صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

صدر جمہوریہ ہند نے راشٹر سنت تکڈوجی مہاراج ناگپور یونیورسٹی کے 111ویں جلسہ تقسیم اسناد میں شرکت کی

Posted On: 02 DEC 2023 12:32PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (2 دسمبر 2023 کو) مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں راشٹر سنت تکڈوجی مہاراج ناگپور یونیورسٹی کے 111ویں جلسہ تقسیم اسناد میں شرکت کی۔

اس موقع پر صدر جمہوریہ نے کہا کہ تحقیق اور اختراع کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ راشٹر سنت تکڈوجی مہاراج ناگپور یونیورسٹی تحقیق، اختراعات اور تکنالوجی کی ترقی کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی کے فیکلٹی اراکین کو انڈین پیٹنٹ آفس نے 60 سے زائد پیٹنٹ دیے ہیں۔ یونیورسٹی میں طلباء کے درمیان اسٹارٹ اپ کلچر کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک انکیوبیشن سینٹر ہے۔ انہوں نے طلباء اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ مقامی مسائل اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیق اور اختراعات کریں اور ان اختراعات کو عملی جامہ پہنائیں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج پوری دنیا ایک گلوبل ولیج ہے۔ کوئی ادارہ دنیا سے کٹ کر نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے ناگپور یونیورسٹی سے اپیل کی کہ وہ بین ضابطہ تعلیم اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تحقیق اور اختراعات کو ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرکے ہی ہم دنیا کو درپیش چنوتیوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

تکنالوجی کے استعمال کے بارے میں بات کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ کسی بھی وسائل کا صحیح یا غلط استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہی حقیقت تکنالوجی پر بھی لاگو ہوتی ہے۔ اگر ہم اس کا صحیح استعمال کریں گے تو یہ ملک اور معاشرے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی اور اگر ہم اس کا غلط استعمال کریں گے تو یہ انسانیت کے لیے نقصان دہ ہوگی۔ آج مصنوعی ذہانت کا استعمال ہماری زندگیوں کو آسان بنا رہا ہے۔ لیکن ’ڈیپ فیک ‘ جیسی تکنالوجی کا استعمال معاشرے کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخلاقی تعلیم ہی ہماری رہنمائی کر سکتی ہے۔

صدر جمہوریہ نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسمی ڈگری حاصل کرنا تعلیم کا مکمل ہونا نہیں ہے۔ انہیں متجسس رہنا چاہئے اور سیکھتے رہنا چاہئے۔ آج جب تکنالوجی کے میدان میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں ، ایسے میں یہ اور بھی ضروری ہوگیا ہے کہ ہم سیکھنے کا عمل مسلسل جاری رکھیں۔

صدر جمہوریہ نے طلباء سے کہا کہ وہ قوم اور معاشرے کا اثاثہ ہیں۔ بھارت کا مستقبل ان کے کندھوں پر ہے۔ ان کی زندگی میں مشکل حالات آسکتے ہیں لیکن ان سے ڈرنا نہیں چاہئے۔ انہوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے علم اور خوداعتمادی کے ساتھ ان حالات کا مقابلہ کریں، اپنے عزیزوں سے جڑے رہیں اور اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ رکھیں۔

صدر جمہوریہ کی تقریر ملاحظہ کرنے کے لیے براہِ کرم یہاں کلک کریں۔

**********

 

 

 (ش ح –ا ب ن۔ م ف)

U.No:1691



(Release ID: 1981863) Visitor Counter : 68