وزیراعظم کا دفتر
وزیر اعظم نے آئی ٹی یو ایریا آفس اور انوویشن سنٹر کا افتتاح کیا
بھارت 6 جی وژن دستاویز کی نقاب کشائی کی اور 6 جی آر اینڈ ڈی ٹیسٹ بیڈ کا افتتاح کیا
’کال بیفور یو ڈِگ‘ ایپ لانچ کیا
ہندوستان ان ممالک کے لیے ایک رول ماڈل ہے جو اپنی معیشتوں کو فروغ دینے کے لیے ڈیجیٹل تبدیلی کے خواہاں ہیں: آئی ٹی یو سکریٹری جنرل
’’بھارت کے پاس دو اہم طاقتیں ہیں – اعتماد اور پیمانہ– ہم اعتماد اور پیمانے کے بغیر ٹیکنالوجی کو ہر کونے تک نہیں لے جا سکتے‘‘
’’ہندوستان کے لیے ٹیلی کام ٹیکنالوجی طاقت کا طریقہ نہیں ہے، بلکہ بااختیار بنانے کا مشن ہے‘‘
’’ہندوستان ڈیجیٹل انقلاب کے اگلے قدم کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے‘‘
’’آج پیش کی جانے والی وژن دستاویز اگلے چند سالوں میں 6 جی رول آؤٹ کے لیے ایک اہم بنیاد بن جائے گی‘‘
’’ہندوستان 5 جی کی طاقت سے پوری دنیا کے کام کے کلچر کو تبدیل کرنے کے لیے بہت سے ممالک کے ساتھ کام کر رہا ہے‘‘
’’آئی ٹی یو کی عالمی ٹیلی کمیونی کیشنز اسٹینڈرڈائزیشن اسمبلی اگلے سال اکتوبر میں دہلی میں منعقد ہوگی‘‘
’’یہ دہائی ہندوستان کے لیے ٹیکنالوجی کی دہائی ہے‘‘
Posted On:
22 MAR 2023 2:11PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج وگیان بھون میں ایک پروگرام میں ہندوستان میں نئے بین الاقوامی ٹیلی کمیونی کیشن یونین (آئی ٹی یو) ایریا آفس اور انوویشن سنٹر کا افتتاح کیا۔ وزیر اعظم نے بھارت 6 جی وژن دستاویز کی بھی نقاب کشائی کی اور 6 جی آر اینڈ ڈی ٹیسٹ بیڈ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے ’کال بیفور یو ڈِگ‘ ایپ بھی لانچ کیا۔ آئی ٹی یو اقوام متحدہ کی انفارمیشن اینڈ کمیونی کیشن ٹیکنالوجیز (آئی سی ٹی) کے لیے خصوصی ایجنسی ہے۔ ہندوستان نے ایریا آفس کے قیام کے لیے آئی ٹی یو کے ساتھ مارچ 2022 میں میزبان ملک کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ یہ ہندوستان، نیپال، بھوٹان، بنگلہ دیش، سری لنکا، مالدیپ، افغانستان اور ایران کی خدمت کرے گا، اقوام کے درمیان ہم آہنگی کو بڑھانے اور خطے میں باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی تعاون کو فروغ دے گا۔
بین الاقوامی ٹیلی کمیونی کیشن یونین کی سکریٹری جنرل محترمہ ڈورین بوگڈان مارٹن نے ہندوستان میں نئے آئی ٹی یو آفس اور انوویشن سنٹر کو تیار کرنے میں مدد کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا، جو ہندوستان اور آئی ٹی یو کی طویل تاریخ میں ایک نئے باب کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ خطے میں آئی ٹی یو کی موجودگی جدید ٹیکنالوجیز کو متعارف کرانے، صلاحیت سازی کو بہتر کرنے، اور صنعت کاری اور شراکت داری کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل خدمات، مہارتوں، سائبر سیکورٹی اور ڈیجیٹل شمولیت سے حاصل ہونے والی پیش رفت کا جواب دینے میں بھی مدد کرے گی۔ انہوں نے کہا، ’’ہندوستان ان ممالک کے لیے ایک رول ماڈل ہے جو اپنی معیشتوں کو بڑھانے، اپنی سرکاری خدمات پر نظر ثانی کرنے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے، دوبارہ کامرس بنانے اور اپنے لوگوں کو بااختیار بنانے کے لیے ڈیجیٹل تبدیلی کے خواہاں ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان دنیا کے سب سے بڑے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم، ڈیجیٹل ادائیگیوں کی مارکیٹ اور ٹیکنالوجی پر مبنی افرادی قوت کی آماجگاہ ہے اور وزیر اعظم کی قیادت نے ہندوستان کو ٹیک ایجادات اور گیم بدلنے کے ساتھ اسے اپنانے کے ڈیجیٹل محاذ پر ایک رہنما کے طور پر کھڑا کیا ہے۔ آدھار، یو پی آئی جیسے اقدامات نے ہندوستان کو علم پر مبنی معیشت میں بدل دیا ہے۔
