تھیراپی پوری نوع انسانی کے لیے ایک نئی امید فراہم کرتی ہے: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو

Posted On: 04 APR 2024 2:03PM by PIB Delhi

صدر  جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (4 اپریل 2024)  آئی آئی ٹی بامبے میں کینسر کے لیے ہندوستان کی ملک میں تیار کردہ  پہلی  جین تھراپی کا آغاز کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان کی پہلی جین تھراپی کا آغاز کینسر کے خلاف ہماری جنگ میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ چونکہ علاج کی یہ لائن، جسے ’’ سی اے آر- ٹی سیل تھراپی‘‘ کا نام دیا گیا ہے، قابل رسائی اور سستی ہے، یہ پوری  نوع انسانی کے لیے ایک نئی امید فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ لاتعداد مریضوں کو نئی زندگیاں دینے میں کامیاب ہوگی۔

صدر  جمہوریہ نے کہا کہ سی اے آر- ٹی  سیل تھراپی کو طبی سائنس میں سب سے غیر معمولی پیش رفتوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ یہ کچھ عرصے سے ترقی یافتہ ممالک میں دستیاب ہے، لیکن یہ انتہائی مہنگی ہے، اور دنیا بھر میں زیادہ تر مریضوں کی پہنچ سے باہر ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ آج جو تھراپی شروع کی جا رہی ہے وہ دنیا کی سب سے سستی سی اے آر- ٹی سیل تھراپی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ’میک ان انڈیا‘ پہل کی بھی ایک مثال ہے اور  ’’آتم نر بھر بھارت‘‘ کی ایک روشن مثال ہے۔

صدر  جمہوریہ نے  اس بات پر  خوشی ظاہر کی  کہ ہندوستان کی پہلی سی اے آر- ٹی سیل تھراپی انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، بامبےاور ٹاٹا میموریل اسپتال کے درمیان  تعاون اور صنعتی پارٹنر امیونو ایکٹ کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اکیڈمیا اور انڈسٹری پارٹنرشپ کی ایک قابل تعریف مثال ہے، جس سے اسی طرح کی بہت سی مزید کوششوں کو تحریک ملنی چاہیے۔

صدر جمہوریہ  ہند نے کہا کہ آئی آئی ٹی بامبے نہ صرف ہندوستان میں بلکہ پوری دنیا میں ٹیکنالوجی کی تعلیم کے ایک ماڈل کے طور پر مشہور ہے۔ سی اے آر- ٹی سیل تھراپی تیار کرنے میں ، ٹیکنالوجی کو نہ صرف نوع  انسانی کی خدمت میں لگایا جا رہا ہے، بلکہ شراکت داری دوسرے شعبے کے ایک نامور ادارے کے ساتھ ساتھ صنعت کے ساتھ بھی رہی ہے۔ آئی آئی ٹی، بامبے کے ذریعہ  پچھلی تین دہائیوں میں تحقیق و ترقی پر توجہ مرکوز کئے جانے سے یہ ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی آئی ٹی بامبے اور اسی طرح کے دیگر اداروں کے فیکلٹی اور طلباء کی علمی بنیاد اور مہارتوں سے، مجموعی طور پر ہندوستان،  موجودہ  ٹیکنولوجیکل انقلاب سے بہت فائدہ اٹھائے گا۔

صدر جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لئے یہاں کلک کریں

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ا گ۔ن ا۔

U-6447



(Release ID: 2017159) Visitor Counter : 67