وزیراعظم کا دفتر
تمل ناڈو کے تروچراپلی میں ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھے جانے اور افتتاح کئے جانے کے موقع پر وزیر اعظم کے خطاب کا متن
Posted On:
02 JAN 2024 3:10PM by PIB Delhi
بھارت ماتا کی جے!
بھارت ماتا کی جے!
بھارت ماتا کی جے!
تمل ناڈو کے گورنر جناب آر این روی جی، وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن جی، مرکزی کابینہ کے میرے ساتھی جیوتر آدتیہ سندھیا جی اور اسی سر زمین سے تعلق رکھنے والے میرے ساتھی ایل مروگن جی، تمل ناڈو حکومت کے وزراء، ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی اور تمل ناڈو کے میرے پریوار جنوں!
ونکّم!
ییند تمل کڑمبمے، مدلل انگل انے ورکّم 2024پتّانڈ نل والتھکّل
میری خواہش ہے کہ سال 2024 ء سبھی کے لئے پر امن اور خوشحالی کا باعث ہو۔ میرے لئے یہ خوشی کی بات ہے کہ سال 2024 ء میں ، میرا پہلا عوامی پروگرام تمل ناڈو میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ آج کے تقریباً 20 ہزار کروڑ روپے کی مالیت کے ترقیاتی پروجیکٹ تمل ناڈو کی ترقی کو مستحکم کریں گے۔ ان پروجیکٹوں میں روڈویز، ریلویز ، بندرگاہیں، ہوائی اڈّے، توانائی سے متعلق پروجیکٹ اور ایک پیٹرولیم پائپ لائن شامل ہے ۔ میں ان پروجیکٹوں کے لئے آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ان میں سے کئی پروجیکٹ سفر میں آسانی کو فروغ دیں گے اور روزگار کے ہزاروں مواقع بھی پیدا کریں گے۔
ساتھیو ،
سال 2023 ء کے آخری چند ہفتے تمل ناڈو کے بہت سے لوگوں کے لیے مشکل تھے۔ شدید بارشوں کی وجہ سے ہم نے اپنے بہت سے ہم وطنوں کو کھو دیا۔ املاک کا بھی کافی نقصان ہوا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کی حالت دیکھ کر ، میں بہت متاثر ہوا۔ مرکزی حکومت ، مصیبت کی اس گھڑی میں تمل ناڈو کے لوگوں کے ساتھ ہے۔ ہم ریاستی حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ،محض چند روز قبل، ہم نے تھرو وجے کانت جی کو کھو دیا۔ وہ نہ صرف سنیما کی دنیا میں ،بلکہ سیاست میں بھی کپتان تھے۔ انہوں نے فلموں میں اپنے کام سے لوگوں کے دل جیتےتھے۔ بطور سیاستداں ، انہوں نے ہمیشہ ملک کے مفاد کو ہر چیز پر مقدم رکھا۔ میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ میں ان کے اہل خانہ اور مداحوں سے بھی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
ساتھیو ،
آج، جب میں یہاں ہوں، میں تمل ناڈو کے ایک اور فرزند ڈاکٹر ایم ایس سوامی ناتھن جی کو بھی یاد کرتا ہوں۔ انہوں نے ہمارے ملک کے لیے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ ہم نے انہیں بھی پچھلے سال کھو دیا تھا۔
ییند تمل کڑمبمے،
آزادی کا امرت کال، یعنی آنے والے 25 سال بھارت کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے اہم ہیں۔ جب میں ترقی یافتہ بھارت کی بات کرتا ہوں ، تو اس میں معاشی اور ثقافتی ، دونوں پہلو شامل ہیں۔ اس لیے میں اس میں ، تمل ناڈو کا خاص رول دیکھتا ہوں ۔ تمل ناڈو بھارت کی خوشحالی اور ثقافتی وراثت کا عکاس ہے۔ تمل ناڈو کے پاس ، تمل زبان اور علم کا قدیم خزانہ ہے۔ سنت تروولّوور سے لے کر سبرامنیا بھارتی تک، بہت سے سنتوں اور گیانیوں نے شاندار ادب لکھا ہے۔ سی وی رمن سے لے کر آج تک ، اس مٹی نے بہت سے حیرت انگیز سائنسی اور ٹیکنا لوجی والے ذہن پیدا کیے ہیں۔ اس لیے ، جب بھی میں تمل ناڈو آتا ہوں، میں نئی توانائی سے بھر جاتا ہوں۔
