کابینہ

کابینہ نے پی ایم- سوریہ گھر:ایک کروڑ گھروں میں چھت پر شمسی بجلی لگانے کے لیےمفت بجلی یوجنا کو منظوری دی

Posted On: 29 FEB 2024 3:38PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ نے چھت پر شمسی بجلی لگانے اور ایک کروڑ گھروں کے لیے ہر ماہ 300یونٹ تک مفت بجلی فراہم کرنے کے لیے کل 75,021 کروڑ روپے کی لاگت والی پی ایم-سوریہ گھر:مفت بجلی یوجنا کو منظوری دے دی ہے۔ وزیر اعظم نے 13 فروری 2024 کو اسکیم کا آغاز کیا تھا۔

اسکیم کی اہم جھلکیاں یہ ہیں:

رہائشی چھتوں پر شمسی بجلی کے لیے مرکزی مالی امداد (سی ایف اے)

  1. یہ اسکیم2 کلو واٹ سسٹمز کے لیے سسٹم لاگت کا 60فیصد اور 2 سے 3 کلو واٹ کی صلاحیت کے درمیان سسٹمز کے لیے اضافی سسٹم لاگت کا 40فیصد مرکزی مالی امداد( سی ایف اے) فراہم کرتی ہے۔ سی ایف اے کی حد 3 کلو واٹ ہوگی۔ موجودہ بینچ مارک قیمتوں پر یہ ایک کلو واٹ سسٹم کے لیے30,000 روپے، 2 کلو واٹ سسٹمز کے لیے 60,000 روپے اور 3 کلو واٹ یا اس سے زیادہ کے سسٹمز کے لیے 78,000 روپے سبسڈی ہوگی۔
  2. گھروالے سبسڈی کے لیے نیشنل پورٹل کے ذریعے درخواست دیں گے اور چھت پرشمسی بجلی لگانے کے لیے مناسب وینڈر کا انتخاب کر سکیں گے۔ نیشنل پورٹل گھروں کو ان کے فیصلہ سازی کے عمل میں متعلقہ معلومات فراہم کر کے مدد کرے گا، جیسے کہ مناسب نظام کے سائز، فوائد کیلکولیٹر، وینڈر کی درجہ بندی وغیرہ۔
  3. گھر والے 3 کلو واٹ تک کے رہائشی آر ٹی ایس سسٹم کی تنصیب کے لیے فی الوقت تقریباً7فیصد کے ضمانت سے مبرا کم سود والے قرض کی مصنوعات تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

اسکیم کی دیگر خصوصیات

  1. ملک کے ہر ضلع میں ایک ماڈل سولر ویلج تیار کیا جائے گا، تاکہ دیہی علاقوں میں چھت پر شمسی بجلی کو اپنانے کے لیے رول ماڈل کے طور پر کام کیا جا سکے۔
  2. بلدیاتی اداروں اور پنچایتی راج ادارے بھی اپنے علاقوں میں آر ٹی ایس تنصیبات کو فروغ دینے کے لیے مراعات سے مستفید ہوں گے۔

یہ اسکیم قابل تجدید توانائی سروس کمپنی(آر ای ایس سی او)پر مبنی ماڈلز کے لیے ادائیگی کے تحفظ کے لیے ایک جزو فراہم کرتی ہے اور ساتھ ہی آر ٹی ایس میں جدید منصوبوں کے لیے فنڈ فراہم کرتی ہے۔

نتیجہ اور اثر

اس اسکیم کے ذریعے گھرانے بجلی کے بلوں کو بچانے کے ساتھ ساتھ ڈسکام کو اضافی بجلی کی فروخت کے ذریعے اضافی آمدنی حاصل کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔ 3 کلو واٹ کا نظام ایک گھرکے لیے اوسطاً 300 سے زائد یونٹس ماہانہ پیدا کر سکے گا۔

مجوزہ اسکیم کے نتیجے میں رہائشی سیکٹر میں چھت پر شمسی بجلی کے ذریعے30 گیگا واٹ شمسی صلاحیت کے علاوہ 1000بی یو بجلی پیدا ہوگی اور چھتوں کے نظام کی25 سالہ زندگی میں720 ملین ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مساوی اخراج میں کمی آئے گی۔

ایک اندازے کے مطابق اس اسکیم سے مینوفیکچرنگ، لاجسٹکس، سپلائی چین، سیلز، انسٹالیشن،او اینڈ ایم اور دیگر خدمات میں تقریباً 17 لاکھ براہ راست ملازمتیں پیدا ہوں گی۔

پی ایم- سوریہ گھر کے فوائد حاصل کرنا:مفت بجلی یوجنا

حکومت نے اس اسکیم کے آغاز کے بعد سے بیداری پیدا کرنے اور دلچسپی رکھنے والے گھروں سے درخواستیں تیار کرنے کے لیے ایک بڑے پیمانے پر مہم شروع کی ہے۔ اسکیم کے تحت فوائد حاصل کرنے کے لیے گھر والے خود کو https://pmsuryaghar.gov.in پر رجسٹر کر سکتے ہیں۔

************

ش ح۔ ح ا۔ن ع

U. No.5526



(Release ID: 2010257) Visitor Counter : 80