صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدر جمہوریہ ہند نے ’نیشنل ای-وِدھان ایپلی کیشن ‘ کا افتتاح کیا اور گجرات قانون ساز اسمبلی سے خطاب کیا


انسانی وسائل کسی بھی ریاست کی اقتصادی ترقی میں ایک اہم رول ادا کرتے ہیں؛ مجھے خوشی ہے کہ حکومت گجرات نے اس پہلو  پر پوری توجہ مرکوز کی ہے: صدر مرمو

Posted On: 13 SEP 2023 1:22PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (13 ستمبر 2023) گاندھی نگر میں ’نیشنل ای- وِدھان ایپلی کیشن‘ (این ای وی اے) کاافتتاح کیا اور گجرات قانون ساز اسمبلی سے خطاب کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ چونکہ گجرات ریاست کا قیام سال 1960 میں عمل میں آیا تھا اس لئے گجرات قانون ساز اسمبلی نے ہمیشہ معاشرے کے مفاد میں کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نے وقتاً فوقتاً کئی قابل تعریف اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ای- اسمبلی کا افتتاح ایک اہم قدم ہے جس سے یہ ایوان ایک ڈیجیٹل ایوان میں تبدیل ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ای- وِدھان ایپلی کیشن (این ای وی اے) کے ذریعے اس ایوان کے ارکان پارلیمنٹ اور ملک کی دیگر قانون ساز اسمبلیوں کے  بہترین طریقوں  سے سیکھ سکتے ہیں  اور انہیں اختیار کرسکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر اعتماد ظاہر کیا کہ اس پہل سے ’ایک ملک ایک ایپلی کیشن‘ کےمقصد کو تحریک ملے گی جس سے گجرات قانون ساز اسمبلی کے کام کاج کی رفتار  اور شفافیت میں اضافہ ہوگا اور ایوان کی پوری کارروائی پیپرلیس ہوجانے سے ماحولیات کا تحفظ بھی ہوگا۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ گجرات کئی معاملوں میں ملک کی ممتاز ریاستوں میں شامل ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ایک ممتاز مینوفیکچرنگ ہب اور دودھ پیدا کرنےو الی سب سے بڑی ریاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کے معاملے میں یہ بڑی ریاستوں میں شامل ہے اور چھت پر سولر پاور جنریشن اور وِنڈ انرجی پروڈکشن کے معاملے میں صفحہ اول کی ریاستوں میں اس کا شمار ہوتا ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ انسانی وسائل کسی بھی ریاست کی اقتصادی ترقی میں ایک اہم رول ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی کے لیے عوام کو ایک اچھی صحت کا نظام، معیاری تعلیم، بجلی اور پانی جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرایا جانا بہت اہم ہے۔ انہوں نے  اس بات پر  خوشی  کااظہار کیا کہ حکومت گجرات نے اس پہلو  پر پوری توجہ مرکوز کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم، اساتذہ  اور طلباء کے تناسب ، داخلہ لینے والوں کے تناسب اور تعلیم نہ چھوڑنے والوں کی شرح میں حکومت کی کوششوں سے غیرمعمولی بہتری آئی ہے۔ انہوں نے اس بات کی تعریف کی کہ دیہی علاقوں میں تین ٹیئر والے صحت نظام کے ذریعے اچھی صحت خدمات فراہم کرائی جارہی ہیں۔ اس سے زچگی کے دوران ہونے والی اموات اور بچوں کی اموات کے تناسب میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے اس بات کی تعریف کی کہ گجرات میں گزشتہ دو دہائیوں میں بجلی سے متعلق اصلاحات ، پانی کا ذخیرہ کرنے اور پانی کی سپلائی کے معاملے میں گجرات میں اہم کام کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی ظاہر کی کہ ریاستی حکومت نے جانوروں کی بھلائی کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

ایوان میں خواتین کی نمائندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ جب خواتین ہر میدان میں شاندار کارکردگی انجام دے رہی ہیں چاہے وہ سائنس اور ٹیکنالوجی ہو، دفاع یا کھیل کود ہو، تو سیاست میں ان کی نمائندگی میں بھی اضافہ ہوناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں کے اپنے دورے کے دوران انہوں نے دیکھا ہے کہ لڑکیاں زندگی میں آگے بڑھنے اور ملک اور معاشرے کے لیے کچھ کرنے کا جذبہ رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر خواتین کو مناسب مواقع ملے تو وہ مردوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر ملک کی تعمیر میں تعاون کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آدھی آبادی کی شرکت ملک کی مجموعی ترقی کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے۔

جی20 سربراہ کانفرنس کے دوران گلوبل بایو فیولز الائنس کی تشکیل کا ذکر کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ بین الاقوامی شمسی اتحاد کے بعد ماحولیات کے تحفظ اور توانائی کے بارے میں خودکفیلی کے لیے ہندوستان کی قیادت کے تحت اٹھایا جانے والا یہ ایک اور اہم قدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گجرات جیسی ریاستوں کے لیے یہ ایک اچھا موقع ہے جو کہ اختراع اور غیرروایتی توانائی کے ذرائع کو فروغ دیتی ہیں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ عوام کی زندگی میں آسانیاں لانے کے لیے ٹیکنالوجی ایک اہم ذریعہ ہے اور ای-وِدھان عوام سے جڑے رہنے میں ارکان اسمبلی کی مزید مدد کریگا۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ پارلیمانی وقار کو بحال رکھتے ہوئے  ارکان اسمبلی اس ایوان میں عوامی بہبود کے لیے بات کرنے سے متعلق نئے معیارات قائم کریں گے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی کوششیں نہ صرف گجرات کو مزید خوشحال ریاست بنانے بلکہ 2047 تک ہندوستان کو ایک پوری طرح ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے بھی اہم ثابت ہوں گی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/PresidentPhotodated13sep2023I469.JPG

صدر جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے برائے مہربانی یہاں کلک کریں

-----------------------

ش ح۔اگ  ۔ ع ن

U NO: 9442


(Release ID: 1956884) Visitor Counter : 128