وزارت اطلاعات ونشریات
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر جناب انوراگ ٹھاکر نے 8ویں اور 9ویں کمیونٹی ریڈیو ایوارڈز  عطا کیے  ؛ علاقائی کمیونٹی ریڈیو سمیلن کا افتتاح کیا


حکومت  کے ذریعے لائسنس کے وقت  کو 4 سال سے  گھٹا کر 6 ماہ کیا گیا ،  13  کارروائیوں کو گھٹا کر8   کیا گیا: جناب  انوراگ ٹھاکر

وزیر موصوف نے اعلان کیا کہ حکومت تیسری ای نیلامی کے دوران  284 شہروں میں  808 چینلوں کی  نیلامی کرے گی

پچھلے 2 سال کے دوران ہی  120 کمیونٹی ریڈیو اسٹیشنوں کا اضافہ  ہوا  ؛ کل 450 سے زیادہ ہوئے : جناب  اپوروا چندرا

Posted On: 23 JUL 2023 2:00PM by PIB Delhi

اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر جناب انوراگ ٹھاکر نے آج آٹھویں اور نویں نیشنل کمیونٹی ریڈیو ایوارڈز  عطا کیے ۔یہ ایوارڈز دو روزہ علاقائی کمیونٹی ریڈیو سمیلن (نارتھ) کے افتتاحی اجلاس کے دوران دیئے گئے  ، جس کا افتتاح مرکزی وزیر نے نئی دلّی میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونیکیشن میں کیا تھا۔

اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ کمیونٹی ریڈیو اسٹیشن وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے جن بھاگیداری سے جن آندولن کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ اسٹیشن آکاشوانی کی کوششوں  میں اضافہ کرتے ہیں اور انہوں نے آفات کے دوران اپنے سامعین کو باخبر رکھنے میں کلیدی کردار ادا  کیا ہے ۔

جناب انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ کمیونٹی ریڈیو اسٹیشن انسانی وسائل کی کمی، مالی   فراہمی میں کمی اور بیرونی مدد کی کمی سمیت کئی چیلنجوں کے باوجود اپنی خدمات فراہم کرتے ہیں اور قوم کی خدمت کے اس جذبے کے لیے ان کی  ستائش کی جانی چاہیے۔   وزیر موصوف نے کہا کہ ایک طرف یہ ایوارڈز اسٹیشنوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور  وہ  بھارت کے دور دراز  کے علاقوں میں تعلیم، بیداری پیدا کرنے اور مسائل کے حل میں کمیونٹی ریڈیو کی اہمیت کو بھی تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ  یہ ایوارڈز دوسروں کو بھی اس شعبے میں قدم رکھنے کی ترغیب دیں گے۔

وزیر موصوف نے اس شعبے میں کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے حکومت کی کوششوں کے بارے میں بتایا اور کہا کہ حکومت نے ایسے کمیونٹی ریڈیو اسٹیشنوں کے قیام میں لگنے والے وقت کو کم کرنے کی بھرپور کوششیں کی ہیں۔ جہاں پہلے لائسنس کا حصول ایک وقت طلب اور تھکا دینے والا عمل تھا  ، جس میں تقریباً چار سال لگتے تھے اور اس میں  13 کارروائیاں کی جاتی تھیں ،  وہیں آج اسے کم کر کے آٹھ  تک کر دیا گیا ہے اور چھ ماہ کے اندر لائسنس حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت اس وقت کو مزید کم کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔ درخواست کا عمل اب براڈکاسٹ سیوا پورٹل پر آن لائن ہے اور  جو سرل سنچار پورٹل سے   مربوط ہے۔

بھارت میں ریڈیو کی رسائی میں توسیع پر تبصرہ کرتے ہوئے ، وزیر موصوف نے کہا کہ آج ملک کے 80 فی صد جغرافیائی رقبے اور 90 فی صد سے زیادہ آبادی  تک ریڈیو  کی رسائی ہے ۔  حکومت اس رسائی کو مزید وسعت دینے کے لیے کام کر رہی ہے اور ای نیلامی کے تیسرے بیچ کے تحت 284 شہروں میں 808 چینلز کی نیلامی  ، اس سمت میں ایک بڑا قدم ہے۔

جناب ٹھاکر نے کہا کہ کمیونٹی ریڈیو اسٹیشنوں کی بڑھتی ہوئی تعداد ، ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی عکاس ہے۔ حکومت ہند ، وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے اس ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کام کر رہی ہے کہ ہر ضلع میں ایک کمیونٹی ریڈیو اسٹیشن ہونا چاہیے اور یہ  ایک  ایک بلاک میں  ہر ایک تک پہنچنا چاہیے۔

