وزارت اطلاعات ونشریات
روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو اولین ترجیح دینے کے وزیراعظم کے عزم کے تحت ملک بھر میں 45 مقامات پر روزگار میلوں کا انعقاد کیا گیا
مرکزی وزیر جناب انوراگ ٹھاکر نے شملہ میں نئے بھرتی ہونے والے نوجوانوں کو تقرری نامے سونپے
بدعنوانی کو روکنے کے لیے پوری لگن اور ایمانداری کے ساتھ کام کریں: جناب انوراگ ٹھاکر
Posted On:
16 MAY 2023 5:51PM by PIB Delhi
روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو اوّلین ترجیح دینے کے وزیراعظم کے عزم کے تحت آج ملک بھر میں 45 مقامات پر روزگار میلوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے نئے بھرتی ہونے والے نوجوانوں کو تقرری کی پیشکش (او او اے) تقسیم کی۔
نئے تعینات ہونے والے افراد سرکاری خدمات میں شامل ہوکر قوم کی خدمت کریں گے۔ وہ قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کریں گے اور انڈیا@47 کے گواہ بنیں گے۔ یہ اس سیریز کی پانچویں کڑی ہے، جس میں وزیر اعظم نے اگلے ایک سال کے دوران 10 لاکھ تقرریاں کئے جانے کا تصور کیا ہے۔
ہماچل پردیش میں، اطلاعات و نشریات اور نوجوانوں کے امور اور کھیل کے مرکزی وزیر جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر نے گائٹی ہیریٹیج کلچرل کمپلیکس، شملہ میں منعقدہ روزگار میلے میں مہمان خصوصی کے طور پر مختلف عہدوں پر 28 نوجوانوں کو تقرری نامے سونپے۔ قومی سطح پر روزگار میلوں کا انعقاد کیا گیا جس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا۔ یہ پروگرام گائٹی ہیریٹیج کلچرل کمپلیکس، شملہ میں بھی براہ راست نشر کیا گیا، جہاں مرکزی وزیر جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر نے حاضرین سے خطاب کیا۔
جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر نے روزگار میلے میں شرکت کرنے والے نو منتخب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان سے کہا کہ وہ سرکاری محکموں میں بدعنوانی کو روکنے کے لیے پوری لگن اور ایمانداری کے ساتھ حکومت کے لیے کام کریں۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ صرف سرکاری نوکری حاصل کرنے کے لیے نہیں بلکہ قوم کی خدمت کے مقصد سے سرکاری ملازمت میں شامل ہوں۔ انھوں نے کہا کہ انھیں ملک کے ان غریب اور نادار لوگوں کی خدمت کرنی چاہئے جو انتودیہ فہرست میں سب سے نیچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمت کرتے ہوئے ایک مخصوص فیلڈ کا انتخاب کرنا چاہیے جہاں وہ اضافی وقت اور محنت لگا کر قوم کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی جس بھی رول میں ہو اسے ملک کے اتحاد وسالمیت کو مضبوط کرنے کے لیے کام کرنا چاہئے۔
زندگی کے تمام شعبوں میں ٹیکنالوجی کے غیرمعمولی استعمال اور اسٹارٹ اپس میں کئی گنا اضافہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے، انہوں نے نئے بھرتی ہونے والے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے لیے باقاعدگی سے خود کو تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے ایک لاکھ سے زیادہ اسٹارٹ اپس کے ساتھ دنیا کا تیسرا سب سے بڑا اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم بنایا ہے، جس نے 10 لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو روزگار دیا ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار فراہم کرنے کی سمت میں ایک نئی پہل کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے 10 لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کی سمت ایک قدم اٹھایا ہے۔ نئے تعینات کیے گئے لوگوں کا نام کرم ویر رکھا گیا ہے جو حکومت ہند کی نمائندگی کرنے والے سرکاری ملازمین کے طور پر کام کریں گے۔ سرکاری شعبے میں شامل ہونے سے معاشرے اور شہریوں کے تئیں ذمہ داری بڑھ جاتی ہے، جسے پوری لگن اور خلوص کے ساتھ نبھانا چاہیے۔
