صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

صدر جمہوریہ ہند نے اے بی وی – آئی آئی آئی ٹی ایم گوالیار کے چوتھے کانووکیشن میں شرکت کی

Posted On: 13 JUL 2023 5:12PM by PIB Delhi

ہندوستان کی صدر محترمہ دروپدی مرمو نے آج (13 جولائی 2023) مدھیہ پردیش کے گوالیار میں اٹل بہاری واجپائی-انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ (اے بی وی – آئی آئی آئی ٹی ایم) کے چوتھے کانووکیشن میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ادارے کے 500 بستروں پر مشتمل بوائز ہاسٹل کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

طلبا سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ معاشرے کے ان لوگوں کے بارے میں سوچیں جو ترقی کے سفر میں پیچھے رہ گئے ہیں۔ معاشرے کے تئیں ذمہ داری کا احساس ان کی ترقی کے لیے بھی کارآمد ثابت ہو گا، کیونکہ دوسروں کی مدد کرنے سے انسان کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قبائلی برادریوں، خواتین اور معاشرے کے دیگر کمزور طبقات کی بہبود کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔ لیکن یہ معاشرے کے ہر فرد بالخصوص نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے کے پسماندہ اور کمزور طبقات کی ترقی کے لیے کام کریں۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ہمارا معاشرہ اور ملک اس سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔

صدر نے طلبا کو تاکید کی کہ وہ اعتماد کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی رکاوٹ، کوئی چیلنج انہیں اپنے مقاصد کے حصول سے نہیں روک سکتا۔ انھوں نے طلبا کو نصیحت کی کہ وہ مقصد کو نظر انداز نہ کریں اور دوسروں کو بھی آگے بڑھنے میں مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ عزم کے ساتھ صحیح راستے کا انتخاب کریں اور آگے بڑھیں تو وہ اپنا مقصد حاصل کریں گے اور زندگی میں اطمینان حاصل کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ملازمت سے مالی فوائد اہم ہوتے ہیں، لیکن ملازمت کا اطمینان اس سے بھی زیادہ اہم ہے۔ انہوں نے طالب علموں کو مشورہ دیا کہ وہ خود سے سوال کرتے رہیں اور زندگی بھر خود کو بہتر بناتے رہیں۔

صدر جمہوریہ کو یہ جان کر خوشی ہوئی کہ آئی آئی ٹی ایم، گوالیار کے زیادہ تر طلبا کو اچھی کمپنیوں میں جگہ ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن طلبا کو پلیسمنٹ نہیں ملی ان کی صلاحیت کسی بھی لحاظ سے کم نہیں اور انہیں مستقبل میں بھی بے شمار مواقع ملیں گے۔

صدر جمہوریہ کو یہ جان کر خوشی ہوئی کہ آئی آئی آئی ٹی ایم، گوالیار اعلیٰ تعلیم اور تحقیق میں ایک بہترین مرکز بننے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اہمیت کا ایک انسٹی ٹیوٹ ہونے کے ناطے اس انسٹی ٹیوٹ کا فرض ہے کہ وہ ہندوستان کو آگے لے جانے کے لیے اختراعی کوششیں کرے اور طلبہ کو اپنے خیالات اور عمل سے ملک کے مسائل کا حل تلاش کرنے کے لیے تیار کرے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ہمارے ادارے، طلبا اور صنعتیں مل کر ہندوستان کو دنیا کا سب سے بڑا ٹیکنالوجی مرکز بنانے کے لیے کام کریں گی۔

 

صدر جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے براہ کرم یہاں کلک کریں

                                               **************

ش ح۔ ف ش ع- م ف

13-07-2023

U: 6997



(Release ID: 1939282) Visitor Counter : 106