صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

صدر جمہوریہ ہند نے رائے دہندگان کے 14ویں قومی دن کی تقریبات میں شرکت کی

Posted On: 25 JAN 2024 1:46PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (25 جنوری 2024) نئی دہلی میں 14ویں قومی یوم رائے دہندگان کی تقریبات میں شرکت کی اور خطاب کیا۔ اس موقع پر صدر جمہوریہ نے ریاستی اور ضلعی سطح کے افسران کو 2023 کے انتخابات کے انعقاد میں شاندار کارکردگی کے لیے سال 2023 کے لیے بہترین انتخابی طرز عمل کے ایوارڈ پیش کیے۔ سرکاری محکموں اور میڈیا تنظیموں سمیت اہم اسٹیک ہولڈروں کو بھی ووٹروں کی آگاہی میں ان کے گراں قدر تعاون کے لیے ایوارڈز پیش کیے گئے۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہماری جمہوریت کی وسعت اور تنوع ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ ہماری جمہوریت کے شاندار سفر میں الیکشن کمیشن نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اب تک 17 عام انتخابات اور 400 سے زیادہ اسمبلی انتخابات کرائے ہیں۔ انہوں نے منصفانہ اور جامع انتخابی عمل کو یقینی بنانے پر الیکشن کمیشن کی موجودہ اور سابقہ ٹیموں کی تعریف کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے ملک کے انتخابی عمل میں جدید ٹیکنالوجی کا بڑے پیمانے پر کامیاب استعمال دنیا کے تمام جمہوری ممالک کے لیے ایک مثال ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کو انتخابی عمل سے متعلق تمام سرگرمیوں میں ممکنہ حد تک مزید بڑھایا جائے گا۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ملک کے تمام حصوں میں رہنے والے ووٹروں کے لیے انتظامات کرنا آسان نہیں ہے۔ ہر قسم کے چیلنجوں کے باوجود الیکشن کمیشن کی ٹیم اس مشکل کام کو انجام دیتی ہے۔ یہ ہماری جمہوریت کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے ان لوگوں کے لیے گھر بیٹھے ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کرنے کی تعریف کی جو پولنگ اسٹیشن نہیں جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ان کوششوں نے ہمارے ملک کے انتخابی عمل کو مزید جامع بنا دیا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے نوجوان ہماری جمہوریت کے مستقبل کے رہنما ہیں۔ انہوں نے الیکٹر فوٹو شناختی کارڈ حاصل کرنے والے نوجوان ووٹروں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ حق ملنے کے بعد ان کی ذمہ داریاں بھی بڑھ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجود نوجوان رائے دہندگان ملک کے کروڑوں نوجوانوں کے نمائندے ہیں جو سال 2047 کے سنہرے ہندوستان کی تعمیر میں فیصلہ کن رول ادا کریں گے۔

صدر جمہوریہ نے چیف الیکشن کمشنر جناب راجیو کمار سے ”عام انتخابات 2024 کے لیے ای سی آئی کے اقدامات“ کی پہلی کاپی حاصل کی۔

نیشنل ووٹرز ڈے 2011 سے ہر سال 25 جنوری کو الیکشن کمیشن آف انڈیا کے یوم تاسیس کے موقع پر منایا جاتا ہے۔ نیشنل ووٹرز ڈے منانے کا بنیادی مقصد شہریوں میں انتخابی بیداری پیدا کرنا اور انہیں انتخابی عمل میں حصہ لینے کی ترغیب دینا ہے۔ ’ووٹنگ جیسا کچھ نہیں، میں یقینی طور پر ووٹ دیتا ہوں‘ قومی یوم رائے دہندگان 2024 کا موضوع ہے۔

صدر جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے براہ کرم یہاں کلک کریں –

*********

ش ح۔ ف ش ع- م ف

U: 4017



(Release ID: 1999551) Visitor Counter : 72