وزیراعظم کا دفتر

مدھیہ پردیش روزگارمیلے کے دوران وزیراعظم کے ویڈیوپیغام کا متن

Posted On: 21 AUG 2023 1:16PM by PIB Delhi

نمسکار،

آج آپ سب اس تاریخی دور میں تدریس کی اہم ذمہ داری سے خود کو وابستہ کر رہے ہیں۔ اس بار میں نے لال قلعہ سے تفصیل سے بات کی ہے کہ کس طرح قومی کردار، ملک کی ترقی میں اہم   ہے۔ یہ آپ سب کی ذمہ داری ہے کہ بھارت کی آنے والی نسل کی تربیت کریں ، اسے جدیدیت میں ڈھالیں اور اسے  ایک نئی سمت دیں۔ مدھیہ پردیش کے پرائمری اسکولوں میں تعینات ساڑھے پانچ ہزار سے زیادہ اساتذہ بھائیوں اور بہنوں کو میری نیک خواہشات۔ مجھے بتایا گیا ہے کہ ایم پی میں پچھلے 3 سال میں تقریباً 50 ہزار اساتذہ کی بھرتی ہوئی ہے۔ اس کے لیے ریاستی حکومت بھی مبارکباد کی مستحق ہے۔

ساتھیو،

آپ سب مل کر قومی تعلیمی پالیسی کو نافذ کرنے میں بھی بڑا کردار ادا کرنے والے  ہیں۔ ترقی یافتہ بھارت کے عزم کو ثابت کرنے  میں  قومی تعلیمی پالیسی کا بہت بڑا تعاون ہے۔ اس میں روایتی علم سے لے کر مستقبل کی ٹیکنالوجی کو یکساں اہمیت دی گئی ہے۔ پرائمری تعلیم کے شعبے میں بھی نیا نصاب تیار کیا گیا ہے۔ مادری زبان میں تعلیم کے حوالے سے ایک اور عظیم کام کیا گیا ہے۔ انگریزی نہ جاننے والے بہت سے طلباء کو ان کی مادری زبان میں تعلیم نہ دلوا کر ان کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی کی گئی۔ یہ سماجی انصاف کے خلاف تھا۔ اب اس ناانصافی کو بھی ہماری حکومت نے دور کر دیا ہے۔ اب نصاب میں علاقائی زبانوں کی کتابوں پر زور دیا جا رہا ہے۔ یہ ملک کے تعلیمی نظام میں بڑی تبدیلی کی بنیاد بنے گا۔

ساتھیو،

جب مثبت سوچ، صحیح نیت، پوری لگن کے ساتھ فیصلے کیے جائیں تو پورا ماحول اثبات سے سرشارہو جاتا ہے۔ امرت کال کے پہلے سال میں دو بہت ہی مثبت خبریں آئی ہیں۔ یہ خبریں ملک میں  کم ہوتی ہوئی غربت اور بڑھتی ہوئی خوشحالی کا  پتہ دیتی ہیں۔ نیتی آیوگ کی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ صرف پانچ سال میں بھارت میں 13.5 کروڑ بھارتی، غریبی کی  سطح سے اوپر آگئے ہیں۔ کچھ دن پہلے ایک اور رپورٹ آئی تھی۔ اس رپورٹ کے مطابق اس سال داخل کیے جانے والے انکم ٹیکس گوشواروں کی تعداد بھی ایک اور اہم اشارہ دے رہی ہے۔ گزشتہ 9 سال میں لوگوں کی اوسط آمدنی میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ آئی ٹی آر کے اعداد و شمار کے مطابق، اوسط آمدنی جو 2014 میں تقریباً 4 لاکھ روپے تھی، 2023 میں بڑھ کر 13 لاکھ روپے ہو گئی ہے۔ بھارت میں کم آمدنی والے گروپ سے اعلیٰ آمدنی والے گروپ میں جانے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ بڑھتے ہوئے جوش و جذبے کے ساتھ یہ اعداد و شمار اس بات کی بھی یقین دہانی کراتے ہیں کہ ملک کا ہر شعبہ مضبوط ہو رہا ہے اور روزگار کے بہت سے نئے  موقعوں میں اضافہ ہورہاہے۔

