صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان کی صدر نے ہندوستانی فضائیہ کے چار یونٹوں کو پریزڈنٹس اسٹینڈرڈ اور پریزیڈنٹس کلرز پیش کیے

Posted On: 08 MAR 2024 1:07PM by PIB Delhi

ہندوستان کی صدر محترمہ دروپدی مرمو نے آج (8 مارچ 2024) ایئر فورس اسٹیشن ہنڈن (اتر پردیش) میں منعقدہ ایک تقریب میں 45 اسکواڈرن اور 221 اسکواڈرن کو پریزڈنٹس اسٹینڈرڈ (صدر کا معیار) اور 11 بیس ریپیئر ڈپو اور 509 سگنل یونٹ کو پریزیڈنٹس کلرز( صدر کے رنگ )پیش کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہمارے ملک کی حفاظت میں ہندوستانی فضائیہ کی شراکت سنہری حروف میں لکھی گئی ہے۔ فضائیہ کے جانبازوں نے 1948، 1965، 1971 اور 1999 کی جنگوں میں حیرت انگیز ہمت، لگن اور اپنے ایثارو قربانی کا مظاہرہ کیا۔  انہوں نے ملک اور بیرون ملک آفات کے دوران راحت اور بچاؤ کے کاموں میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ فرض کے تئیں لگن اور عزم جو ہمارے بہادر فضائیہ کے جوانوں نے ظاہر کیا ہے وہ تمام شہریوں کے لیے تحریک کا باعث ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ ہندوستانی فضائیہ نہ صرف ملک کی خلا کی حفاظت کر رہی ہے بلکہ ہندوستان کے خلائی پروگرام میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ فضائیہ کے تمام افسروں اور جوانوں کے لیے یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ جن چار خلابازوں کو اسرو کے گگن یان مشن کے لیے منتخب کیا گیا ہے وہ فضائیہ کے افسر ہیں۔

صدر جمہوریہ  نے کہا کہ اس تیزی سے بدلتے ہوئے دور میں سکیورٹی کے تقاضے اور ترجیحات بھی تیزی سے تبدیل ہو رہی ہیں۔ دیگر شعبوں کی طرح دفاعی شعبے میں بھی ٹیکنالوجی کا کردارزیادہ  اہم ہوتا جا رہا ہے۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ہندوستانی فضائیہ پچھلے کچھ سالوں سے جدید ٹیکنالوجی کو اپنا رہی ہے۔

صدر جمہوریہ نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر تمام خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ ہندوستانی فضائیہ کی تمام شاخوں میں خواتین کو مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہیں فضائیہ میں کیریئر بنانے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ آنے والے وقت میں زیادہ سے زیادہ لڑکیاں فضائیہ میں شامل ہو کر ملک کی خدمت کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فضائیہ میں خواتین کی بڑھتی ہوئی نمائندگی اس فورس کو مزید جامع بنائے گی۔

صدر کی تقریر دیکھنے کے لیے برائے مہربانی یہاں کلک کریں-

 

*************

 ( ش ح ۔ ا ک۔ رب (

U. No.5858

 


(Release ID: 2012682) Visitor Counter : 85