مجمع سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ آج ایک خاص دن ہے جب ہندو کیلنڈر کا نیا سال شروع ہوتا ہے اور وکرم سموت 2080 کے موقع پر اپنی طرف سے مبارکباد پیش کی۔ ہندوستان کے تنوع اور صدیوں سے چلے آ رہے مختلف کیلنڈروں کی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے ملیالم کیلنڈر اور تمل کیلنڈر کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ وکرم سموت کیلنڈر 2080 سال سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریگورین کیلنڈر کے حساب سے ابھی 2023 چل رہا ہے لیکن وکرم سموت اس سے 57 سال پہلے شروع ہوا تھا۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ہندوستان کے ٹیلی کام سیکٹر میں اس مبارک دن پر ایک نئی شروعات ہو رہی ہے جہاں آئی ٹی یو کے ایریا آفس اور انوویشن سنٹر کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 6 جی ٹیسٹ بیڈ اور اس ٹیکنالوجی سے متعلق وژن دستاویز کی نقاب کشائی کی گئی ہے جو نہ صرف ڈیجیٹل انڈیا میں نئی توانائی کا آغاز کرے گی بلکہ گلوبل ساؤتھ کے لیے حل اور اختراعات بھی فراہم کرے گی۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ہندوستان کے اختراع کاروں، صنعتوں اور اسٹارٹ اپس کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی نوٹ کیا کہ اس اقدام سے جنوبی ایشیائی ممالک کے آئی ٹی کے شعبے میں تعاون اور اشتراک کو تقویت ملے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان جی 20 صدارت کے طور پر اپنی ذمہ داریوں کو پورا کر رہا ہے، جس کے تحت علاقائی تقسیم کو کم کرنا اس کی اہم ترجیحات میں سے ایک ہے۔ وزیر اعظم نے حالیہ گلوبل ساؤتھ سمٹ کا حوالہ دیا اور گلوبل ساؤتھ کی ضروریات کے مطابق ٹیکنالوجی، ڈیزائن اور معیارات کی اہمیت پر زور دیا کیونکہ گلوبل ساؤتھ تیزی سے تکنیکی تقسیم کو توڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’آئی ٹی یو ایریا آفس اور انوویشن سنٹر اس سمت میں ایک بہت بڑا قدم ہے اور یہ گلوبل ساؤتھ میں عالمگیر رابطہ فراہم کرنے کی ہندوستان کی کوششوں کو بھی رفتار دے گا۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی تقسیم کو ختم کرنے کے تناظر میں ہندوستان سے توقعات کا ہونا فطری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی صلاحیتیں، اختراعی ثقافت، بنیادی ڈھانچہ، ہنر مند اور اختراعی افرادی قوت اور اس کا سازگار پالیسی ماحول ان توقعات کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہندوستان کے پاس دو اہم طاقتیں ہیں – اعتماد اور پیمانہ– ہم اعتماد اور پیمانے کے بغیر ٹیکنالوجی کو ہر کونے تک نہیں لے جا سکتے۔ پوری دنیا اس سمت میں ہندوستان کی کوششوں کے بارے میں بات کر رہی ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا کہ اس سمت میں ہندوستان کی کوششیں پوری دنیا میں بحث کا موضوع بن گئی ہیں۔ کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعظم نے بتایا کہ ہندوستان اب دنیا کی سب سے زیادہ جڑی ہوئی جمہوریت ہے جس میں سو کروڑ سے زیادہ موبائل کنکشن ہیں اور اس تبدیلی کا سہرا انہوں نے سستے اسمارٹ فونز اور ڈیٹا کی دستیابی کو دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ہر ماہ یو پی آئی کے ذریعے 800 کروڑ سے زیادہ ڈیجیٹل ادائیگیاں کی جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان میں روزانہ 7 کروڑ سے زیادہ ای-توثیق ہوتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہندوستان میں کو-وِن پلیٹ فارم کے ذریعے 220 کروڑ سے زیادہ ویکسین کی خوراکیں دی گئیں۔ گزشتہ چند سالوں میں، وزیر اعظم نے کہا، ہندوستان نے اپنے شہریوں کے بینک کھاتوں میں 28 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم براہ راست بینیفٹ ٹرانسفر کے ذریعے منتقل کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جن دھن یوجنا کے ذریعہ ہندوستان نے کامیابی کے ساتھ امریکہ کی پوری آبادی سے زیادہ بینک اکاؤنٹس کھولنے میں کامیابی حاصل کی ہے جن کی بعد میں منفرد ڈیجیٹل شناخت یا آدھار کے ذریعہ تصدیق کی گئی اور موبائل فون کے ذریعہ سو کروڑ سے زیادہ لوگوں کو جوڑنے میں مدد کی۔
وزیر اعظم نے کہا، ’’ہندوستان کے لئے ٹیلی کام ٹیکنالوجی طاقت کا ایک طریقہ نہیں ہے، بلکہ بااختیار بنانے کا ایک مشن ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی ہندوستان میں عالمگیر ہے اور ہر کسی کے لیے قابل رسائی ہے۔ اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ پچھلے کچھ سالوں میں ہندوستان میں ڈیجیٹل شمولیت بڑے پیمانے پر ہوئی ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ 2014 سے پہلے ہندوستان میں براڈ بینڈ کنکٹیویٹی کے 60 ملین صارفین تھے لیکن آج یہ تعداد 800 ملین سے زیادہ ہو گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان میں انٹرنیٹ کنکشن کی تعداد 2014 سے پہلے 25 کروڑ کے مقابلے میں 85 کروڑ سے زیادہ ہے۔
ہندوستان میں انٹرنیٹ کے دیہی استعمال میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے بتایا کہ دیہاتوں میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد شہری علاقوں سے بڑھ گئی ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ڈیجیٹل پاور ملک کے کونے کونے تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 9 سالوں میں حکومت اور نجی شعبے کے ذریعے ہندوستان میں 25 لاکھ کلومیٹر آپٹیکل فائبر بچھایا گیا ہے۔ جناب مودی نے کہا، ’’2 لاکھ گرام پنچایتوں کو آپٹیکل فائبر سے جوڑا گیا ہے اور 5 لاکھ کامن سروس سنٹرز ڈیجیٹل خدمات دے رہے ہیں جس کی وجہ سے ایسی صورتحال پیدا ہو رہی ہے جہاں ڈیجیٹل معیشت باقی معیشت کے مقابلے ڈھائی گنا زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل انڈیا غیر ڈیجیٹل شعبوں کی حمایت کر رہا ہے، اور انہوں نے پی ایم گتی شکتی ماسٹر پلان کی مثال سے اس کی وضاحت کی۔ انہوں نے کہا کہ ’کال بیفور یو ڈِگ‘ ایپ اسی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ اس سے غیر ضروری کھدائی اور نقصان کے واقعات میں کمی آئے گی۔
