ریلوے کی وزارت

بھارتی  ریلوے 16 نومبر کو دلی سے شمال مشرقی ریاستوں کا ٹور کرنے  کے لیے بھارت گورو ٹرین چلائے گی


بھارت   کے شمال مشرق میں آسام، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، تریپورہ اور میگھالیہ کے ٹور کے لیے آئی آر سی ٹی سی کی خصوصی  پیشکش

انتہائی مطلوب ٹرین ٹور ‘‘نارتھ ایسٹ ڈسکوری’’ 16 نومبر 2023 کو دلی کے صفدرجنگ ریلوے اسٹیشن سے 14 رات / 15 دن کے سفر کے لیے روانہ ہونے کے لیے پوری طرح تیار ہے

اے سی I، اے سی   II اور اے سی   III  درجہ  والی جدید ترین ڈیلکس اے سی ٹورسٹ ٹرین 204 سیاحوں کو لے جا سکے گی

جن مقامات کا احاطہ کیا گیا ہے ان میں آسام میں گوہاٹی، سیوساگر، جورہاٹ اور قاضی رنگا، تریپورہ میں اناکوٹی، اگرتلہ اور ادے پور، ناگالینڈ میں دیما پور اور کوہیما اور میگھالیہ میں شیلانگ اور چیراپنجی شامل ہیں

سیاح، اس ٹورسٹ ٹرین میں غازی آباد، علی گڑھ، ٹنڈلا، کانپور اور لکھنؤ ریلوے اسٹیشن پر سوار بھی ہو سکتے ہیں اور اتر بھی سکتے ہیں

Posted On: 01 NOV 2023 3:16PM by PIB Delhi

ریلوے کی وزارت، آئی آر سی ٹی سی لمیٹڈ کے ساتھ ایک مشترکہ پہل میں، بھارت   کی شمال مشرقی ریاستوں کو فروغ دینے کے لیے ‘‘نارتھ ایسٹ ڈسکوری’’ ٹور چلانے والی ہے۔  شمال مشرقی ریاستیں نسبتاً  ایسے علاقے ہیں جہاں کا سفر غیر ممکن تصور کیا جاتا ہے۔  بھارت گورو ڈیلکس اے سی ٹورسٹ ٹرین کا خصوصی طور پر تیار کردہ ٹور 16 نومبر 2023 کو دلی کے  صفدرجنگ ریلوے اسٹیشن سے اپنے سفر کا آغاز کرے گا۔ اس ٹور میں آسام میں گوہاٹی، سیوساگر، جورہاٹ اور قاضی رنگا، تری پورہ میں اونا کوٹی، اگرتلہ اور ادے پور  اور ناگالینڈ میں  دیماپور اور کوہیما اور میگھالیہ میں شیلانگ اور چیراپنجی کا احاطہ  15 دن کے  ٹور کے دوران کیا جائے گا۔

بھارت گورو ڈیلکس اے سی ٹورسٹ ٹرین میں بہت ساری جدید سہولیات ہیں جن میں دو ڈائننگ کاریں/ریسٹورنٹ، ایک جدید  کچن (آنچ سے پاک)، اے سی  I اور اے سی  II کوچز میں شاور کیوبیکلز، سینسر پر مبنی واش روم فنکشنز، فٹ مساجر اور ایک منی لائبریری شامل ہیں۔ مکمل طور پر ایئر کنڈیشنڈ ٹرین تین طرح  اے سی  I ،  اے سی  II اور اے سی  III کی رہائش فراہم کرتی ہے۔  اس ٹرین میں سی سی ٹی وی کیمرے، الیکٹرانک سیف اور ہر کوچ کے لیے مخصوص سیکیورٹی گارڈز جیسی حفاظتی خصوصیات کو بھی بڑھایا گیا ہے۔