ان کمیونٹی ریڈیو اسٹیشنوں کے تجربات کو  یکجا کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم کی ضرورت پر بات کرتے ہوئے،  جناب ٹھاکر نے کہا کہ   پورے بھارت میں ان ریڈیو اسٹیشنوں کے ذریعے کمیونٹی خدمات کے میدان میں مختلف تجربات اور اختراعات کی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایک ایسا نیٹ ورک قائم کیا جا سکتا ہے ، جہاں یہ اسٹیشن اپنے خیالات اور تجربات کا اشتراک کر سکیں تاکہ ان میں سے بہترین کو ملک بھر میں  نشر کیا جا سکے۔ انہوں نے ایک ایسی کمیونٹی کا تصور  پیش کیا  ، جو ان اسٹیشنوں کے  نئے  خیال کے ذریعے ایک پاور ہاؤس  تشکیل دے سکے ۔

وزیر  موصوف نے ایوارڈز کی جیوری کا ان کے تعاون کے لیے شکریہ ادا کیا اور جیتنے والوں کو مبارکباد دی اور ان  اسٹیشنوں  کا خصوصی ذکر کیا ، جنہیں 8ویں اور 9ویں ایڈیشن کے لیے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے اور کہا کہ یہ  ایوارڈ اس شعبے میں ان کی مسلسل شاندار کارکردگی کے  اعتراف  میں دیا گیا ہے۔

اس سے پہلے بولتے ہوئے سکریٹری  جناب اپوروا چندرا نے کہا کہ مواصلات  کے شعبے نے ٹیلی ویژن اور پھر انٹرنیٹ اور اب او ٹی ٹی کی شکل میں بہت سی ترقی کا مشاہدہ کیا ہے لیکن اس سے ریڈیو کی مقبولیت اور رسائی میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ کمیونٹی ریڈیو  کا ایک ایسا مقام ہے  ، جس   تک کوئی دوسرا پلیٹ فارمز  نہیں پہنچ سکا ہے  اور  ایسی کنیکٹیویٹی کی ضرورت کو پورا کرتا ہے ، جو زیادہ جدید میڈیا کے ذریعہ نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کووڈ – 19  عالمی وباء   کی وجہ سے ، ان  اداروں کو یہ ایوارڈز  نہیں دیئے جا سکے  ۔ اس لیے  وزارت ، اس سال  8ویں اور 9ویں نیشنل کمیونٹی ریڈیو ایوارڈز دے رہی ہے۔

انہوں نے سامعین کو مزید بتایا کہ پچھلے 2 سالوں میں 120 سے زیادہ کمیونٹی ریڈیو اسٹیشنوں  میں اضافہ  ہوا ہے  ، جن کی لیٹر آف انٹینٹ کے ساتھ کل تعداد 450 سے زیادہ ہو گئی ہے ۔

8واں اور 9واں نیشنل کمیونٹی ریڈیو ایوارڈز  ، اُن کمیونٹی ریڈیو اسٹیشنوں کے لیے ایک اعتراف ہے ، جنہوں نے اپنے شعبے میں عوام کے مفاد میں قابل ستائش کام کیا ہے ۔  یہ ایوارڈز 23 جولائی ،  2023 کو قومی نشریاتی دن کے موقع پر منعقد ہونے والے کمیونٹی ریڈیو   کے علاقائی سمیلن کے دوران دیئے جا رہے ہیں۔

9ویں نیشنل کمیونٹی ریڈیو ایوارڈز کے لیے 4 زمروں میں کل 12 ایوارڈز دیے جا رہے ہیں۔ ایوارڈ یافتہ کمیونٹی ریڈیو اسٹیشن ہریانہ، بہار، اڈیشہ، اتر پردیش، اتراکھنڈ، تمل ناڈو، راجستھان اور تریپورہ میں واقع ہیں۔

حکومت ہند نے کمیونٹی ریڈیو میں بہتر پروگرامنگ کو فروغ دینے اور کمیونٹی ریڈیو اسٹیشنوں کو مقامی کمیونٹی کے مفاد میں پروگرام تیار کرنے کی ترغیب دینے کے لیے نیشنل کمیونٹی ریڈیو ایوارڈز کا آغاز کیا ہے ۔ نیشنل کمیونٹی ریڈیو ایوارڈز ، ان کمیونٹی ریڈیو اسٹیشنوں کو دیئے جاتے ہیں  ، جنہوں نے  عوام پر مرکوز پروگراموں کے ذریعے کمیونٹی ریڈیو براڈکاسٹنگ کے میدان میں مثالی کام کیا ہے۔ ایوارڈز کے مختلف زمروں نے کمیونٹی ریڈیوز کے لیے مختلف  موضوعات  پر پروگرام تیار کرنے کے لیے ایک نمایاں کام کیا ہے۔  ان ایوارڈز  کے ذریعے پائیداری، اختراع اور شہریوں کی شرکت کے کلچر کو فروغ  ملا ہے۔

کمیونٹی ریڈیو  ، ریڈیو براڈکاسٹنگ میں تیسرے درجے  کی اہمیت کا حامل ہے، جو  عوامی خدمات کے ریڈیو براڈکاسٹنگ اور کمرشل ریڈیو سے الگ  خدمات انجام دیتا ہے۔ کمیونٹی ریڈیو اسٹیشن ( سی آر ایس )  کم  طاقت والے ریڈیو اسٹیشن  ہوتے ہیں، جو کمیونٹی پر مبنی  اداروں کے ذریعے قائم کیے جاتے ہیں اور چلائے جاتے ہیں ۔