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ’’آج کا ہندوستان تیزی سے ڈیجیٹل انقلاب کے اگلے قدم کی طرف بڑھ رہا ہے‘‘، وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا میں ہندوستان 5 جی کو سب سے تیزی سے شروع کرنے والا ملک ہے کیونکہ 5 جی خدمات صرف 120 دنوں میں 125 سے زیادہ شہروں میں شروع کی جا چکی ہیں اور 5 جی خدمات ملک کے تقریباً 350 اضلاع تک پہنچ چکی ہیں۔ ہندوستان کے اعتماد پر روشنی ڈالتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان 5 جی شروع کرنے کے صرف 6 ماہ بعد ہی 5 جی پر بات کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’آج پیش کی گئی وژن دستاویز اگلے چند سالوں میں 6 جی کے رول آؤٹ کے لیے ایک اہم بنیاد بنے گی۔‘‘
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ہندوستان میں کامیابی سے تیار کی گئی ٹیلی کام ٹیکنالوجی دنیا کے بہت سے ممالک کی توجہ اپنی طرف مبذول کر رہی ہے، وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ 4 جی سے پہلے ہندوستان صرف ٹیلی کام ٹیکنالوجی کا استعمال کنندہ تھا، لیکن آج وہ دنیا میں ٹیلی کام ٹیکنالوجی کا سب سے بڑا برآمد کنندہ بننے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہندوستان 5 جی کی طاقت سے پوری دنیا کے ورک کلچر کو تبدیل کرنے کے لیے بہت سے ممالک کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے‘‘، اور اس بات پر زور دیا کہ یہ 5 جی سے وابستہ مواقع، کاروباری ماڈلز اور روزگار کے امکانات کو سمجھنے میں بہت آگے جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا، ’’یہ 100 نئی لیبز ہندوستان کی منفرد ضروریات کے مطابق 5 جی ایپلی کیشنز تیار کرنے میں مدد کریں گی۔ 5 جی اسمارٹ کلاس رومز ہوں، کھیتی باڑی، شاندار ٹرانسپورٹ سسٹم یا صحت کی دیکھ بھال کی ایپلی کیشنز، ہندوستان ہر سمت میں تیزی سے کام کر رہا ہے۔‘‘ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ہندوستان کے 5 جی معیارات عالمی 5 جی سسٹمز کا حصہ ہیں، وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان مستقبل کی ٹکنالوجیوں کو معیاری بنانے کے لیے آئی ٹی یو کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ جناب مودی نے اس بات پر زور دیا کہ نیا انڈین آئی ٹی یو ایریا آفس 6 جی کے لیے صحیح ماحول پیدا کرنے میں بھی مدد کرے گا۔ وزیر اعظم نے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ آئی ٹی یو کی عالمی ٹیلی کمیونی کیشن اسٹینڈرڈائزیشن اسمبلی اگلے سال اکتوبر میں دہلی میں منعقد ہوگی جس میں دنیا بھر کے نمائندے ہندوستان کا دورہ کریں گے۔
خطاب کے اختتام پر وزیر اعظم نے ہندوستان کی ترقی کی رفتار پر روشنی ڈالی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ آئی ٹی یو کا یہ مرکز ایک اہم رول ادا کرے گا۔ وزیر اعظم نے کہا، ’’یہ دہائی ہندوستان کی ٹیک ایڈ (ٹیکنالوجی کی دہائی) ہے۔ ہندوستان کا ٹیلی کام اور ڈیجیٹل ماڈل ہموار، محفوظ اور شفاف ہے اور جنوبی ایشیا کے تمام دوست ممالک اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔‘‘
اس موقع پر مرکزی وزیر مواصلات جناب اشونی وشنو، مرکزی وزیر برائے امور خارجہ ڈاکٹر سبرامنیم جے شنکر، مواصلات کے مرکزی وزیر مملکت جناب دیوو سنگھ چوہان اور بین الاقوامی ٹیلی کمیونی کیشن یونین کی سکریٹری جنرل محترمہ ڈورین بوگڈان مارٹن و دیگر موجود تھے۔
