امور داخلہ کی وزارت

مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے آج نئی دلی میں آنے والے موسم باراں کے ضمن میں سیلاب کے بندوبست کی مجموعی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطح کی میٹنگ کی صدارت کی


وزیراعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں آفات کے بندوبست کے شعبے میں کوششیں کی جا رہی ہیں کہ آفات کے دوران جانوں اور روزی روٹی کے نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے

مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ فی الحال آئی ایم ڈی اور سی ڈبلیو سی کی جانب سے سیلاب /بارش کی پانچ دن کی پیشگوئی کی جاتی ہے، اسے اگلے مانسون سیزن تک بڑھا کر سات روز کیا جا رہا ہے تاکہ سیلاب کے بندوبست کو اور بہتر بنایا جا سکے

جناب امت شاہ نے ہدایت دی کہ ایم ایچ اے اور این ڈی ایم اے مارچ 2024 تک ایک جامع سوفٹ ویئر تیار کریں، جس میں پیشگی اطلاع دینے والی تمام ایجنسیوں کو سائنٹفک ڈیٹا فراہم کیا جائے، جو آفات کے بندوبست کی ایجنسیوں تک فوراً پہنچایا جائے

حکومت کی آپدا مترا اسکیم میں گاؤوں میں روایتی غوطہ خوروں کو بھی آفات میں بچاؤ کی تربیت مہیا کرائی جائے

وزیر داخلہ نے ملک میں سیلاب کے لگاتار مسائل کو کم سے کم کرنے کے لئے ایک جامع پالیسی وضع کرنے کی خاطر طویل مدتی اقدامات پر بھی غور کیا

مرکزی وزیر داخلہ نے افسران کو ہدایت دی کہ ملک میں سیلاب اور بڑے طاس کے علاقوں میں پانی کی سطح کے مقصد سے مرکزی اور ریاستی ایجنسیوں کے درمیان تال میل کو مستحکم بنائیں

انڈیا میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی) اور سنٹرل واٹر کمیشن (سی ڈبلیو سی) جیسے مخصوص ادارے موسم اور سیلاب کی اور زیادہ قطعی پیشگوئی کے لئے اپنی ٹیکنالوجیز کے معیار کو بہتر بناتے رہیں

بجلی گرنے سے متعلق عوام کو ایس ایم ایس، ٹی وی ، ایف ایم ریڈیو اور دیگر ذرائع سے بروقت جانکاری دی جائے:وزیر داخلہ

جناب امت شاہ نے کہا کہ موسم کی اطلاع دینے والے موبائل ایپ مثلاً امنگ، رین الارم اور دامنی کو زیادہ سے زیادہ پبلیسٹی دی جائے تاکہ مطلوبہ آبادی تک ان کے فائدے پہنچ سکیں

Posted On: 02 JUN 2023 8:21PM by PIB Delhi

داخلہ اور تعاون کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے آنے والے مانسون کے تناظر میں سیلاب سے نمٹنے کے لیے مجموعی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے آج نئی دہلی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔ وزیر داخلہ نے ملک کے ہمیشہ پیش آنے والے سیلاب کے مسائل کی شدت کو کم کرنے کے لیے ایک جامع اور وسیع پالیسی تشکیل دینے کے لیے طویل مدتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔

مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے میں اس بات کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ آفات کے دوران جان و مال کے نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ڈی اور سی ڈبلیو سی کی جانب سے فی الحال 5 دن کی بارش/سیلاب کی پیشن گوئی کو اگلے مانسون سیزن تک بڑھا کر 7 دن تک کر دیا جائے گا تاکہ سیلاب کے انتظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ جناب امت شاہ نے ہدایت دی کہ مارچ 2024 تک وزارت داخلہ  اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اٹھارٹی کے ذریعے ایک جامع سافٹ ویئر تیار کیا جائے جس میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسیوں تک پہنچانے کے لیے متعلقہ سائنسی اعداد و شمار ابتدائی وارننگ دینے والی تمام ایجنسیوں کو فوری طور پر  دستیاب کرائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس سافٹ ویئر کی تیاری کے لیے  ماہرین کی غیر ملکی ایجنسیوں کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی آپدا متر اسکیم میں دیہات میں روایتی غوطہ خوروں کو آفار میں بچاو کی تربیت بھی دی جانی چاہئے۔

