مکانات اور شہری غریبی کے خاتمے کی وزارت
گذشتہ 2 برسوں میں، پی ایم سواندھی نے 45.32 لاکھ مستفیدین کو دو قسطوں میں 4606.36 کروڑ روپئے کے بقدر کے 40.07 لاکھ سے زائد قرض تقسیم کیے: ہردیپ ایس پوری
پی ایم سواندھی نے خوانچہ فروشوں کو ڈجیٹل لین دین کی سہولت فراہم کرکے مالی شمولیت کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا ہے: ہردیپ ایس پوری
پی ایم سواندھی اسکیم نے 9326 خوانچہ فروشوں کو سویگی اور زومیٹو جیسے خوردنی اشیاء کی بہم رسانی والے پلیٹ فارموں سے مربوط ہونے کا اہل بنا دیا ہے
مرکزی وزیر ہردیپ ایس پوری نے نیشنل اسٹریٹ فوڈ فیسٹیول کا افتتاح کیا
Posted On:
13 JAN 2023 5:34PM by PIB Delhi
- نیشنل ایسو سی ایشن آف اسٹریٹ وینڈرس آف انڈیا (این اے ایس وی آئی) نے قومی اسٹریٹ فوڈ میلہ کے 12ویں ایڈیشن کا اہتمام کر رہا ہے۔
- یہ خوانچہ فروشوں کے لیے ملک کے ہر کونے کے کھانیں پیش کرنے کا ایک منفرد پلیٹ فارم ہے۔
- ’’میرا ماننا ہے کہ اس پلیٹ فارم میں خوانچہ فروشوں کے لیے روزگار کے مواقع کو مضبوط بنانے کے مضمرات پنہاں ہیں۔‘‘
جناب ہردیپ ایس پوری
|
آج ایک پروگرام کے دوران پردھان منتری اسٹریٹ وینڈرس آتم نربھر ندھی (پی ایم سواندھی) کے بارے میں، ہاؤسنگ اور شہری امور اور پیٹرولیم اور قدرتی گیس کے وزیر جناب ہردیپ ایس پوری نے کہا کہ اس اسکیم کو ملک بھر کے خوانچہ فروشوں سے ازحد مثبت ردعمل حاصل ہوا ہے اور یہ بھارتی حکومت کی سب سے تیزی سے بڑھتی مائکرو- کریڈٹ اسکیموں میں سے ایک بن گئی ہے۔ پچھلے دو برسوں میں، پی ایم سواندھی نے 45.32 لاکھ مستفیدین کو دو قسطوں میں 4606.36 کروڑ روپئے کے بقدر کے 40.07 لاکھ سے زائد قرض تقسیم کیے ہیں۔
جناب ہردیپ ایس پوری نے مزید کہا کہ، ’’ڈجیٹل انڈیا کی تصوریت سے ہم آہنگ، پی ایم سواندھی نے خوانچہ فروشوں کو ڈجیٹل لین دین کی سہولت فراہم کرکے مالی شمولیت کے لیے ایک پلیٹ فارم بھی فراہم کیا ہے۔ مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ اب تک خوانچہ فروشوں نے 45000 کروڑ روپئے سے زائد کے 37.70 کروڑ ڈجیٹل لین دین درج کیے ہیں۔ ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت نے ڈجیٹل لین دین کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے مستفیدین کو کیش بیک کی شکل میں 23.02 کروڑ روپئے جاری کیے ہیں۔‘‘
وزیر موصوف نے مزید کہا کہ پی ایم سواندھی اسکیم نے خوانچہ فروشوں کی قرض تک آسان رسائی کے لیے انہیں سفارش نامے (ایل او آر) دے کر انہیں پیشہ وارانہ شناخت فراہم کرنے میں مدد کی ہے۔ اس کے علاوہ، خوانچہ فروشوں کو ان کے کام میں شناخت اور وقار کا احساس پیدا کرنے کے لیے ایک پریچے بورڈ دیا گیا ہے۔ یہ بورڈ خوانچہ فروشوں کو غیر ضروری ایذا رسانی سے بچاتے ہوئے کاروبار میں آسانی کو بڑھاوا دینے کے لیے ایک وسیلے کے طور پر کام کرتے ہیں۔
جناب پوری قومی اسٹریٹ فوڈ میلے کے 12 ویں ایڈیشن کے افتتاح کے موقع پر لوگوں سے خطاب کررہے تھے، جس کا اہتمام نیشنل ایسو سی ایشن آف اسٹریٹ وینڈرس آف انڈیا (این اے ایس وی آئی) کے ذریعہ کیا جا رہا ہے۔یہ خوانچہ فروشوں کے لیے ملک کے ہر کونے سے کھانے پیش کرنے کا ایک منفرد پلیٹ فارم ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ، ’’یہ ایک نیا خیال ہے جو گذشتہ چند برسوں میں خوانچہ فروشوں کی کامیابی کی مختلف کہانیوں کی جانب توجہ دلاتا ہے، اور لوگ مقامی کھانوں کو بھی پسند کرتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ اس پلیٹ فارم میں خوانچہ فروشوں کے لیے روزگار کے مواقع کو مضبوط کرنے کی اہلیت ہے۔ آج، جیسا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ ملک میں اسٹارٹ اپ اور صنعت کاری کی لہر کو فروغ حاصل ہو رہا ہے، خودروزگار کی اہمیت کو پہچانا جا رہا ہے۔ بہت چھوٹی معیشت میں خوانچہ فروشوں کی اہمیت کو سمجھا جا رہا ہے۔‘‘
خوردنی اشیاء کی بہم رسانی والے پلیٹ فارم (زومیٹو، سویگی، وغیرہ) کے ساتھ رابطے کے بارے میں بات کرتے ہوئے، وزیر موصوف نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پی ایم سواندھی نے 9326 خوانچہ فروشوں کو سویگی اور زومیٹو جیسے فوڈ ڈلیوری پلیٹ فارم سے جڑنے کے قابل بنا دیا ہے۔ ان پلیٹ فارموں پر 9 جنوری 2023 تک 21.93 کروڑ روپئے کی مجموعی فروخت ہوئی ہے۔ ایسی شراکت داریوں کے توسط سے، فروخت کاروں اور صارفین دونوں کے لیے ایک وسیع منڈی تک رسائی ممکن ہوگئی ہے۔
حالیہ برسوں میں حکومت کے ذریعہ کیے گئے فلاح وبہبود پر مبنی حکمرانی کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی حکومت میں لوگوں کی فلاح و بہبود ہمیشہ ہی بنیاد کا پتھر رہا ہے، جس پر تمام تر پالیسیاں بنائی گئی ہیں۔ پی ایم سواندھی جیسی شہریوں پر مرتکز اسکیمیں اس پر توجہ مرکوز کرتی ہیں۔انہوں نے آگے کہا، ’’یہ ہمارا اصول ہے کہ سبھی کے وقار میں اضافہ ہونا چاہئے اور ہر ایک شخص کی خدمت اور تعاون کو منصفانہ طور پر تسلیم کیا جانا چاہئے۔ ہمارے سماج کے کمزور اور حاشیہ پر موجود طبقات، خصوصاً شہروں اور قصبوں میں، حکومت کی قیادت میں مختلف کاموں سے ازحد مستفید ہوئے ہیں۔‘‘
******
ش ح۔ا ب ن۔ م ف
U-NO.455
(Release ID: 1891161)
Visitor Counter : 138