پس منظر
آئی ٹی یو اقوام متحدہ کی انفارمیشن اور کمیونی کیشن ٹیکنالوجیز آئی سی ٹی) کے لیے خصوصی ایجنسی ہے۔ اس کا ہیڈکوارٹر جنیوا میں ہے، اور فیلڈ آفس، علاقائی دفاتر اور ایریا آفس کا ایک نیٹ ورک ہے۔ ہندوستان نے ایریا آفس کے قیام کے لیے آئی ٹی یو کے ساتھ مارچ 2022 میں میزبان ملک کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ ہندوستان کے ایریا آفس نے ایک انوویشن سنٹر قائم کرنے کا بھی تصور کیا، جو اسے آئی ٹی یو کے دیگر ایریا دفاتر میں منفرد بناتا ہے۔ ایریا آفس، جس کی فنڈنگ مکمل طور پر ہندوستان کے ذریعے کی جاتی ہے، نئی دہلی کے مہرولی میں سنٹر فار ڈیولپمنٹ آف ٹیلی میٹکس (سی-ڈاٹ) کی عمارت کی دوسری منزل پر واقع ہے۔ یہ ہندوستان، نیپال، بھوٹان، بنگلہ دیش، سری لنکا، مالدیپ، افغانستان اور ایران کو اپنی خدمات فراہم کرے گا، اور اقوام کے درمیان ہم آہنگی کو بڑھانے اور خطے میں باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی تعاون کو فروغ دے گا۔
بھارت 6 جی وژن دستاویز کو 6 جی کے ٹیکنالوجی انوویشن گروپ (ٹی آئی جی-6جی) نے تیار کیا ہے، جسے نومبر 2021 میں مختلف وزارتوں/محکموں، تحقیق و ترقی کے اداروں، ماہرین تعلیم، معیار طے کرنے والے اداروں، ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والوں اور صنعت کے اراکین کے ساتھ تشکیل دیا گیا تھا تاکہ ہندوستان میں 6 جی کے لیے روڈ میپ اور ایکشن پلان تیار کیا جا سکے۔ 6 جی ٹیسٹ بیڈ تعلیمی اداروں، صنعت، اسٹارٹ اپس، ایم ایس ایم ای، صنعت وغیرہ کو ترقی پذیر آئی سی ٹی ٹیکنالوجیز کو جانچنے اور ان کی توثیق کرنے کا ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ بھارت 6 جی وژن دستاویز اور 6 جی ٹیسٹ بیڈ ملک میں اختراعات، صلاحیت سازی اور ٹیکنالوجی کو تیزی سے اپنانے کے لیے ایک سازگار ماحول فراہم کرے گا۔
مربوط منصوبہ بندی اور پی ایم گتی شکتی کے تحت انفراسٹرکچر کنیکٹویٹی پروجیکٹوں کے مربوط نفاذ کے وزیر اعظم کے وژن کو پورا کرتے ہوئے، ’کال بیفور یو ڈِگ‘ (سی بڈ) ایپ ایک ایسا ٹول ہے جس کا تصور آپٹیکل فائبر کیبل جیسے بنیادی اثاثوں کو پہنچنے والے نقصان کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے، جو کہ غیر مربوط کھدائی کی وجہ سے ہوتا ہے، اور کھدائی سے ملک کو ہر سال تقریباً 3000 کروڑ روپے کا نقصان ہوتا ہے۔ موبائل ایپ سی بڈ کھدائی کرنے والوں اور اثاثہ جات کے مالکان کو ایس ایم ایس/ای میل نوٹیفکیشن اور کال کرنے کے لیے کلک کے ذریعے جوڑ ے گا، تاکہ زیر زمین اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے ملک میں منصوبہ بند کھدائی ہو سکے۔
سی بڈ، جو ملک کی حکمرانی میں ’پوری حکومت کے نقطہ نظر‘ کو اپنانے کا خاکہ پیش کرتا ہے، کاروبار کرنے میں آسانی کو بہتر بنا کر تمام متعلقین کو فائدہ پہنچائے گا۔ یہ ممکنہ کاروباری نقصان کو بچائے گا اور سڑک، ٹیلی کام، پانی، گیس اور بجلی جیسی ضروری خدمات میں کم خلل کی وجہ سے شہریوں کو ہونے والی تکلیف کو کم کرے گا۔
*****
ش ح – ق ت – ت ع
U: 3125
(Release ID: 1909653)
Visitor Counter : 144
Read this release in:
Bengali
,
Kannada
,
English
,
Marathi
,
Hindi
,
Assamese
,
Manipuri
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Telugu
,
Malayalam