صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ ہند نے گاندھی درشن میں مہاتما گاندھی کے 12 فٹ اونچے مجسمے کی نقاب کشائی کی اور گاندھی واٹیکا کا افتتاح کیا
Posted On:
04 SEP 2023 1:43PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے آج (4 ستمبر 2023)نئی دہلی میں گاندھی درشن میں مہاتما گاندھی کے 12 فٹ اونچے مجسمے کی نقاب کشائی کی اور گاندھی واٹیکا کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ مہاتما گاندھی پوری عالمی برادری کے لئے ایک نعمت تھے ۔ ان کے نظریات اور اقدار نے پوری دنیا کو ایک نئی سمت دی ہے۔ انہوں نے ایک ایسے وقت میں عدم تشدد کا راستہ دکھایا جب دنیا عالمی جنگوں کے دوران کئی طرح کی نفرت اور اختلافات سے دو چار تھی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدم تشدد اور سچائی کے ساتھ گاندھی جی کے تجربے نے انہیں ایک عظیم انسان بنایا اور وہ دنیا کی قد آور شخصیت بنے ۔انہوں نے کہا کہ ان کے مجسمے کئی ملکوں میں لگائے گئے ہیں اور پوری دنیا کے لوگوں کا ان کے نظریات اور خیالات پر پورا بھروسہ ہے۔نیلسن منڈیلا ، مارٹن لوتھر کنگ جونیئر اور براک اوبامہ کی مثالیں پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کئی عظیم لیڈروں نے گاندھی جی کی جانب سے دکھائے گئے سچائی کے راستے اور عدم تشدد کو پوری طرح سمجھااور اس پر غور کیا کیونکہ وہ دنیا کی بھلائی کا راستہ تھا۔ صدر جمہوریہ نے اس بات پر زور دیا کہ ان کے دکھائے ہوئے راستے کو اپنا کر ہی دنیا میں امن کے ہدف کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا ہے کہ گاندھی جی نے ذاتی زندگی کے ساتھ ساتھ عوامی زندگی میں تقدس پر کافی زور دیا ہے۔ وہ اس بات پر یقین کرتے تھے کہ تشدد کا سامنا صرف اخلاقی قوت کی بنیاد پر ہی عدم تشدد کے ذریعہ کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خود اعتمادی کے بغیر کوئی بھی منفی حالات میں مسلسل کام نہیں کرسکتا ۔انہوں نے کہا کہ آج کے تیزی سے بدلتے ہوئے اور مسابقتی دنیا میں خود اعتمادی اور قوت برداشت کی سخت ضرورت ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ گاندھی جی کے نظریات اور اقدار ہمارے ملک اور معاشرے کے لئے بہت زیادہ اہمیت کے حامل ہیں ۔ انہوں نے سبھی سے اپیل کی کہ وہ ایسی کوششیں کریں کہ جس سے ہر شہری خاص کر نوجوان اور بچے گاندھی جی کے بارے میں جہاں تک ممکن ہو مطالعہ کریں اور ان کے نظریات کو اپنائیں ۔صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ گاندھی اسمرتی اور درشن سمیتی اور دیگر اس طرح کے ادارے کا رول اس سلسلے میں نہایت اہم بن گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ نوجوانوں اور بچوں میں کتابوں، فلموں ،سیمیناروں ،کارٹونس اور دیگر میڈیا کے ذریعہ گاندھی جی کی زندگی کی تعلیمات کو مزید اجاگر کرکے گاندھی جی کے خوابوں کا ہندوستان بنانے میں اہم تعاون کرسکتے ہیں۔
***********
ش ح ۔ ح ا - م ش
U. No.9157
(Release ID: 1954587)
Visitor Counter : 165