وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

این سی سی نے اپنے یوم تاسیس کی 75ویں سالگرہ منائی؛ دفاعی سکریٹری  نے قومی جنگی میموریئل میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا


زیر تربیت لڑکیوں پر مشتمل بینڈ نے اس موقع پر حب الوطنی کے نغمے پیش کیے

Posted On: 25 NOV 2023 11:21AM by PIB Delhi

نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی)، جو کہ دنیا کی سب سے بڑی باوردی نوجوانوں کی  تنظیم  ہے اور جس کا قیام 1948 میں عمل میں آیا، وہ 26 نومبر 2023 کو اپنی 75ویں سالگرہ منائے گی ، جس سے نوجوانوں کے اندر نظم و ضبط، قیادت اور غیر متزلزل حب الوطنی جیسے اصولوں کی اہمیت کا احساس پیدا کرکے ان کو تربیت فراہم کرانے سے متعلق اس تنظیم کے ورثے کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔ اس اہم سنگ میل کی یاد میں، دفاع کے سکریٹری جناب گریدھر ارمانے  نے 25 نومبر 2023 کو قومی جنگی میمویئل، نئی دہلی میں پوری این سی سی برادری کی جانب سے شہید ہونے والے سورماؤں کو گلہائے عقیدت نذر کیے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

تعمیر ملک میں این سی سی کے غیر معمولی تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے، دفاع کے  سکریٹری جناب گریدھر ارمانے نے کہا، ’’این سی سی نے آج ایک غیر معمولی سنگ میل حاصل کیا ہے۔ ان 75 برسوں میں، یہ ممتاز تنظیم اپنے اصولوں پر سختی کے ساتھ قائم رہی اور نوجوانوں کے درمیان اتحاد اور نظم و ضبط کا مظہر بن کر ابھری۔‘‘ انہوں نے این سی سی کی برادری کو ان کی بے شمار حصولیابیوں کے لیے مبارکباد دی اور انہیں ان کی مستقبل کی کوششوں کے لیے تمام تر تعاون کی یقین دہانی  کرائی۔

اس تقریب کے ایک جزو کے طور پر، کملا نہرو کالج نئی دہلی کی این سی سی کی 26 باصلاحیت لڑکیوں کے ایک  بینڈ نے حب الوطنی کے نغمے گاکر اس اہم موقع پر جوش اور دیش بھکتی کے جذبات میں اضافہ کیا۔

این سی سی کو گذشتہ دہائی کے دوران تعمیر ملک میں اپنے ذریعہ ادا کیے گئے اہم کردار پر ازحد فخر ہے۔ اس نے این سی سی کے لاکھوں کیڈٹوں کی تربیت کاری ، ان کے اندر فرض کی ادائیگی کا احساس پیدا کرنے اور ملک کے لیے مستقبل کے قائدین تیار کرنے میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔

سماجی ترقی، تباہکاری سے راحت، ماحولیاتی تحفظ اور کمیونٹی سروس جیسی متنوع پہل قدمیوں میں فعالیت کے ساتھ حصہ لیتے ہوئے، این سی سی نے سماجی تانے بانے پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ اس تقریب کے لیے تیاری کے سلسلے میں این سی سی نے بھارت کو ’کوڑا کرکٹ سے مبرا ‘بنانے کے مقصد سے مختلف اثرانگیز تقریبات  پر مشتمل صفائی ستھرائی سے متعلق بیداری کی  دو ہفتے چلنے والی کل ہند مہم ’سووَچھتا ہی سیوا‘ کی قیادت کی۔اسی طرح، 15 لاکھ سے زائد کیڈٹوں نے یکم اکتوبر 2023 کو ایک گھنٹے کے لیے ’شرمدان‘ سرگرمیوں میں حصہ لے  کر اس کاز کے لیے اپنا تعاون دیا۔

75ویں سالگرہ کے اس تاریخی موقع پر، این سی سی سماج اور تعمیر ملک کے لیے مستقبل میں اپنا تعاون پیش کرنے والے قائدین تیار کرنے کے اپنے عزم کو لے کر پابند عہد ہے۔ اس موقع پر، ملک بھر میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے جن میں خون کے عطیے کی مہم، گلہائے عقیدت نذر کرنے سے متعلق تقریبات، ثقافتی پروگرام، بیداری مہمات شامل ہیں جن کے ذریعہ این سی سی کی حصولیابیوں اور اس کے اقدار کو اجاگر کیا جائے گا۔

***

(ش ح –ا ب ن۔ م ف)

U.No:1403



(Release ID: 1979689) Visitor Counter : 107