صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ملیریا کے خاتمے پر ایشیا بحر الکاہل لیڈروں کا کنکلیو 24 اپریل کو نئی دلّی میں شروع ہوگا


2030 ء تک ملیریا سے پاک ایشیا بحر الکاہل کے ہدف کے لئے قومی اور علاقائی رفتار کو بحال کرنے پر غور کیا جائے گا

Posted On: 22 APR 2023 5:22PM by PIB Delhi

 

ملیریا کے عالمی دن کے پیش خیمہ کے طور پر،  حکومت ِ ہند کی  صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت  24  اپریل ،  2023  ء کو نئی دلّی میں ایشیا بحر الکاہل لیڈر وں کا   ملیریا  سے متعلق اتحاد   ( اے پی ایل ایم اے ) کے اشتراک سے ملیریا کے خاتمے پر ایشیا  بحر الکاہل  لیڈروں کنکلیو  منعقد کرے گی۔ یہ کنکلیو صحت اور خاندانی بہبود اور کیمیکلز اور فرٹیلائزرز کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ کی رہنمائی میں منعقد کیا جائے گا۔ کنکلیو کا مقصد 2030  ء تک ملیریا کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات  کی خاطر سیاسی عزم کا اعادہ کرنا ہے۔

یہ کنکلیو ایشیا بحر الکاہل خطے کے رہنماؤں کو ملیریا کے خاتمے کے لئے جاری کوششوں پر تبادلۂ خیال کرنے اور 2030  ء تک ملیریا سے پاک ایشیا  بحر الکاہل کے ہدف کے لئے قومی اور علاقائی  اقدامات کی رفتار کو بحال کرنے  کی خاطر ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔     کنکلیو کے اجلاس علاقائی اور قومی پیش رفت کا جائزہ  لینے ، خطرے   سے دو چار آبادی تک رسائی حاصل کرنے ، تحقیقی اختراع کو فروغ دینے ، پیش رفت میں تیزی لانے کے لئے نئی ٹیکنا لوجی کا استعمال کرنے اور بیماری کے خاتمے کے لئے مکمل حکومت کے طریقۂ کار کو اپنانے پر مشتمل ہوں گے ۔

بھارت نے حالیہ برسوں میں ملیریا کے خاتمے کی سمت میں قابل ذکر پیش رفت کی ہے اور عالمی سطح پر اس کی  ستائش کی گئی ہے۔ ان 11 ممالک میں سے  ، جو عالمی ادارہ صحت کے    ’ زیادہ بوجھ سے لے کر زیادہ اثرات ‘ والے اقدامات کا حصہ ہیں، صرف  بھارت میں  کووڈ – 19  وبائی بیماری کے عروج کے دوران ملیریا کے معاملات میں کمی  درج کی گئی ہے۔ ملیریا کے کیسز اور اموات میں بھی 2015  ء  سے 2022  ء تک بالترتیب  85.1  فی صد اور  83.6  فی صد کمی واقع ہوئی ہے ۔

کانفرنس کی صدارت نیتی آیوگ کے رکن (صحت) ڈاکٹر وی کے پال کریں گے۔ اس تقریب میں میزورم کے صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر جناب راجیش بھوشن، صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے سکریٹری، ڈاکٹر پونم کھیترپال سنگھ، علاقائی ڈائریکٹر، عالمی ادارہ صحت، اے پی ایل ایم اے ، ایس ای اے آراو  کے رکن ممالک کے وزرائے صحت بشمول ڈاکٹر کلوک ٹوگامانا، ہز ایکسی لینسی وزیر برائے صحت، سولومن آئی لینڈز اور ڈاکٹر آتونیو لالابالاو،  جمہوریہ فجی کے  وزیر صحت  شرکت کریں گے۔   ان کے علاوہ مختلف سرکاری محکموں، ترقیاتی شراکت داروں اور کارپوریٹس کے سینئر نمائندے بھی اس میں شرکت کریں گے۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( ش ح ۔ و ا ۔ ع ا ) 

U. No. 4375


(Release ID: 1918878) Visitor Counter : 188