ساتھیو،

انکم ٹیکس ریٹرن کے نئے اعداد و شمار میں ایک اور بات قابل غور ہے۔ یعنی اپنی حکومت پر ملک کے شہریوں کا اعتماد  لگاتار بڑھ رہا ہے، جس کی وجہ سے ملک کے شہری بڑی تعداد میں اپنا ٹیکس ،ایمانداری سے ادا کرنے کے لیے آگے آرہے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ ان کے ٹیکس کی ایک ایک پائی ملک کی ترقی کے لیے خرچ ہو رہی ہے۔ اس سے صاف نظر آرہا ہے کہ 2014 سے پہلے جو معیشت دنیا میں 10ویں نمبر پر تھی، آج 5ویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ ملک کا شہری اس دن کو نہیں بھول سکتا جب 2014 سے پہلے گھوٹالوں اور بدعنوانی کا دور تھا۔ غریبوں کے حقوق ان تک پہنچنے سے پہلے ہی لوٹ لیے جاتے تھے۔ آج غریب کے حق کے  تمام پیسے سیدھے اس کے کھاتے میں پہنچ رہے ہیں۔

ساتھیو،

سسٹم سے لیکیج کو روکنے کا ایک نتیجہ یہ ہے کہ حکومت غریبوں کی فلاح و بہبود پر پہلے سے زیادہ خرچ کرنے کے قابل ہے۔ اتنے بڑے پیمانے پر کی گئی سرمایہ کاری سے ملک کے کونے کونے میں روزگار بھی پیدا ہوا ہے، جیسا کہ ایک مثال کامن سروس سینٹر کی ہے۔ 2014 سے اب تک ملک کے دیہی علاقوں میں 5 لاکھ نئے کامن سروس سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ ہر کامن سروس سینٹر  سے آج بہت سے لوگوں کو روزگار مل رہا ہے۔ یعنی گاؤں کے غریبوں کی بہبود بھی ہوئی اور روزگار کے موقعے بھی پیدا ہوئے۔

ساتھیو،

آج ملک میں تعلیم، ہنر کے فروغ   اور روزگار، ان تینوں سطحوں پر دور رس پالیسیوں اور فیصلوں کے ساتھ بہت سے مالیاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں، بہت سے مالیاتی کام کیے جا رہے ہیں۔ اس 15 اگست کو میں نے لال قلعہ سے پی ایم وشوکرما یوجنا کا بھی اعلان کیا ہے۔ یہ اسکیم بھی اسی وژن کی عکاس ہے۔ پی ایم وشوکرما یوجنا ہمارے وشوکرما ساتھیوں کی روایتی صلاحیتوں کو 21ویں صدی کی ضروریات کے مطابق ڈھالنے کے لیے وضع کی گئی ہے۔ اس پر تقریباً 13 ہزار کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ اس کے ساتھ جو خاندان 18 مختلف قسم کے ہنر سے وابستہ  ہیں، ایسے خاندانوں کو ہر طرح کی مدد دی جائے گی، وہ مستفید ہوں گے۔ اس سے معاشرے کے اس طبقے کو فائدہ پہنچے گا، جس کی اہمیت پر بات تو ہوئی، لیکن اس کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے کبھی کوئی ٹھوس کوشش نہیں کی گئی۔ وشوکرما اسکیم کے تحت، تربیت کے ساتھ ساتھ، مستفیدین کو جدید آلات خریدنے کے لیے واؤچر بھی دیے جائیں گے۔ یعنی پی ایم وشوکرما کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں  میں اضافہ کرنے  کے زیادہ موقعے ملیں گے۔

ساتھیو،

میں ان عظیم ہستیوں سے ایک اور بات کہنا چاہوں گا جو آج استادکے عہدے پرفائز ہو رہے ہیں، آپ سب سخت محنت سے یہاں تک پہنچے ہیں، دعا ہے کہ آپ سیکھنے کا رجحان جاری رکھیں۔ آپ کی مدد کے لیے حکومت نے ایک آن لائن لرننگ پلیٹ فارم ‘آئی گوٹ جی اوٹی’  تیارکیا ہے۔ اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔ میں آپ کو اور آپ کے خاندان کے ارکان  کے لئے  اس نئی کامیابی پر، اس نئے سفر  پر بہت سی نیک خواہشات پیش  کرتا ہوں، جب کہ اب آپ کو اپنے خوابوں کو پورا کرنے کا ایک بہترین موقع ملا ہے۔ شکریہ

***********

(ش ح ۔اس۔ع آ)

U -8612



(Release ID: 1950746) Visitor Counter : 101