14 رات اور 15 دن پر محیط اس ٹرین کا پہلا اسٹاپ گواہاٹی ہے جہاں سیاح کامکھیا مندر جائیں گے، اس کے بعد اومانند مندر اور دریائے برہم پترا پر غروب آفتاب کا نظارہ کر سکیں گے۔ یہ ٹرین مزید رات کے سفر پر نہرلاگن ریلوے اسٹیشن کے لیے روانہ ہوگی جو اگلی منزل اروناچل پردیش کی راجدھانی ایٹا نگر سے 30 کلومیٹر دور ہے۔ اگلا شہر جس کی  جانب سفر کیا جائے گا وہ ہے سیوساگر۔ سیو ساگر آسام کے مشرقی حصے میں آہوم بادشاہت کی پرانی راجدھانی ہے۔ مشہور شیو مندر سیواڈول دیگر ثقافتی مقامات  مثلاً تلتال گھر اور رنگ گھر (مشرق کا کولوزیم) کے علاوہ کے سفر کا ایک حصہ ہے۔ مزید برآں جورہاٹ کے چائے کے باغات اورقاضی رنگا میں رات کے قیام کے ساتھ ساتھ قاضی رنگا نیشنل پارک میں صبح سویرے جنگل سفاری کا بھی سیاحوں کو تجربہ کرایا جائے گا۔ بعد میں، ٹرین ریاست تریپورہ کے لیے روانہ ہوگی  جہاں سیاح گھنی جمپوئی پہاڑیوں میں اوناکوٹی کے مشہور ورثے کی جگہ کا دورہ کر سکیں گے ۔ بعد میں وہ راجدھانی اگرتلہ کے لیے روانہ ہوں گے، یہاں مشہور اجینتا محل، نیرمحل اور ادے پور میں تریپورہ سندری مندر  کا دورہ شامل ہے۔

تریپورہ کے بعد، ٹرین ریاست ناگالینڈ کا احاطہ کرنے کے لیے دیما پور کے لیے روانہ ہوگی۔ بدر پور اسٹیشن سے لمڈنگ جنکشن کے درمیان ٹرین کے خوبصورت سفر  کے دوران صبح کے اوائل میں سیاح اپنی نشستوں سے دیکھ سکتے ہیں۔ دیما پور اسٹیشن سے، سیاحوں کو بسوں کے ذریعے کوہیما لے جایا جائے گا تاکہ وہ ناگا طرز زندگی کا تجربہ کرنے کے لیے کھونوما گاؤں کی سیر سمیت مقامی مقامات کا دورہ کرسکیں۔ ٹورسٹ ٹرین کا اگلا پڑاؤ گوہاٹی ہو گا جہاں سے سیاحوں کو سڑک کے ذریعے میگھالیہ کی راجدھانی شیلانگ لے جایا جائے گا اور راستے میں شاہانہ اومیم جھیل پر روکا جائے گا۔ اگلے دن کا آغاز مشرقی کھاسی پہاڑیوں میں واقع چیراپنجی کی سیر کے ساتھ ہوتا ہے۔ شیلانگ چوٹی، ایلیفینٹ آبشار، نوخالکائی آبشار اور موسمائی غاریں دن کی سیر کا حصہ ہوں گی ۔ چیراپونجی سے سیاح دلی واپس ہونے کے لیے  ٹرین میں سوار ہونے کے لیے  واپس گواہاٹی اسٹیشن جائیں گے۔ ٹرین کے پورے سفر کے دوران تقریباً 5800 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا جائے گا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارت گورو ٹورسٹ ٹرین کا آغاز حکومت ہند کے اقدامات ‘‘ایک بھارت شریشٹھ بھارت’’ اور ‘‘دیکھو اپنا دیش’’ کے عین مطابق ہے تاکہ گھریلو سیاحت کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔ آئی آر سی ٹی سی ٹورسٹ ٹرین 15 دنوں کا ٹور پیکج ہوگا جس میں متعلقہ  درجے میں ٹرین کا سفر،  اے سی ہوٹلوں میں رات کا قیام، تمام کھانے (صرف سبزی خور)، بسوں میں تمام منتقلی اور نظارے، سفر بیمہ ، ٹور اسکارٹ  وغیرہ کی خدمات شامل ہیں۔ صحت سے متعلق تمام ضروری احتیاطی تدابیر کا خیال رکھا جائے گا اور آئی آر سی ٹی سی سیاحوں کو ایک محفوظ اور یادگار تجربہ فراہم کرنے کی کوشش کرے گا۔

مزید تفصیلات کے لیے آپ https://www.irctctourism.com/bharatgaurav ملاحظہ کر سکتے ہیں جہاں بکنگ  پہلے آئیے پہلے پائیں کی بنیاد پرآن لائن دستیاب ہے ۔

*******

 

( ش ح ۔ م ع ۔ ت ح  (

U. No 558                                                                                                                                                                                                 



(Release ID: 1973885) Visitor Counter : 75