 

مرکزی وزیر داخلہ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مرکزی اور ریاستی ایجنسیوں کے درمیان تال میل کو مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رکھیں جس کا مقصد ملک کے بڑے نشیبی زون/علاقوں میں سیلاب اور پانی کی سطح میں اضافے کی پیش گوئی کے لیے مستقل نظام قائم کرنا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ موجودہ سیلابی موسم کے دوران موجودہ اور پیش گوئی شدہ دریائی سطح پر فی گھنٹے کے حساب سے نظر رکھی جائے۔ اور آنے والے سیلاب سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ذمہ داران کو پشتوں کی نگرانی، انخلاء، عارضی پناہ گاہیں بنانے سمیت تمام مناسب اقدامات کرنے چاہئیں۔

وزیر داخلہ نے ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) اور سنٹرل واٹر کمیشن (سی ڈبلیو سی) جیسے خصوصی اداروں کو موسم اور سیلاب کی زیادہ درست پیشین گوئی کے لیے اپنی ٹیکنالوجی کو عصری معیار سے ہم آہنگ کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے بجلی گرنے سے متعلق آئی ایم ڈی وارننگ ایس ایم ایس، ٹی وی، ایف ایم ریڈیو اور دیگر ذرائع سے عوام تک بروقت پہنچانے کی ہدایت کی۔ جناب امت شاہ نے کہا کہ موسم کی پیشن گوئی سے متعلق مختلف موبائل ایپس کی زیادہ سے زیادہ تشہیر کی جانی چاہیے جیسے ‘امنگ’، ‘رین الارم’ اور ‘دامنی’، جو آئی ایم ڈی کے ذریعہ تیار کی گئی ہیں تاکہ ان کے فوائد متعلقہ آبادی تک پہنچ سکیں۔ ‘دامنی’ ایپ آسمانی بجلی گرنے کے بارے میں تین گھنٹے پہلے وارننگ دیتی ہے جس سے جان و مال کے نقصانات کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ 2 جون 2022 کو منعقدہ سیلاب کے آخری جائزہ اجلاس کے دوران مرکزی وزیر داخلہ کی طرف سے دی گئی ہدایت کی تعمیل کرتے ہوئے یہ ایپ اب معلومات آسانی سے پھیلانے کے لیے 15 زبانوں میں دستیاب ہے۔

 

مرکزی وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ مختلف ایجنسیوں کے ذریعہ چلائے جانے والے کمیونٹی بیداری پروگرام میں ہم آہنگی ہونی چاہئے اور زیادہ موثر ہونے کے لئے اسے اسے مربوط کیا جانا چاہئے کیونکہ کمیونٹی کو ہی پہلے سرگرم ہونا ہے۔

 

میٹنگ میں ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی)، چیئرمین، سینٹرل واٹر کمیشن، روڈ ٹرانسپورٹ اور شاہ راہوں کی وزارت، آبی وسائل اور گنگا کی بحالی کے محکمے، ریلوے بورڈ، این ڈی آر ایف کے ڈی جی اور ڈائریکٹر، این آر ایس سی (اسرو) کے ڈائریکٹر نے اپنے خیالات پیش کئے۔ ان لوگوں نے سیلاب کے جائزہ اجلاس میں مرکزی وزیر داخلہ کی طرف سے دی گئی ہدایات پر کی جانے والی کارروائی، پچھلے سال اور موجودہ مانسون سیزن کے لیے مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں بھی آگاہی دی۔

 

اجلاس میں وزارتوں/ امور داخلہ؛ آبی وسائل، دریائی ترقی اور دریا کی بحالی؛ ماحولیات، جنگلات اور آب و ہوا میں تبدیلی؛  روڈ ٹرانسپورٹ اور شاہ راہوں کے سیکرٹریوں؛ ممبر اور سیکریٹری این ڈی ایم اے؛ این ڈی آر ایف کے ڈائریکٹر جنرل؛ سی ڈبلیو سی ، این ایچ اے آئی کے سربراہوں اور متعلقہ وزارتوں، آئی ایم ڈی اور ریلوے بورڈ کے دیگر سینئر افسران  نے شرکت کی۔

***

ش ح۔ ع س۔ ک ا



(Release ID: 1929562) Visitor Counter : 75