وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے وارانسی میں دنیا کے سب سے طویل دریائی کروز - ایم وی گنگا ولاس کو  ہری جھنڈی دکھائی


ٹینٹ سٹی کا افتتاح کیا

ایک ہزار کروڑ  روپے سے زائد مالیت کے اندرون ملک آبی گزرگاہوں کے دیگر منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا

ہلدیہ میں ملٹی ماڈل ٹرمینل کا افتتاح کیا

’’مشرقی ہندوستان کے بہت سے سیاحتی مقامات ایم وی گنگا ولاس کروز سے فائدہ اٹھانے والے ہیں‘‘

’’کروز اپنے نتیجے میں ترقی کی ایک نئی شاہراہ  بنائے گا‘‘

’’آج ہندوستان کے پاس سب کچھ ہے اور بہت کچھ  ایسا ہے جو آپ کے تصور سے بالا تر ہے‘‘

’’گنگا جی صرف ایک دریا نہیں ہے اور ہم اس مقدس دریا کی خدمت کے لیے نمامی گنگا اور ارتھ گنگا کے ذریعے جڑواں طریقہ اختیار کر رہے ہیں‘‘

’’بڑھتے ہوئے عالمی پروفائل کے ساتھ، ہندوستان  میں آنے اور اس کو جاننے میں دلچسپی بھی بڑھ رہی ہے‘‘

’’21ویں صدی کی یہ دہائی ہندوستان میں بنیادی ڈھانچے کی تبدیلی کی دہائی ہے‘‘

’’دریائی آبی گزرگاہیں ہندوستان کی نئی طاقت ہیں‘‘

Posted On: 13 JAN 2023 11:56AM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج دنیا کے سب سے طویل دریائی کروز-ایم وی  گنگا ولاس کو  ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہری جھنڈی دکھائی  اور وارانسی میں ٹینٹ سٹی کا افتتاح بھی کیا۔ تقریب کے دوران  انہوں نے 1000 کروڑ روپے سے زیادہ کی مالیت کے  کئی دیگر اندرون ملک آبی گزرگاہوں کے منصوبوں کا بھی افتتاح  کیا اور سنگ بنیاد رکھا ۔  ریور کروز ٹورازم کو فروغ دینے کے لیے وزیر اعظم کی کوششوں کے عین مطابق، اس سروس کے آغاز کے ساتھ ہی ریور کروز کی بہت بڑی غیر استعمال شدہ صلاحیت کھل جائے گی اور یہ ہندوستان کے لیے ریور کروز ٹورازم کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گی۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بھگوان مہادیو کی ستائش کی اور لوہڑی کے پرمسرت موقع پر سب کو مبارکباد دی۔ وزیر اعظم نے ہمارے تہواروں میں خیرات، اعتقاد، تپسیا اور اعتقاد اور ان میں ندیوں کے کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے دریائی آبی گزرگاہوں سے متعلق منصوبوں کو مزید اہمیت حاصل ہو جاتی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ کاشی سے ڈبرو گڑھ تک سب سے طویل دریائی  کروز کو آج جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جا رہا ہے جو دنیا کے سیاحتی نقشے پر شمالی ہندوستان کے سیاحتی مقامات کو سامنے لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج وارانسی، مغربی بنگال، اتر پردیش اور بہار، آسام میں 1000 کروڑ کی لاگت کے دیگر پروجیکٹوں سے مشرقی ہندوستان میں سیاحت اور روزگار کے مواقع کو فروغ حاصل ہو گا۔

ہر ہندوستانی کی زندگی میں دریائے گنگا کے مرکزی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کناروں کے آس پاس کا علاقہ آزادی کے بعد کے عرصے میں ترقی میں پیچھے رہ گیا جس کی وجہ سے اس علاقے سے آبادی کا بڑے پیمانے پر اخراج ہوا۔ وزیر اعظم نے اس ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لیے دوہرے  نقطہ نظر کی وضاحت کی۔ ایک طرف نمامی گنگا کے ذریعے گنگا کو صاف کرنے کی مہم چلائی گئی اور دوسری طرف ’ارتھ گنگا‘ کا آغاز کیا گیا۔ ’ارتھ گنگا‘ میں ان ریاستوں میں معاشی حرکیات کا ماحول بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں جہاں سے گنگا گزرتی ہے۔

کروز کے پہلے سفر پر جانے والے بیرونی ممالک کے سیاحوں سے براہ راست خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا  ’’آج ہندوستان کے پاس سب کچھ ہے اور بہت کچھ ایسا ہے جو  آپ کی سمجھ سے بھی بالا تر ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کا تجربہ صرف دل سے کیا جا سکتا ہے کیونکہ اس قوم نے خطے یا مذہب، مسلک یا ملک سے قطع نظر ہر کسی کا کھلے دل سے خیرمقدم کیا ہے اور دنیا کے تمام حصوں سے آنے والے سیاحوں کا خیرمقدم کیا ہے۔

دریائی کروز کے تجربے پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعظم نے بتایا کہ اس میں ہر ایک کے لیے کچھ خاص ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روحانیت کے خواہاں افراد، کاشی، بودھ گیا، وکرمشیلا، پٹنہ صاحب اور ماجولی جیسی منزلوں کا احاطہ کریں گے، کثیر القومی کروز کے تجربے کی تلاش میں آنے والے سیاحوں کو بنگلہ دیش میں ڈھاکہ کے راستے جانے کا موقع ملے گا، اور جو لوگ ہندوستان کے قدرتی تنوع کا مشاہدہ کرنا چاہتے ہیں سندربن اور آسام کے جنگلات سے گزریں گے۔ یہ دیکھتے ہوئے کہ کروز 25 مختلف ندی نالوں سے گزرے گا، وزیر اعظم نے کہا کہ یہ کروز ان لوگوں کے لیے  خاص اہمیت رکھتا ہے جو ہندوستان کے دریائی نظام کو سمجھنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ ان لوگوں کے لیے ایک سنہری موقع ہے جو ہندوستان کے بے شمار پکوان اور کھانوں کو تلاش کرنا چاہتے ہیں۔  وزیراعظم نے تبصرہ کیا ’’اس کروز پر ہندوستان کے ورثے اور اس کی جدیدیت کے غیر معمولی امتزاج کا مشاہدہ کیا جا سکتا ہے‘‘۔  وزیر اعظم نے کروز ٹورازم کے نئے دور پر کہ جہاں ملک کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، روشنی ڈالتے ہوئے کہا’’صرف غیر ملکی سیاح ہی نہیں بلکہ  وہ ہندوستانی جو اس طرح کے تجربے کے لیے مختلف ممالک کا سفر کرتے ہیں، اب شمالی ہندوستان کی طرف جا سکتے ہیں‘‘۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بجٹ کے ساتھ ساتھ لگژری تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے کروز ٹورازم کو فروغ دینے کے لیے ملک کے دیگر اندرون ملک آبی گزرگاہوں پر بھی اسی طرح کے تجربات کیے جا رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے یہ بھی بتایا کہ ہندوستان سیاحت کے ایک مضبوط مرحلے میں داخل ہو رہا ہے کیونکہ بڑھتی ہوئی عالمی پروفائل کے ساتھ ہندوستان کے بارے میں تجسس بھی بڑھ رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اسی لیے گزشتہ 8 سالوں میں ملک میں سیاحت کے شعبے کو وسعت دینے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔ مذہبی مقامات کو ترجیحی بنیادوں پر تیار کیا گیا اور کاشی ایسی کوششوں کی زندہ مثال ہے۔ بہتر سہولیات اور کاشی وشواناتھ دھام کی بحالی کے ساتھ، کاشی میں آنے والے عقیدت مندوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس سے مقامی معیشت کو زبردست فروغ ملا ہے۔ جدیدیت، روحانیت اور اعتقاد سے مزین نیا ٹینٹ سٹی سیاحوں کو ایک نیا تجربہ فراہم کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج کی تقریب ملک میں 2014 کے بعد  طے کی گئیں پالیسیوں، فیصلوں اور سمت کی عکاس ہے۔ ’’21ویں صدی کی یہ دہائی ہندوستان میں بنیادی ڈھانچے کی تبدیلی کی دہائی ہے۔ ہندوستان بنیادی ڈھانچے کی اس سطح کا مشاہدہ کر رہا ہے جس کا کچھ سال پہلے تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ سماجی بنیادی ڈھانچہ جیسے مکانات، بیت الخلا، اسپتال، بجلی، پانی، کھانا پکانے کی گیس، تعلیمی اداروں  اور  ڈیجیٹل انفراسٹرکچر سے لے کر ریل، آبی گزرگاہوں، فضائی راستوں اور سڑکوں جیسے فزیکل کنکٹی وٹی انفراسٹرکچر تک، یہ سب ہندوستان کی تیز رفتار ترقی کے مضبوط اشارے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ تمام شعبوں میں ہندوستان سب سے بہتر اور سب سے بڑا دکھائی دے  رہا ہے۔

