امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت

مرکزی پول کے تحت ، غذائی اناج کا وافرذخیرہ موجود ہے :مرکز


یکم جنوری ،2023 تک  159لاکھ میٹرک ٹن گیہوں  دستیاب ہوجائے گا ،جوکہ 138لاکھ میٹرک ٹن کے اضافی ذخائرکے معمول کی ضروریات  سے کہیں زیادہ ہے

12دسمبر2022تک مرکزی پول میں 182لاکھ میٹرک ٹن گیہوں دستیاب ہے

Posted On: 15 DEC 2022 10:38AM by PIB Delhi

حکومت ہند کے پاس مرکزی پول کے تحت غذائی اناج کا وافرذخیرہ موجود ہے ۔ یہ ذخیرہ این ایف ایس اے اوراس کی دیگرفلاحی اسکیموں کے ساتھ ساتھ  پی ایم جی کے اے وائی کے لئے اضافی طورپر مختص کرنے کی ضروریات پوری کرنے کے لئے محفوظ کیاگیاہے ۔ یکم جنوری 2023تک تقریبا 159لاکھ میٹرک ٹن گیہوں دستیاب ہو جائےگا،جو کہ یکم جنوری کے 138لاکھ میٹرک ٹن غذائی اناج کے ذخیرے کے معمول سے کہیں زیادہ ہے ۔

12دسمبر 2022تک مرکزی پول میں تقریبا 182لاکھ میٹرک گیہوں دستیاب ہے ۔

حکومت ہند گیہوں کی قیمت سے متعلق منظرنامے سے بخوبی واقف ہے اور وہ  دیگر اشیاء کے ساتھ  ہفتہ واربنیاد پر اس کی قیمتوں پرباضابطہ طورپر نظررکھ رہی ہے اور جب بھی ضروری ہو اصلاحی اقدامات کرتی ہے ۔ حکومت ہند نے قیمتوں میں کسی بھی قسم کے مزید اضافے سے نمٹنے کی غرض سے پیش بندی کے اقدامات کئے ہیں اور 13مئی 2022سے برآمدات کے سلسلے میں ضابطے نافذ کئے ہیں ۔ اس کے علاوہ این ایف ایس اے کے ساتھ ساتھ پی ایم جی کے اے وائی کے تحت  اناج مختص کرنے کے بارے میں بھی ، چاول کے حق میں نظرثانی کی گئی ہے تاکہ مرکزی پول میں گیہوں کا خاطرخواہ مقدارمیں ذخیرہ موجود رہے اورفلاحی اسکیموں کی ضروریات کو پوراکیاجاسکے ۔

حکومت ہند نے  اس سال گیہوں کی فصل کی کم از کم امدادی قیمت ایم ایس پی میں اضافہ کرکے 2125روپے فی کوئنٹل کردیاہے ، جبکہ گذشتہ سال آرایم ایس 23-2022کے لئے کم از کم امداد ی قیمت 2015روپے فی کوئنٹل تھی ۔ اس طرح کم از کم امدادی قیمت میں  110روپے فی کوئنٹل  کااضافہ کیاگیاہے ۔ اچھے موسمی حالات کے پیش نظراس بات کا امکان ہے اگلے سیزن کے دوران  گیہوں کی پیداوار  اورسرکاری خریدمعمول کے مطابق  رہے گی ۔اگلے سیزن کے لئے گیہوں کی سرکاری خریداپریل 2023سے شروع ہوگی اور ابتدائی جائزے کے مطابق گذشتہ برس کے مقابلے اس سال  گیہوں کی فصل کی بوائی میں خاطرخواہ اضافہ ہواہے ۔

حکومت ہند نے اس بات کویقینی بنایاہے مرکزی پول میں غذائی اناج کا وافرذخیرہ موجود ہے تاکہ پورے ملک میں سبھی فلاحی اسکیموں کی ضروریات پوری کی جاسکیں اور غذائی اناج کی قیمتیں بھی قابومیں رہیں ۔

گذشتہ سیزن کے دوران  ، گیہوں کی کم پیداوار ہونے  اور کسانوں کی جانب سے کھلی منڈی میں کم از کم امدادی قیمت کے مقابلے زیادہ قیمت پراپنی فصل فروخت کرنے کی وجہ سے گیہوں کی سرکاری خرید کم رہی ۔ اس کے باوجود مرکزی پول میں اب بھی  خاطرخواہ  مقدارمیں گیہوں کاذخیرہ موجود ہے ۔ جس سے کہ گیہوں کی اگلی فصل آنے تک ملک کی ضروریات کو پوراکیاجاسکے ۔

***********

(ش ح ۔ ع م ۔ ع آ)

U -13839



(Release ID: 1883641) Visitor Counter : 186