ییند کڑمبمے،
تروچیراپلی شہر میں ، اس کی بھرپور تاریخ کے ثبوت ہر قدم پر نظر آتے ہیں۔ یہاں ہم مختلف خاندانوں جیسے پالوا، چولا، پانڈیا اور نائک کی گڈ گورننس کا نمونہ دیکھتے ہیں۔ میرے بہت سے تمل دوست ہیں ۔ میں ، ان کے بہت قریب رہا ہوں اور مجھے ان سے تمل ثقافت کے بارے میں بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔ میں دنیا میں ، جہاں بھی جاتا ہوں ، تمل ناڈو پر بات کیے بغیر نہیں رہ سکتا۔
ساتھیو ،
میری کوشش ہے کہ تمل ناڈو سے ملنے والے ثقافتی تحریک کو ، ملک کی ترقی اور وراثت میں مسلسل بڑھایا جائے۔ آپ نے دیکھا ہے کہ دلّی میں پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں مبارک سینگول نصب کیا گیا ہے۔ یہ گڈ گورننس کے ، اس ماڈل سے تحریک لینے کی کوشش ہے ، جو تمل روایت نے پورے ملک کو دیا ہے۔ کاشی-تمل سنگم، سوراشٹر-تمل سنگم جیسی مہموں کا مقصد بھی یہی ہے۔ جب سے یہ مہم شروع ہوئی ہے، پورے ملک میں تمل زبان اور تمل ثقافت کے بارے میں جوش و خروش بڑھ گیا ہے۔
ییند کڑمبمے،
بھارت نے پچھلے 10 سالوں میں جدید بنیادی ڈھانچے میں بڑی سرمایہ کاری کی ہے۔ روڈ - ریل ہو، بندرگاہ - ہوائی اڈہ ہو، غریبوں کے گھر ہوں یا اسپتال، آج بھارت فزیکل اور سوشل بنیادی ڈھانچے میں بے مثال سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ آج بھارت ، دنیا کی پانچ بڑی معیشتوں میں شامل ہے۔ آج بھارت پوری دنیا کے لیے ایک نئی امید بن کر ابھرا ہے۔ بڑے بڑے سرمایہ کار ، بھارت میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ اور تمل ناڈو اور تمل ناڈو کے لوگوں کو بھی ، اس کا براہ راست فائدہ مل رہا ہے۔ تمل ناڈو میک ان انڈیا کا بڑا برانڈ ایمبیسیڈر بن رہا ہے۔
ییند کڑمبمے،
ہماری حکومت ، ریاست کی ترقی کے ذریعے ملک کی ترقی کے منتر پر عمل پیرا ہے۔ پچھلے ایک سال میں مرکزی حکومت کے 40 سے زیادہ مختلف وزراء نے 400 سے زیادہ بار تمل ناڈو کا دورہ کیا ہے۔ جب تمل ناڈو تیزی سے ترقی کرے گا تو بھارت بھی تیزی سے ترقی کرے گا۔ کنکٹیویٹی بھی ترقی کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ اس سے تجارت اور کاروبار میں اضافہ ہوتا ہے اور لوگوں کو سہولت بھی ملتی ہے۔ آج ہم یہاں تروچراپلی میں ترقی کا وہی جذبہ دیکھ رہے ہیں۔ تریچی بین الاقوامی ہوائی اڈے کا نیا ٹرمینل ، اس کی گنجائش میں 3 گنا اضافہ کرے گا۔ اس سے تریچی کا مشرقی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور ملک اور دنیا کے دیگر حصوں کے ساتھ رابطہ مزید مضبوط ہوگا۔ اس سے تریچی اور آس پاس کے علاقوں سمیت بڑے علاقے میں سرمایہ کاری اور نئے کاروبار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ یہاں تعلیم، صحت اور سیاحت کے شعبوں کو کافی تقویت ملے گی۔ یہاں نہ صرف ہوائی اڈے کی گنجائش میں اضافہ ہوا ہے بلکہ اسے قومی شاہراہ سے جوڑنے والی ایلیویٹیڈ سڑک بھی بڑی سہولت فراہم کرے گی۔ مجھے خوشی ہے کہ تریچی ہوائی اڈہ ، پوری دنیا کو مقامی فن ثقافت اور تمل روایت سے متعارف کرائے گا۔
ییند کڑمبمے،
آج تمل ناڈو کے ریل رابطے کو مضبوط بنانے کے لیے 5 نئے پروجیکٹ شروع کیے جا رہے ہیں۔ اس سے نہ صرف سفر اور آمدورفت آسان ہو جائے گی بلکہ اس علاقے میں صنعت اور بجلی کی پیداوار کو بھی فروغ ملے گا۔ آج افتتاح کیے گئے سڑک پروجیکٹ سری رنگم، چدمبرم، مدورائی، رامیشورم، ویلور جیسے اہم مقامات کو جوڑتے ہیں۔ یہ ہماری عقیدت ، روحانیت اور سیاحت کے بڑے مراکز ہیں۔ اس سے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ تیرتھ یاتریوں کو بھی بڑی سہولت فراہم ہو گی۔