وزیر اعظم نے ملک میں نقل و حمل کے اس موڈ میں بھرپور تاریخ کے باوجود 2014 سے پہلے ہندوستان میں دریائی آبی گزرگاہوں کے کم استعمال کی نشاندہی کی۔ سال  2014 کے بعد، ہندوستان اس قدیم طاقت کو جدید ہندوستان کے مقصد کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ ملک کے بڑے دریاؤں میں آبی گزرگاہوں کی ترقی کے لیے نیا قانون اور تفصیلی ایکشن پلان ہے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ 2014 میں ملک میں صرف 5 قومی آبی گزرگاہیں تھیں، اب ملک میں 111 قومی آبی گزرگاہیں ہیں اور تقریباً دو درجن پہلے ہی کام کر رہی ہیں۔ اسی طرح دریائی آبی گزرگاہوں کے ذریعے کارگو کی نقل و حمل میں 8 سال پہلے کے 30 لاکھ میٹرک ٹن سے 3 گنا اضافہ ہوا ہے۔

مشرقی ہندوستان کی ترقی کے موضوع پر واپس آتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ آج کی تقریب مشرقی ہندوستان کو ترقی یافتہ ہندوستان کے لئے ترقی کا انجن بنانے میں مدد کرے گی ۔ یہ ہلدیہ ملٹی موڈل ٹرمینل کو وارانسی سے جوڑتا ہے اور انڈیا بنگلہ دیش پروٹوکول روٹ اور شمال مشرق سے بھی جڑا ہوا ہے۔ یہ کولکاتہ بندرگاہ اور بنگلہ دیش کو بھی جوڑتا ہے۔ اس سے اتر پردیش، بہار، جھارکھنڈ، اور مغربی بنگال سے لے کر بنگلہ دیش تک کاروبار کو سہولت ملے گی۔

عملے اور ہنر مند افرادی قوت کی تربیت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے بتایا کہ گوہاٹی میں ایک ہنر مندی کا مرکز قائم کیا گیا ہے اور بحری جہازوں کی مرمت کے لیے گوہاٹی میں ایک نئی سہولت بھی تعمیر کی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا’’یہ کروز جہاز ہو یا کارگو جہاز، وہ نہ صرف نقل و حمل اور سیاحت کو فروغ دیتے ہیں، بلکہ ان کی سروس سے منسلک پوری صنعت بھی نئے مواقع پیدا کرتی ہے‘‘۔