کمیونٹی ریڈیو  ، کمیونٹیز کو صحت، غذائیت، تعلیم، زراعت وغیرہ سے متعلق مسائل پر مقامی  رائے کو نشر کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔ کمیونٹی ریڈیو اپنے مجموعی نقطہ نظر کے ذریعے ترقیاتی پروگراموں میں لوگوں کی شرکت کو مضبوط کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔  بھارت جیسے ملک میں، جہاں ہر ریاست کی اپنی زبان اور مخصوص ثقافتی شناخت ہے، سی آر ایس مقامی لوک موسیقی اور ثقافتی ورثے کا ذخیرہ بھی ہیں۔ بہت سے سی آر ایس  لوگوں کے لیے مقامی گانوں کو ریکارڈ اور محفوظ کرتے ہیں اور مقامی فنکاروں کو کمیونٹی کے سامنے اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم  فراہم کرتے ہیں۔ سی آر ایس  کا منفرد  مقام مثبت سماجی تبدیلی کا ایک آلہ ہے، جو اسے کمیونٹی کو بااختیار بنانے کا ایک مثالی ذریعہ بناتا ہے۔ چونکہ کمیونٹی ریڈیو کی نشریات مقامی زبانوں اور بولیوں میں ہوتی ہے، اس لیے لوگ فوری طور پر اس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

حکومت  ،  بھارت میں کمیونٹی ریڈیو  تحریک کی بڑے پیمانے پر حمایت کر رہی ہے تاکہ میڈیا کی یہ شکل آخری میل تک پہنچ جائے  ، جہاں مین اسٹریم میڈیا کی موجودگی کم ہے۔ پچھلے کچھ سالوں میں کمیونٹی ریڈیو اسٹیشنوں  میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ آج تک، ملک میں کل 449 کمیونٹی ریڈیو اسٹیشن ہیں، جن میں سے 70 فی صد  دیہی علاقوں میں  ہیں۔ کمیونٹی ریڈیو اسٹیشنوں کے قیام کے لیے تقریباً 100 مختلف تنظیموں کو اجازت دی گئی ہے۔ یہ کمیونٹی کو بااختیار بنانے اور انہیں مرکزی دھارے کے ترقیاتی عمل میں لانے کے لیے تبدیلی کے لیے حکومت کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

نیشنل کمیونٹی ریڈیو ایوارڈز میں بالترتیب   1 لاکھ، 75,000   اور  50,000 کا پہلا، دوسرا اور تیسرا انعام دیا جاتا ہے۔ ایوارڈ حاصل کرنے والوں کی تفصیلات درج ذیل ہیں:-

موضوعاتی ایوارڈز

  • پہلا انعام: ریڈیو مائنڈ ٹری، امبالا، ہریانہ؛ پروگرام کا نام: ہوپ ، جینے کی راہ
  •  دوسرا انعام: ریڈیو ہیراکھنڈ، سمبل پور، اوڈیشہ؛ پروگرام کا نام: آدھار او پوشن بگیان
  •     تیسرا انعام: گرین ریڈیو، صبور، بہار؛ پروگرام کا نام: پوشن شرنکھلا

 

انتہائی اختراعی کمیونٹی انگیجمنٹ ایوارڈز

  • پہلا انعام  : ریڈیو ایس ڈی، مظفر نگر، اتر پردیش؛ پروگرام کا نام: ہزرا اِن بِٹوین
  •  دوسرا انعام  : کبیر ریڈیو، سنت کبیر نگر، اتر پردیش؛ پروگرام کا نام: سیلفی لے لے رے
  •  تیسرا ایوارڈ: ریڈیو مائنڈ ٹری، امبالا، ہریانہ پروگرام کا نام: بُک بَکس

 

 مقامی ثقافت کے  فروغ کے  ایوارڈز

  • پہلا انعام: وائس آف ایس او اے  ، کٹک، اوڈیشہ؛ پروگرام کا نام: اسمیتا
  •  دوسرا انعام: فرینڈز ایف ایم، تری پورہ، اگرتلہ؛ پروگرام کا نام:  ریوائوِڈ   اے ڈائینگ ہارٹ: ماسک  اینڈ پوٹ
  •   تیسرا انعام: پنت نگر جانوانی، پنت نگر، اتراکھنڈ؛ پروگرام کا نام: دادی ماں کا بٹوا

 

 پائیداری ماڈل ایوارڈز

  • پہلا انعام: ریڈیو ہیراکھنڈ، سنبھل پور، اوڈیشہ
  •  دوسرا انعام: ویالاگا  ونولی، مدورائی، تمل ناڈو
  •  تیسرا انعام: وَگڈ  ریڈیو  "90.8"، بانسواڑہ، راجستھان

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( ش ح ۔ و ا ۔ ع ا ) 

U. No. 7373


(Release ID: 1941897) Visitor Counter : 183