ییند کڑمبمے،
گزشتہ 10 سالوں میں مرکزی حکومت نے بندرگاہوں کی ترقی پر بہت زیادہ توجہ مرکوز کی ہے۔ ہم نے ساحلی بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے اور ماہی گیروں کی زندگیوں کو بدلنے کے لیے کافی کام کیا ہے۔ پہلی بار ، ہم نے ماہی پروری کے لیے الگ وزارت اور الگ بجٹ بنایا ہے۔ پہلی بار کسان کریڈٹ کارڈ کی سہولت ماہی گیروں کو بھی فراہم کی گئی ہے۔ حکومت ، ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں ماہی گیری کے لیے کشتیوں کو جدید بنانے کے لیے بھی مدد فراہم کر رہی ہے۔ پی ایم متسیہ سمپدا یوجنا مچھلی کے کاروبار سے وابستہ لوگوں کو بڑی مدد فراہم کر رہی ہے۔
ییند کڑمبمے،
آج ساگرمالا اسکیم کے ذریعے تمل ناڈو سمیت ملک کی مختلف بندرگاہوں کو اچھی سڑکوں سے جوڑا جا رہا ہے۔ آج، مرکزی حکومت کی کوششوں کی وجہ سے، بھارت کی بندرگاہ کی صلاحیت اور جہازوں کے ٹرن اراؤنڈ ٹائم میں کافی بہتری آئی ہے۔ کامراجار بندرگاہ بھی آج ملک کی تیز ترین ترقی پذیر بندرگاہوں میں سے ایک ہے۔ ہماری حکومت نے ، اس بندرگاہ کی صلاحیت کو تقریباً دوگنا کر دیا ہے۔ اب جنرل کارگو برتھ ٹو اور کیپٹل ڈریجنگ فیز فائیو کا افتتاح تمل ناڈو سے در آمدات اور بر آمدات کو نئی طاقت فراہم کرے گا ، خاص طور پر یہ آٹوموبائل سیکٹر میں تمل ناڈو کی صلاحیتوں کو وسعت دے گا۔ نیوکلیئر ری ایکٹر اور گیس پائپ لائنوں سے تمل ناڈو میں صنعت اور روزگار کو بھی فروغ ملے گا۔
ییند کڑمبمے،
آج مرکزی حکومت ، تمل ناڈو کی ترقی پر ریکارڈ رقم خرچ کر رہی ہے۔ 2014 ء سے پہلے کے 10 سالوں میں مرکزی حکومت نے ریاستوں کو صرف 30 لاکھ کروڑ روپے دیے تھے ، جب کہ ہماری حکومت نے پچھلے 10 سالوں میں ریاستوں کو 120 لاکھ کروڑ روپے دیے ہیں۔ 2014 ء سے پہلے کے 10 سالوں میں ہماری حکومت نے تمل ناڈو کو مرکزی حکومت سے ملنے والی رقم سے ڈھائی گنا زیادہ رقم دی ہے۔ پہلے کے مقابلے ہماری حکومت نے تمل ناڈو میں نیشنل ہائی وے بنانے کے لیے 3 گنا زیادہ رقم خرچ کی ہے۔ ہماری حکومت تمل ناڈو میں ریلوے کو جدید بنانے کے لیے پہلے سے ڈھائی گنا زیادہ خرچ کر رہی ہے۔ آج تمل ناڈو کے لاکھوں غریب خاندان مرکزی حکومت سے مفت راشن اور مفت علاج حاصل کر رہے ہیں۔ ہماری حکومت نے ، یہاں کے لوگوں کو بہت سی سہولیات فراہم کی ہیں ، جیسے پکا مکان، بیت الخلا، نل کا کنکشن، گیس کنکشن وغیرہ۔
ییند کڑمبمے،
ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کے لیے ہر ایک کی کوشش ضروری ہے۔ مجھے تمل ناڈو کے لوگوں اور اس کے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔ میں تمل ناڈو کے نوجوانوں میں ایک نئی سوچ اور نئے جوش کو ابھرتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔ یہ جوش و جذبہ ترقی یافتہ بھارت کی توانائی بن جائے گا۔ ایک بار پھر آپ سب کو آپ کے ترقیاتی کاموں کی بہت بہت مبارکباد۔
بھارت ماتا کی جے!
بھارت ماتا کی جے!
بھارت ماتا کی جے!
ونکّم!
*************
( ش ح ۔ا گ ۔ ع ا (
U. No.3180
(Release ID: 1992420)
Visitor Counter : 118
Read this release in:
English
,
Marathi
,
Hindi
,
Manipuri
,
Bengali
,
Assamese
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam