صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے اسٹاپ ٹی بی پارٹنرشپ کی 36ویں بورڈ میٹنگ کی صدارت کی
ہم نے بھارت میں ٹی بی کو ختم کرنے کے لیے عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے اٹوٹ عزم کو دیکھا ہے۔ ہم ٹی بی کے خلاف تعاون پر مبنی لڑائی میں آگے بڑھ کر قیادت کرنے اور گلوبل ساؤتھ کی آواز بننے کے لیے تیار ہیں: ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ
’’ٹی بی مریضوں کا پتہ لگانے، حسابیاتی ماڈلنگ، ڈیجیٹل کام کاج اور نگرانی میں اختراع کے ذریعے بھارت زمینی سطح پر غیر معمولی کام کر رہا ہے‘‘
دنیا کو طبی سہولیات کو لوگوں کے قریب لانے کے لیے ہندوستانی اختراعات، افکار اور حکمت عملیوں کی تعمیل کرنی چاہیے: ڈاکٹر لوسیکا ڈیٹیو
Posted On:
25 MAR 2023 11:41AM by PIB Delhi
صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے آج یہاں اسٹاپ ٹی بی پارٹنرشپ کی 36ویں بورڈ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’ہم نے بھارت میں ٹی بی کو ختم کرنے کے لیے عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے اٹوٹ عزم کو دیکھا ہے۔ ہم ٹی بی کے خلاف تعاون پر مبنی لڑائی میں آگے بڑھ کر قیادت کرنے اور گلوبل ساؤتھ کی آواز بننے کے لیے تیار ہیں۔‘‘ ان کے ساتھ صحت اور خاندانی بہبود کی وزیر مملکت ڈاکٹر بھارتی پروین پوار بھی موجود تھیں۔
مجمع سے خطاب کرتے ہوئے، ڈاکٹر منڈاویہ نے کہا، ’’بھارت نے جی20 صدارت کے تحت 3 اہم طبی ترجیحات کی شناخت کی ہے۔ یہ سبھی ہمہ گیر ہیلتھ کوریج پر مرکوز ہیں اور ٹی بی کے خاتمہ کے لیے ہمارے طور طریقوں کے عین موافق ہیں۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹی بی مریضوں کا پتہ لگانے، حسابیاتی ماڈلنگ، ڈیجیٹل کام کاج اور نگرانی میں اختراع کے ذریعے ہندوستان زمینی سطح پر غیر معمولی کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’بھارت کو اس طرح کی اچھی روایات کو دہرانے کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ تکنیکی مدد شیئر کرنے میں خوشی ہوگی۔‘‘
ڈاکٹر منڈاویہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ نہ صرف کووڈ سے نجات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، بلکہ وزیر اعظم ٹی بی سے پاک بھارت مہم جیسی نئی حکمت عملیاں بھی لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو دنیا میں اپنی نوعیت کی منفرد تحریک بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹی بی کو ختم کرنے کے لیے برادریوں کو متحد کرنے کے لیے کارروائی کی اپیل ہے۔
اس بیماری کے خلاف عالمی لڑائی میں ٹی بی کے ٹیکہ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے، مرکزی وزیر صحت نے اسٹاپ ٹی بی پارٹنرشپ بورڈ سے اس پر صلاح و مشورہ کرنے اور اس سال ستمبر میں منعقد ہمہ گیر ہیلتھ کوریج پر اقوام متحدہ کی اعلیٰ سطحی میٹنگ میں اس معاملے کو اٹھانے کی اپیل کی۔ ڈاکٹر منڈاویہ نے کہا، ’’ٹی بی کے ٹیکہ کی فوری ضرورت ہے۔‘‘ ڈاکٹر منڈاویہ نے کہا کہ اس کے انفیکشن کو تیزی سے ٹریک کرنا، مینوفیکچرنگ صلاحیتوں کی توسیع اور اس کی آسان رسائی کے سلسلے میں دیگر ممالک کی مدد کرنا بھی اہم ہے۔
ڈاکٹر لوسیکا ڈیٹیو نے زور دے کر کہا کہ ٹی بی کو ختم کرنے میں ہندوستان کا اہم رول ہے، کیوں کہ بھارت کی ترقی دنیا کو آگے بڑھائے گی۔ انہوں نے ’’نکشے ڈیٹا کے بہت واضح ماڈلنگ‘‘ کے لیے بھی ہندوستان کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ طبی سہولیات کو لوگوں کے قریب لانے کے لیے ان کے اختراع، افکار اور حکمت عملی ایسی ہے، جس کی پوری دنیا پیروی کر سکتی ہے۔‘‘
اسٹاپ ٹی بی پارٹنرشپ بورڈ نے ملک کے اندر ثبوت سمیت ٹی بی کے انفیکشن کے بوجھ کے بارے میں ہندوستان کے تجزیہ کی تعریف کی۔ پروگرام میں ’’ٹی بی متاثرہ برادریوں اور شہری سماج کی جوابدہی رپورٹ: مہلک عدم مساوات کو دور کرنے کی ترجیحات‘‘ کا بھی افتتاح کیا گیا۔
وزارت صحت کی ایڈیشنل سکریٹری محترمہ رولی سنگھ، عالمی ادارہ صحت کے جنوب مشرقی ایشیا علاقہ کی ریجنل ڈائرکٹر ڈاکٹر پونم کھیترپال سنگھ، اسٹاپ ٹی بی پارٹنرشپ کے وائس چیئر جناب آسٹن ایرنج اوبی ایفونا، وزارت صحت کے جوائنٹ سکریٹری ڈاکٹر اشوک بابو، وزارت صحت کے مرکزی ٹی بی ڈویژن کے ڈپٹی ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر راجندر جوشی، وزارت صحت کے مرکزی ٹی بی ڈویژن کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر راؤ اور دیگر سینئر افسران بھی اس پروگرام میں شامل ہوئے۔
*****
ش ح – ق ت – ت ع
U: 3279
(Release ID: 1910688)
Visitor Counter : 116