جناب ٹھاکر نے کہا کہ ملک اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ سرکاری شعبے کے ساتھ ساتھ نجی شعبے میں بھی روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ مرکزی حکومت نے سرکاری خدمات میں 10 لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، جس کے تحت وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں قومی سطح پر روزگار میلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں ان روزگار میلوں میں اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 88000 تقرری نامے دیے جا چکے ہیں۔ ریاستی حکومتوں کو بھی اس بات کی ترغیب دی جا رہی ہے کہ وہ خالی اسامیوں کو پُر کرنے کا کام شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ اب روزگار پر ہے۔
مرکزی وزیر نے بتایا کہ ہندوستان دنیا کی 5ویں سب سے بڑی معیشت بن گیا ہے اور جلد ہی تیسری سب سے بڑی اقتصادی طاقت بن کر ابھرے گا۔ ملک آگے بڑھ رہا ہے جس کے لیے مناسب توانائی کی بھی ضرورت ہے اور آپ حکومت کا حصہ بن کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ انہوں نے نئے آنے والوں پر زور دیا کہ وہ حکومتی اقدامات اور اسکیموں کو نافذ کرنے میں حکومت کی مدد کریں تاکہ ان کے فوائد آخری شہری تک پہنچ سکیں۔
ہماچل پردیش کی چیف پوسٹ ماسٹر جنرل محترمہ وندیتا کول نے پروگرام کے دوران خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ اس موقع پر جناب سریش کشیپ، ایم پی شملہ (ہماچل پردیش) اور مرکزی و ریاستی حکومت کے محکموں کے دیگر سینئر معززین موجود تھے۔
پس منظر
ملک بھر میں 45 مقامات پر روزگار میلوں کا انعقاد کیا گیا جہاں اس پہل کو آگے بڑھاتے ہوئے مرکزی حکومت کے محکموں اور ریاستی حکومتوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ذریعہ بھرتی کی گئی۔ پورے ملک سے منتخب افراد گرامین ڈاک سیوک، پوسٹل انسپکٹر، کمرشیل-کم-ٹکٹ کلرک، جونیئر کلرک-کم-ٹائپسٹ، جونیئر اکاؤنٹس کلرک، ٹریک مینٹینر، اسسٹنٹ سیکشن آفیسر، لوئر ڈویژن کلرک، سب ڈویژنل آفیسر، ٹیکس اسسٹنٹ، اسسٹنٹ انفورسمنٹ آفیسر، انسپکٹر، نرسنگ آفیسر، اسسٹنٹ سیکورٹی آفیسر، فائر مین، اسسٹنٹ اکاؤنٹس آفیسر، اسسٹنٹ آڈٹ آفیسر، ڈویژنل اکاؤنٹنٹ، آڈیٹر، کانسٹیبل، ہیڈ کانسٹیبل، اسسٹنٹ کمانڈنٹ، پرنسپل، تربیت یافتہ گریجویٹ ٹیچر، اسسٹنٹ رجسٹرار، اسسٹنٹ پروفیسر و دیگر جیسے مختلف عہدوں اور خدمات میں شامل ہوں گے۔
روزگار میلہ روزگار پیدا کرنے کو اولین ترجیح دینے کے وزیر اعظم کے عہد کو پورا کرنے کی سمت میں ایک قدم ہے۔ امید کی جاتی ہے کہ روزگار میلہ روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے میں ایک محرک کا کام کرے گا اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور قومی ترقی میں شرکت کے لیے بامعنی مواقع فراہم کرے گا۔
نئے بھرتی کئے گئے لوگوں کو کرم یوگی پرارمبھ کے ذریعے خود کو تربیت دینے کا موقع ملے گا، جو کہ مختلف سرکاری محکموں میں تمام نئی بھرتیوں کے لیے ایک آن لائن اورینٹیشن کورس ہے۔
******
ش ح۔ م م۔ م ر
U-NO.5188
15.05.2023
(Release ID: 1924653)
Visitor Counter : 132