صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
صحت اور خاندانی بہبود ، کیمیکلز اور فرٹیلائزرس کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویا نے کیمیکلز اور فرٹیلائزرس کے مرکزی وزیر مملکت جناب بھگونت کھوبا کی موجودگی میں انڈیا میڈ ٹیک ایکسپو 2023 کی پردہ کشائی تقریب سے خطاب کیا
ہندوستان میڈیکل ٹکنالوجی اور آلات کا عالمی مرکز بننے والا ہے، جس کا مارکیٹ سائز2050 تک تخمینے کے مطابق 50 بلین ڈالر تک پہنچے گا:ڈاکٹر منڈاویا
’’طبی آلات کے شعبے کو ملک میں ایک سن رائز شعبہ سمجھا جاتا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہندوستان کو طبی آلات کے لیے مینوفیکچرنگ کا ایک مرکز بنانے کے واسطے تمام ممکن اقدامات کررہی ہے‘‘
’’انڈیا میڈ ٹیک ایکسپو 2023 ہندوستان میں طبی آلات کے ایکو سسٹم کی موجودگی میں اضافہ کرے گا اور انڈیا میڈ ٹیک سیکٹر کے لیے ایک برانڈ شناخت تیار کرے گا‘‘
انڈیا میڈ ٹیک ایکسپو 2023 کا انعقاد 17 تا 19 اگست2023 تک گاندھی نگر گجرات میں جی-20 وزرائے صحت کی میٹنگ کے ساتھ ساتھ کیا جائے گا
Posted On:
10 AUG 2023 2:36PM by PIB Delhi
’’ہندوستان میڈیکل ٹکنالوجی اور آلات کا عالمی مرکز بننے والا ہے، جس کا مارکیٹ سائز2050 تک تخمینے کے مطابق 50 بلین ڈالر تک پہنچے گا‘‘ یہ بات آج صحت اور خاندانی بہبود، کیمیکلز وفرٹیلائزرس کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویا نے ہندوستان کے پہلے میڈیکل ٹکنالوجی ایکسپو ’ انڈیا میڈ ٹیک ایکسپو 2023‘ کی پردہ کشائی کی تقریب میں اپنے خطاب کے دوران کہی۔ انڈیا میڈ ٹیک ایکسپو 2023 کا انعقاد 17 تا 19 اگست 2023 گاندھی نگر گجرات میں جی 20 وزرائے صحت کی میٹنگ کے ساتھ ساتھ کیا جائے گا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ کیمیکلز وفرٹیلائزرس کے مرکزی وزیر مملکت جناب بھگونت کھوبا نے بھی شرکت کی۔
ڈاکٹر منڈاویا نے کہا کہ ’’طبی آلات کے شعبے کو ملک میں ایک سن رائز شعبہ سمجھا جاتا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہندوستان کو طبی آلات کے لیے مینوفیکچرنگ کا ایک مرکز بنانے کے واسطے تمام ممکن اقدامات کررہی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’محض 1.5 فیصد کے مارکیٹ شیئر سے بڑھ کر آئندہ 25 برسوں میں ہندوستان کا مارکیٹ شیئر 15-10 فیصد ہوجانے کی ہمیں امید ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں جس قومی طبی آلات سے متعلق پالیسی 2023 کی نقاب کشائی کی گئی ہے، اس کے مؤثر نفاذ سے ہمیں یقین ہے کہ طبی آلات کا شعبہ 2030 تک 11 بلین ڈالر سے بڑھ کر 50 بلین ڈالر ہوجائے گا‘‘۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ ’’ اِس سے قبل ہم فارما سوئیٹکلز، طبی آلات سمیت صحت کے شعبے کے مختلف حصوں کو الگ الگ کرکے دیکھتے تھے۔ مودی حکومت کے تحت ہندوستان سال 2047 تک ملک میں صحت کے منظر نامہ کی کایا پلٹ کرنے کے وژن کے ساتھ صحت کے بارے میں ایک کلی نظریہ اختیار کررہی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’حکومت کے ذریعہ کئے گئے متعدد نئے اقدامات مثلاً پی ایل آئی اسکیم کی وجہ سے ملک کے اندر 43 اہم اے پی آئی تیار کئے جارہے ہیں، جن کو پہلے بیرونی ممالک سے درآمد کیا جاتا تھا۔ حکومت اِس شعبے میں ہندوستان کو خود کفیل بنانے کے لیے ملک میں بڑی تعداد میں ڈرگ پارک اور طبی آلات کے پارک تیار کررہی ہے۔‘‘
ڈاکٹر منڈاویا نے کہا کہ اِس میڈ ٹیک ایکسپو 2023 میں طبی اور سرجیکل طریقہ کار، ڈرگز، آلات اور سہولیات کے معاملے میں ہندوستان کے اختراع اور کامیابیوں کو دکھایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تقریب ہندوستان میں طبی آلات کے ایکو سسٹم کی موجودگی میں اضافہ کرے گا اور ہندوستانی میڈ ٹیک سیکٹر کے لیے ایک برانڈ شناخت تیار کرے گی۔
جناب بھگونت کھوبا نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت صحت کے شعبے میں ملک کو آتم نربھر بنانے کے لیے پابند عہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں اور میڈیا اہلکاروں سمیت تمام متعلقین اِس ایکسپو کو دیکھیں اور اس شعبے میں کایا پلٹ کرنے کے لیے کئے جانے والے کام کو دیکھیں۔ فارما سوئیٹکلز کے محکمہ کی سکریٹری ایس اپرنا نے کہا کہ ’’ آج طبی آلات کا شعبہ سب سے تیز ترقی کرنے والا شعبہ بن گیا ہے۔ طبی آلات کی گھریلو مینوفیکچرنگ کے لیے صنعت کو ترغیب دینے کے واسطے حکومت نے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ اِن اقدامات کی وجہ سے ایسے 37 پروڈکٹ جو پہلے درآمد کئے جاتے تھے، اب ملک کے اندر تیار کئے جاتے ہیں‘‘۔
مرکزی فارما سکریٹری نے بتایا کہ ’’پالیسی سے متعلق یہ اقدامات طبی آلات کی مینوفیکچرنگ اور مانگ دونوں کو پورا کرنے کے لیے کئے جارہے ہیں‘‘۔ انہوں نے بتایا کہ طبی آلات کی مینوفیکچرنگ کے لیے ملک میں 4 نئے صنعتی پارک تعمیر کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ حال ہی میں طبی آلات کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے نیشنل میڈیکل ڈیوائسیز ایکسپورٹ پرموشن کونسل قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایکسپو میں ایک مستقبل کا پویلین ہوگا اور ایک آر اینڈ ڈی پویلین ہوگا اور اس میں ریاستیں، صنعتیں، ایم ایس ایم ایز، تعلیمی ادارے اور اختراع کار وغیرہ شرکت کریں گے۔
پس منظر:
شعبے کے امکانات کا فائدہ اٹھانے اور آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں غور وفکر کے لیے کیمیکلز وفرٹیلائز کی وزارت کے فارما سوئیٹکلز کا محکمہ ’ ہندوستان: آئندہ میڈ ٹیک گلوبل ہب‘ آلات، تشخیص اور ڈیجیٹل کا مستقبل‘ کے مرکزی موضوع کے ساتھ انڈیا میڈ ٹیک ایکسپو کی میزبانی کررہا ہے۔
ایکسپو میں متعدد پویلین ہوں گے، جن میں مستقبل پویلین، آر اینڈ ڈی پویلین، اسٹارٹ اپ پویلین، ریاستی پویلین، ریگولیٹرس پویلین اور میک ان انڈیا شو کیس شامل ہیں۔150 سے زیادہ ایم ایس ایم ایز، 150 سے زیادہ گھریلو اور بین الاقوامی مینو فیکچررز، اسٹارٹ اپس، ریگولیٹری ایجنسیاں، ریاستی حکومتیں اور مرکزی محکموں سمیت 400 سے زیادہ نمائش کرنے والے اِس میں شرکت کریں گے۔