کئے گئے ایک مطالعہ کا حوالہ دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے بتایا کہ آبی گزرگاہیں نہ صرف ماحولیات کے لیے فائدہ مند ہیں بلکہ پیسہ بچانے میں بھی مدد کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبی گزرگاہوں کو چلانے کی لاگت روڈ ویز کے مقابلے میں ڈھائی گنا کم ہے اور ریلوے کے مقابلے میں ایک تہائی کم ہے۔ وزیر اعظم نے قومی لاجسٹک پالیسی پر بھی بات کی اور کہا کہ ہندوستان میں ہزاروں کلومیٹر طویل آبی گزرگاہوں کا نیٹ ورک تیار کرنے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہندوستان کے پاس 125 سے زیادہ دریا اور ندی نالے ہیں جنہیں سامان کی نقل و حمل اور لوگوں کو لے جانے کے لیے تیار کیا جا سکتا ہے جبکہ بندرگاہوں کی زیر قیادت ترقی کو مزید وسعت دینے کے لیے بھی حوصلہ افزائی کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے آبی گزرگاہوں کے جدید ملٹی ماڈل نیٹ ورک کی تعمیر کی ضرورت پر زور دیا اور بنگلہ دیش اور دیگر ممالک کے ساتھ شراکت داری کے بارے میں بتایا جس نے شمال مشرق میں آبی رابطے کو مضبوط کیا ہے۔

خطاب کے اختتام پر، وزیر اعظم نے ہندوستان میں آبی گزرگاہوں کی ترقی کے مسلسل فروغ کے عمل پر تبصرہ کیا اور کہا ’’ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لیے مضبوط رابطہ ضروری ہے۔‘‘ وزیر اعظم نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ہندوستان کے دریا پانی کی طاقت اور ملک کی تجارت اور سیاحت کو نئی بلندیاں دیں گے ۔ انہوں نے  کروز کے تمام مسافروں کے لیے خوشگوار سفر کے تعلق سے نیک  خواہشات کا اظہار  کیا۔

اس موقع پر اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدیہ ناتھ، آسام کے وزیر اعلیٰ جناب ہمانتا بسوا سرما، بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے مرکزی وزیر جناب سربانند سونووال کے علاوہ دیگر  معززین موجود تھے۔

پس منظر

ایم وی گنگا ولاس

ایم وی گنگا ولاس اپنا سفر اتر پردیش کے وارانسی سے شروع کرے گا اور 51 دنوں میں تقریباً 3,200 کلومیٹر کا سفر کرکے بنگلہ دیش کے راستے آسام کے ڈبرو گڑھ پہنچے گا اور  ہندوستان اور بنگلہ دیش کے 27 دریاؤں کے نظاموں کو عبور کرے گا۔ ایم وی گنگا ولاس کے پاس تین ڈیک، 18 سوئٹ ہیں جن میں تمام لگژری سہولیات کے ساتھ  36 سیاحوں کی گنجائش ہے۔ پہلے سفر میں سوئٹزرلینڈ کے 32 سیاح سفر کی پوری مدت کے لیے سائن اپ کر رہے ہیں۔

ایم وی گنگا ولاس کروز کو ملک کی بہترین چیزوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ 51 دن کے کروز کا منصوبہ 50 سیاحتی مقامات کے دوروں کے ساتھ بنایا گیا ہے جن میں عالمی ثقافتی ورثے کے مقامات، قومی پارکس، دریائی گھاٹ، اور بڑے شہروں جیسے بہار میں پٹنہ، جھارکھنڈ میں صاحب گنج، مغربی بنگال میں کولکتہ، بنگلہ دیش میں ڈھاکہ اور آسام میں گوہاٹی شامل ہیں۔ یہ سفر سیاحوں کو تجرباتی سفر پر جانے اور ہندوستان اور بنگلہ دیش کے فن، ثقافت، تاریخ اور روحانیت میں شامل ہونے کا موقع فراہم کرے گا۔

دریائی کروز ٹورازم کو فروغ دینے کے لیے وزیر اعظم کی کوششوں کے عین مطابق، اس سروس کے آغاز کے ساتھ ہی ریور کروز کی بہت بڑی غیر استعمال شدہ صلاحیت کھل جائے گی اور یہ ہندوستان کے لیے ریور کروز ٹورازم کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گی۔

