وزارات ثقافت
جی 20 کلچر ورکنگ گروپ (سی ڈبلیو جی)کی چوتھی میٹنگ کل وارانسی میں شروع ہوگی
گلوبل تھیمیٹک ویبنار رپورٹ ’جی 20 کلچر:جامع ترقی کے لیے عالمی بیانیہ کی تشکیل‘ وزرائے ثقافت کی میٹنگ کے ایک حصے کے طور پر لانچ کی جائے گی
وارانسی میں’’سُر وسودھا‘‘ کے عنوان سے ایک خصوصی جی 20گلوبل آرکسٹرا پرفارمنس کا اہتمام کیا جائے گا
Posted On:
22 AUG 2023 5:30PM by PIB Delhi
چوتھی جی20 ثقافتی ورکنگ گروپ (سی ڈبلیو جی)میٹنگ کل وارانسی میں شروع ہوگی،جو 26 اگست 2023 کو ثقافتی وزراء کی میٹنگ(سی ایم ایم)پر اختتام پذیر ہوگی۔ جی20 کے رکن ممالک، مدعو ممالک اور مختلف بین الاقوامی تنظیموں کے مندوبین اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔
کھجوراہو، بھونیشور اور ہمپی میں ہونے والی پچھلی تین سی ڈبلیو جی میٹنگوں کے ساتھ ساتھ چار عالمی موضوعاتی ویبناروں کی کامیابی کو بنیاد بناتے ہوئے وارانسی میں25-23 اگست 2023 کو ہونے والی چوتھی سی ڈبلیو جی میٹنگ کا مقصد کلچر کو پالیسی سازی میں رکھتے ہوئے قابل عمل نتائج تک پہنچنا ہے۔
سی ڈبلیو جی کے ترجیحی شعبوں کے بارے میں ماہرین کی مدد سے چلنے والے عالمی موضوعاتی ویبناروں کی بصیرت اور سفارشات کو ’’جی20 ثقافت:جامع ترقی کے لیے عالمی بیانیہ کی تشکیل‘‘کے عنوان سے ایک جامع رپورٹ میں جمع کیا گیا ہے۔ یہ بصیرت افروز رپورٹ، ہندوستان کی جی20 صدارت کے کلچر ورکنگ گروپ کی طرف سے ہے، جسے ثقافتی وزراء کی میٹنگ کے ایک حصے کے طور پر وارانسی میں لانچ کیا جائے گا۔
وارانسی میں ثقافتی وزراء کی میٹنگ کا مقصد ان چار ترجیحی شعبوں پر پیش رفت کو تیز کرنے کے لیے اجتماعی اقدامات کو متحرک کرنا ہوگا ،جو ہندوستانی صدارت کے ذریعہ بیان کیے گئے ہیں۔ یہ چار ترجیحی شعبے ہیں: ثقافتی املاک کا تحفظ اور بحالی، پائیدار مستقبل کے لیے زندہ ورثے کا استعمال، ثقافتی اور تخلیقی صنعت کا فروغ اور ثقافت کے تحفظ اور فروغ کے لیے معیشت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کا فائدہ اٹھانا۔
سی ڈبلیو جی نے ہندوستان کی جی20صدارت میں’کلچر یونائٹس آل‘مہم کا آغاز کیا تھا تاکہ متنوع ثقافتوں اور برادریوں کے درمیان پرامن بقائے باہمی پر مبنی کثیرالجہتی پر ہندوستان کے اٹل یقین کو اجاگر کیا جاسکے۔ سی ڈبلیو جی 26 اگست 2023 کو اس مہم کی یاد میں ایک خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری کر رہا ہے۔ ’کلچر یونائٹس آل‘ ڈاک ٹکٹ کو ایک مخصوص نشان کے طور پر تیار کیا گیا ہے، جس میں رابطے، مواصلات اور سفر کے خیالات کو یکجا کیا گیا ہے، جو ثقافتی تبادلے کی نمائندگی کرتا ہے اور ثقافتی تناظر کو قائم کرتا ہے۔
میٹنگ کے دوران مندوبین کو دریائے گنگا کے کنارے عالمی شہرت یافتہ گنگا آرتی کا تجربہ کرنے اورلائن کیپٹل سارناتھ کی خوبصورت تاریخ کو دریافت کرنے کا موقع ملے گا۔ جی20 گلوبل آرکسٹرا پرفارمنس بعنوان ’’سُر وسودھا‘‘ جو کہ جی20 کے رکن ممالک اور مدعو ممالک کے موسیقی کے علم اور ورثے کا جشن ہے، وارانسی میں پیش کیا جائے گا۔ مندوبین وارانسی میں اپنے قیام کے دوران ہندوستانی کلاسیکی موسیقی اور رقص کی شکلوں سمیت ثقافتی پرفارمنس کا بھی مشاہدہ کریں گے۔
جی 20 کے موقع پر 2020 میں سعودی عرب کی صدارت میں وزرائے ثقافت کی پہلی میٹنگ ہوئی تھی۔ 2021 میں ثقافت کو اطالوی صدارت کے دوران ایک ورکنگ گروپ کے طور پر باضابطہ شکل دی گئی، جس کے نتیجے میں جی20 ثقافتی وزراء کا افتتاحی اجلاس اور اس کے نتیجے میں’روم کلچر منسٹرز ڈیکلریشن‘ ہوا۔ انڈونیشیا کی صدارت میں2022 کے ’بالی اعلامیہ‘ نے پائیدار ترقی میں ثقافت کے کردار پر مزید زور دیا۔ وارانسی میں یہ چوتھا موقع ہوگا ، جب جی20 کے ارکان اور مدعو ممالک کے ثقافتی وزراء کی میٹنگ ہوگی۔
************
ش ح۔ م م۔ن ع
(U: 8679)
(Release ID: 1951140)