ایکسپو کے دوران 7 ریاستیں پویلین قائم کریں گی، جن میں مدھیہ پردیش، تمل ناڈو، اترپردیش، ہماچل پردیش، راجستھان، آندھرا پردیش اور گجرات شامل ہیں۔ ایکسپو میں اختراع اور آر اینڈ ڈی کے لیے پویلین ہوں گے، جہاں 30 سے زیادہ کمپنیاں نئی تحقیق اور اختراعات کی نمائش کریں گی۔ اسٹارٹ اپس کے لیے ایک علیحدہ پویلین بھی ہوگا، جس میں تقریباً 75 اسٹارٹ اپس شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ فارما سوئیٹکلز کے محکمہ ، جی ای ایم، آئی سی ایم آر، آپی سی، سی ڈی ایس سی او، این پی پی اے اور بی آئی ایس سمیت طبی آلات کی 7 ریگولیٹری ایجنسیاں اِس میں شرکت کریں گی۔
تھیمیٹک کانفرنس سیشن بھی اِس تین روزہ تقریب کے دوران منعقد کئے جائیں گے، جن کا مقصد معلومات کے لامحدود میدانوں کی تلاش وجستجو کرنا، اختراعات کو تحریک دینا، رابطے قائم کرنا اور سرحدوں کے پار جانا ہے۔ اِن سیشنوں کو وژن 2047 حاصل کرنے کے مقصد کو ذہن میں رکھ کر تیار کیاگیا ہے۔ یہ وژن نہ صرف ہندوستان کے اندر بلکہ عالمی صحت کے منظر نامے میں ایک اہم خدمت انجام دینے والے میڈ ٹیک سیکٹر کے لیے ہندوستان کی خواہش کا مظہر ہے۔
اِس تین روزہ کانفرنس کے ذریعہ تقریب کا مقصددرج ذیل ہے:
-
طبی آلات کے شعبے میں ہونے والی جدید ایجادات ،چیلنجوں اور مواقع پر بات چیت کرنے کے لیے مختلف شعبوں کے پروفیشنلز، ماہرین اور اختراع کاروں کو ایک مقام پر لانا۔
-
طبی آلات کے دائرۂ کار کے موجودہ رجحانات اور توقعات کے بارے میں روشنی ڈالنے کے لیے معروف صنعتی لیڈر اور ماہرین اپنی بصیرت اور تجربات کا اظہار کریں گے۔
-
کامیابی کے ساتھ پروڈکٹ کی تیاری اور بازار تک اُس کی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے جدید ترین ضابطہ کاری رہنما خطوط اور شرائط وقوانین کے بارے میں صنعتی لیڈر اور پالیسی ساز بات چیت کریں گے۔
-
طبی آلات تیار کرنے، ضابطہ بندی اور نفاذ کے سلسلے میں چیلنجوں اور مواقع کے بارے میں صنعتی ماہرین، ریگولیٹرس اور صحت دیکھ ریکھ پریکٹشنرزبصیرت انگیز بات چیت کریں گے۔
بین الاقوامی خریدار- فروخت کنندہ میٹنگ میں پانچ بڑے خطوں افریقہ، آسیان، سی آئی ایس، مشرق وسطیٰ اور اوشیانیا کے 50 ممالک کے مجموعی طور پر 231 غیر ملکی خریدار شرکت کریں گے۔ پروفائل کی بنیاد پر اِن خریداروں کو بنیادی طور پر 4 خاص زمروں میں تقسیم کیاگیا ہے۔
-
صحت کی وزارت کے سرکاری افسران-55
-
طبی آلات اور ایکوپمینٹ کے بڑے خریدار اور درآمد کار-111
-
خریدار ایجنسیاں-60
اس موقع پرکیمیکلز اور فرٹیلائزرس کی وزارت کے جوائنٹ سکریٹری (پالیسی) جناب رویندر پرتاپ سنگھ، فکی کے سکریٹری جنرل جناب شیلیش کے پاٹھک، فکی کے ڈپٹی سکریٹری جنرل جناب مانب مجمدار کے ساتھ ساتھ مرکزی حکومت کے سینئر افسران بھی شامل تھے۔
******
ش ح ۔ اگ ۔ ع ر
U. No.8188
(Release ID: 1947483)
Visitor Counter : 105