نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
مہاراشٹر کی ریتھمک جمناسٹ سمیکتا کالے کا سب سے بڑا مقابلہ خود سے ہے
Posted On:
29 JAN 2023 2:42PM by PIB Delhi
مہاراشٹر کی جمناسٹ سمیکتا کالے نے پنچکولہ میں منعقدہ کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کے چوتھے ایڈیشن میں ریتھمک جمناسٹک کے زمرے میں پانچ گولڈ میڈل حاصل کیے۔ سمیکتا ایک بار پھر کھیلو انڈیا یوتھ گیمز میں حصہ لے رہی ہیں اور جب وہ جمناسٹک ایونٹ کی میزبان لکشمی بائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فزیکل ایجوکیشن، گوالیار میں اترتی ہیں تو وہ اپنا مقابلہ خود سے ہی کر رہی ہوتی ہیں، کیونکہ انھیں یہ ثابت کرنا ہوتا ہے کہ انھوں نے پنچکولہ میں جو کچھ کیا وہ صرف ایک بار نہیں تھا۔
ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والی سمیکتا نے پانچ سال کی عمر میں جمناسٹک کے میدان میں قدم رکھا۔ پنچکولہ میں، سمیکتا نے انفرادی اپیریٹس - ہوپ، بال، کلب اور ربن کے علاوہ چار گولڈ میڈل جیتے تھے ۔ سمیکتا نے اس ایونٹ میں کل پانچ گولڈ کے ساتھ کلین سویپ کیا تھا۔ سمیکتا کھیلو انڈیا یوتھ گیمز 2022 مدھیہ پردیش میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں، جو گجرات میں منعقدہ نیشنل گیمز میں انفرادی آل راؤنڈ گولڈ اور اس ماہ بنگلورو میں منعقدہ 25 ویں قومی چمپئن شپ میں دو گولڈ اور تین سلور میڈل جیت کر تازہ دم ہیں۔
کھیلو انڈیا یوتھ گیمز 2022 مدھیہ پردیش میں اپنے امکانات اور تیاریوں کے بارے میں، سمیکتا نے کہا، “میری تیاری بہت اچھی ہے۔ مہاراشٹر سے جو جمناسٹ حصہ لے رہے ہیں ہم سب سخت محنت کر رہے ہیں۔ میں فینکس اکیڈمی میں مانسی سروے اور پوجا سروے کی نگرانی میں پریکٹس کر رہی ہوں، جو میری بچپن کی کوچز ہیں۔ میں دن میں 6 گھنٹے مشق کرتی ہوں اور میری فیملی اور کوچز کھیلوں سے متعلق میری تمام ضروریات کا خیال رکھتی ہیں۔ گوالیار میں میری کارکردگی بہت اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ اس سے مجھے مزید بین الاقوامی نمائش ملے گی۔ اس سال میں اپنی ہی اکیڈمی کے کیمیا کارلے سے مقابلہ کر رہی ہوں، لیکن میری اصل لڑائی خود سے ہے۔
سمیکتا کو بین الاقوامی جمناسٹکس فیڈریشن (ایف آئی جی) نے بھی تسلیم کیا ہے اور انھیں ایف آئی جی کی دنیا بھر کے سرفہرست جمناسٹوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ ان کی بہت بڑی کامیابی ہے اور ان کی محنت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کھیلو انڈیا یوتھ گیمز، نیشنل گیمز اور نیشنل چمپئن شپ کے علاوہ سمیکتا نے کئی بین الاقوامی مقابلوں میں بھی حصہ لیا ہے۔
سمیکتا کی کوچ مانسی سروے نے ان کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ مانسی نے کہا،- سمیکتا نے اپنے کیریئر میں اب تک کل 130 تمغے جیتے ہیں، جن میں سے 119 گولڈ میڈل ہیں۔ 2019 میں، سمیکتا نے تھائی لینڈ میں منعقدہ ایشین چمپئن شپ میں کلب اپریٹس میں ساتویں نمبر پر کوالیفائی کیا تھا اور ہندوستان کے لیے ایک تاریخ رقم کی تھی۔ ہندوستان اس سے پہلے کبھی بھی ٹاپ 8 میں کوالیفائی نہیں کرسکا تھا۔ اس کے بعد وہ فرانس میں ورلڈ اسکول گیمز اور 2022 میں تھائی لینڈ میں ہونے والی ایشین چیمپئن شپ میں کھیلنے کے لیے چلی گئیں۔ وہاں انھیں تین کے بجائے دو اپریٹس دیے گئے۔ وہ ان میں بھی سرفہرست رہیں۔
پنچکولہ میں جمناسٹک فلور پر اپنی کارکردگی سے سنسنی پیدا کرنے والی سمیکتا ایک بار پھر اپنی کارکردگی کو دہرانے کے لیے تیار ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کھیلو انڈیا یوتھ گیمز میں حصہ لینے کے بعد ان کی زندگی میں کیا تبدیلی آئی ہے؟ تو سمیکتا نے کہا، ’’کھیلو انڈیا میں حصہ لینے کے بعد مجھے بہت زیادہ ایکسپوزر ملا۔ اس وقت مقابلے کا وقت تھا اس لیے میں نے بہت سے ایونٹس میں حصہ لیا۔ میرے لیے میری زندگی میں کھیل اور پڑھائی کے علاوہ کچھ نہیں ہے، اس لیے میں ہر وقت اسی پر توجہ مرکوز کرتی ہوں اور ایک بار پھر کھیلو انڈیا کے لیے تیار ہوں۔‘‘
مہاراشٹر، کھیلو انڈیا یوتھ گیمز 2022 مدھیہ پردیش کے اس ایڈیشن میں 450 سے زیادہ کھلاڑی تمام شعبوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ کچھ نمایاں ناموں میں ویدانت مادھون (تیراکی)، شردھا چوپاڑے (جوڈو)، آکانکشا ویوہارے (ویٹ لفٹنگ؛ 40 کلوگرام کٹیگری)، بھومیکا موہیتے اور نکیتا کمالکر (ویٹ لفٹنگ؛ 55 کلوگرام کٹیگری)، بشال چانگ مئی (تیر اندازی)، وشوا ناتھ (40 کلوگرام کٹیگری)، عثمان انصاری (باکسنگ 55 کلوگرام کٹیگری) اور دیویکا گھورپڑے (باکسنگ 52 کلوگرام کٹیگری)، شامل ہیں۔
کھیلو انڈیا یوتھ گیمز 2022 میں ملک بھر سے 5000 سے زیادہ کھلاڑی حصہ لیں گے جو پہلی بار مدھیہ پردیش کی میزبانی میں ہورہا ہے۔ عزت مآب وزیر اعلیٰ جناب شیوراج سنگھ چوہان 30 جنوری کو بھوپال میں گیمز کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔ کھیلو انڈیا یوتھ گیمز 2022 مدھیہ پردیش کے اس ایڈیشن کی میزبانی ریاست کے آٹھ شہروں - بھوپال، اندور، گوالیار، جبل پور، اجین، بالاگھاٹ، منڈلا، کھرگون (مہیشور) میں کی جائے گی، جبکہ ٹریک سائیکلنگ ایونٹ دہلی میں منعقد ہوگا۔ اس ایڈیشن میں 27 کھیلوں کے مقابلے ہوں گے اور کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کے روسٹر میں واٹر اسپورٹس کی بھی شمولیت ہوگی۔
******
ش ح۔ م م۔ م ر
U-NO. 960
(Release ID: 1894492)
Visitor Counter : 149