وارانسی میں ٹینٹ سٹی

دریائے گنگا کے کنارے ٹینٹ سٹی کا تصور خطے میں سیاحت کے امکانات سے فائدہ اٹھانے کے لیے کیا گیا ہے۔ یہ پروجیکٹ شہر کے گھاٹوں کے سامنے تیار کیا گیا ہے جو رہائش کی سہولیات فراہم کرے گا اور وارانسی میں خاص طور پر کاشی وشواناتھ دھام کے افتتاح کے بعد سے سیاحوں کی بڑھتی ہوئی آمد کی مہمان نوازی کرے گا۔ اسے وارانسی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے پی پی پی موڈ میں تیار کیا ہے۔ سیاح آس پاس کے مختلف گھاٹوں سے کشتیوں کے ذریعے ٹینٹ سٹی پہنچیں گے۔ یہ ٹینٹ سٹی ہر سال اکتوبر سے جون تک کام کرے گا اور بارش کے موسم میں دریا کے پانی کی سطح میں اضافے کی وجہ سے اسے تین ماہ تک  کے لئے ہٹا  دیا جائے گا۔

اندرون ملک آبی گزرگاہ کے منصوبے

وزیر اعظم مغربی بنگال میں ہلدیہ ملٹی ماڈل ٹرمینل کا افتتاح کریں گے۔ جل مارگ وکاس پروجیکٹ کے تحت تیار کئے گئے، ہلدیہ ملٹی ماڈل ٹرمینل میں تقریباً 3 ملین میٹرک ٹن سالانہ (ایم ایم ٹی پی اے) کی کارگو ہینڈلنگ کی گنجائش ہے اور برتھوں کو تقریباً 3000 ڈیڈ ویٹ ٹنیج (ڈی ڈبلیو ٹی) تک کے جہازوں کو ہینڈل کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نے غازی پور ضلع میں سید پور، چوچک پور، زمانیہ اور اتر پردیش کے بلیا ضلع کے کانسپور میں چار تیرتی کمیونٹی جیٹیوں کا بھی افتتاح کیا۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نے دیگھا، نکتہ دیارہ، بارہ، پٹنہ ضلع میں پاناپور اور بہار کے سمستی پور ضلع میں حسن پور میں پانچ کمیونٹی جیٹیوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اتر پردیش، بہار، جھارکھنڈ اور مغربی بنگال کی ریاستوں میں دریائے گنگا کے کنارے 60 سے زیادہ کمیونٹی جیٹیاں تعمیر کی جا رہی ہیں تاکہ اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے اور خطے میں مقامی کمیونٹیز کی زندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔ کمیونٹی جیٹیاں چھوٹے کسانوں، ماہی گیری  کی  یونٹوں، غیر منظم فارم پیدا کرنے والی یونٹوں، باغبانوں، پھول فروشوں اور کاریگروں کے لیے آسان لاجسٹک حل فراہم کر کے لوگوں کی روزی روٹی کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گی جو کہ دریائے گنگا کے اندر اور اس کے آس پاس کی اقتصادی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کریں گے۔

وزیر اعظم نے گوہاٹی میں شمال مشرق کے لیے میری ٹائم اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر کا بھی افتتاح کیا۔ اس سے شمال مشرقی خطہ میں بھرپور ٹیلنٹ پول کو فروغ دینے میں مدد ملے گی اور بڑھتی ہوئی لاجسٹک صنعت میں روزگار کے بہتر مواقع فراہم ہوں گے۔

ان کے علاوہ، وزیر اعظم نے گوہاٹی میں پانڈو ٹرمینل پر جہاز کی مرمت کی سہولت اور ایک ایلیویٹڈ سڑک کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ پانڈو ٹرمینل پر جہاز کی مرمت کی سہولت بہت قیمتی وقت کی بچت کرے گی کیونکہ جہاز کو کولکتہ  میں  مرمت کی سہولت  کے لئے  لے  جانے  اور لانے میں ایک ماہ سے زیادہ کا وقت لگتا ہے۔ مزید یہ کہ اس کے نتیجے میں رقم کی بھی کافی  بچت ہوگی کیونکہ اس سے جہاز کی نقل و حمل کے اخراجات میں بھی بچت ہوگی۔ پانڈو ٹرمینل کو این ایچ 27 سے جوڑنے والی وقف شدہ  سڑک 24 گھنٹے رابطے کو یقینی  بنائے گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔  ج ق۔ ن ا۔

U- 429

                          



(Release ID: 1890923) Visitor Counter : 137