صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

انڈین ریونیو سروس (کسٹمز اور بالواسطہ ٹیکس)، انڈین سول اکاؤنٹس سروس، انڈین ڈیفنس اکاؤنٹس سروس، انڈین ریلوے اکاؤنٹس سروس اور انڈین پوسٹ اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن (فنانس اینڈ اکاؤنٹس) سروس کے پروبیشنری افسران نے صدر سے ملاقات کی

Posted On: 03 FEB 2023 1:26PM by PIB Delhi

انڈین ریونیو سروس (کسٹمز اور بالواسطہ ٹیکس)، انڈین سول اکاؤنٹس سروس، انڈین ڈیفنس اکاؤنٹس سروس، انڈین ریلوے اکاؤنٹس سروس اور انڈین پوسٹ اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن (فنانس اینڈ اکاؤنٹس) سروس کے پروبیشنری افسران نے راشٹرپتی بھون میں آج (3 فروری 2023)صدر جمہوریہ ہند، محترمہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔

افسران سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ جیسا کہ ہمارا حکمرانی کا نظام زیادہ موثر، جوابدہ اور شفاف انتظامیہ اور بغیر کسی رکاوٹ کے خدمات کی فراہمی کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، ریونیو سروس اور مختلف اکاؤنٹس سروسز پہلے سے کہیں زیادہ بڑا کردار ادا کرنے جا رہی ہیں۔ دو دن پہلے مرکزی بجٹ 24-2023پیش کیا گیا جس میں آنے والے مالی سال کے لیے حکومت کے مالیات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ بجٹ کا مقصد شہریوں، خاص طور پر نوجوانوں کے لیے ترقی کے مواقع پیدا کرنا،جامع ترقی اور بہت سے دوسرے قومی مقاصد کو حاصل کرنا ہے۔ ان سب کو اپنی اپنی خدمات میں اکاؤنٹنگ، آڈیٹنگ اور بجٹ کے ذریعے اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ٹیکس دہندگان کی رقم کا ایک ایک روپیہ ملک کی ترقی اور لوگوں کی بھلائی کے لیے استعمال ہو۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ انڈین ریونیو سروس (کسٹمز اور بالواسطہ ٹیکس) کے افسروں کے پاس حکومت کے بالواسطہ ٹیکسوں کی وصولی اور انتظامیہ کے ذمہ دار افسران کے طور پر ایک چیلنجنگ کام ہے۔ ٹیکس کی تعمیل کو یقینی بنانے میں ان کا کردار اہم ہے کیونکہ یہ اقتصادی ترقی اور جامع ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ آئی آر ایس کسٹمز افسران ملک کی ’معاشی سرحدوں‘ کے محافظ کے طور پر بھی کام کرتے ہیں اور ملک کو درپیش منشیات کے کنٹرول، منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کے مسائل سے نمٹنے میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ یاد رکھیں کہ ٹیکس صرف حکومت کی آمدنی بڑھانے کا ایک ذریعہ نہیں ہے، یہ اقتصادی اور سماجی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ احتساب کرنا،حکمرانی میں احتساب کو نافذ کرنے کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ ایک مضبوط عوامی مالیاتی انتظامی نظام اچھی حکمرانی کی بنیاد ہے۔ ہندوستانی سول، دفاع، ریلوے اور پوسٹ اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن اکاؤنٹس سروسز کے افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایک مضبوط مالیاتی نظم و نسق کے نظام کی تعمیر اور دیکھ بھال کریں جو حکومت کے کام کو ہموار کرنے میں مدد کرتا ہے۔ اس لیے حکومت میں ان کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے اور آپ کو یہ ذمہ داری پوری لگن اور متعلقہ مہارت کے ساتھ نبھانی ہوگی۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ لوگوں میں شفافیت اور جوابدہی کے ساتھ ساتھ خدمات کی فراہمی میں زیادہ کارکردگی کی توقعات بڑھ رہی ہیں۔ ان توقعات کو پورا کرنے کے لیے سرکاری محکموں کے لیے ضروری ہے کہ وہ معلوماتی اور مواصلاتی ٹیکنالوجی کا بہترین استعمال کرتے ہوئے اپنے نظام کو جدید بنائیں۔ اس طرح، ٹیکنالوجی کی تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا کے ساتھ رفتار برقرار رکھنا ایک چیلنج کا شعبہ ہے۔ خدمات کی رسائی کو زیادہ سے زیادہ دستیاب کرنے کے لیے، ہمیں اپنے علم اور نظام کو اپ ڈیٹ کرتے رہنے کی ضرورت ہے۔

ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ ہم اپنے ادائیگی، اکاؤنٹنگ اور ٹیکس وصولی کے نظام کو سہل اور ہموار بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کا کس حد تک بہترین استعمال کر سکتے ہیں۔ آئی ٹی ٹولز کا استعمال نہ صرف غلط کاموں کا پردہ فاش کرنے کے لیے بلکہ مختلف سرکاری اسکیموں کے عمل اور نتائج کی جانچ اور نگرانی کے لیے بھی کیا جاتا ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ایک قوم اپنے انسانی وسائل کے بل بوتے پر ترقی کرتی ہے، جو دیگر جسمانی وسائل کو بہترین طریقے سے متحرک کرتے ہیں۔ انہوں نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض دیانتداری اور عزم کے ساتھ ادا کریں اور ملک کی تعمیر میں اپنی حصہ رسدی کریں۔

صدر کی تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

*****

U.No.1168

(ش ح - اع - ر ا)   


(Release ID: 1896150)