وزیراعظم کا دفتر
گوا میں نویں عالمی آیوروید کانگریس کے اختتامی اجلاس میں وزیر اعظم کے خطاب کا متن
Posted On:
11 DEC 2022 7:30PM by PIB Delhi
گوا کے گورنر جناب پی ایس سریدھرن پلئی جی،یہاں کے ہر دلعزیز نوجوان وزیر اعلی ویدھ پرمود ساونت جی، مرکزی وزراء سربانند سونووال جی، شری پد نائک جی، ڈاکٹر مہندر بھائی مونجاپاراجی، جناب شیکھرجی، دیگر معززین، ورلڈ آیوروید کانگریس میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے آئے آیوش کے شعبے کے اسکالرز اور ماہرین، دیگر تمام معززین، خواتین و حضرات!
میں گوا کی خوبصورت سرزمین پر عالمی آیوروید کانگریس کے لیے ہندوستان اور بیرون ملک سے جمع ہوئے آپ تمام دوستوں کا خیر مقدم کرتا ہوں ۔ عالمی آیوروید کانگریس کی کامیابی کے لیے میں آپ سب کو تہہ دل سے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔عالمی آیوروید کانگریس کا انعقاد ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ہندوستان کی آزادی کے امرت کال کا سفر شروع ہوچکا ہے۔ اپنے علم و سائنس اور ثقافتی تجربے کے ذریعہ دنیا کی فلاح و بہبود کا عزم امرت کال کا ایک بڑا ہدف ہے۔ اور، آیوروید اس کے لیے ایک مضبوط اور موثر ذریعہ ہے۔ ہندوستان اس سال جی 20گروپ کی صدارت اور میزبانی بھی کر رہا ہے۔ ہم نےجی 20 چوٹی کانفرنس کا تھیم بھی رکھا ہے – "ایک زمین، ایک خاندان، ایک مستقبل"! آپ سب عالمی آیوروید کانگریس کے اس پروگرام میں ایسےہی موضوعات پر گفتگو کریں گے اور پوری دنیا کی صحت کے لیے صلاح و مشورہ کریں گے۔ مجھے خوشی ہے کہ دنیا کے 30 سے زیادہ ممالک نے آیوروید کو روایتی ادویات کے نظام کے طور پر تسلیم کیا ہے۔ ہمیں مل کر اسے زیادہ سے زیادہ ممالک میں لے جانا ہے، آیوروید کو شناخت دلانی ہے۔
ساتھیوں،
آج مجھے یہاں آیوش سے متعلق تین اداروں کوقوم کے نام وقف کرنے کا موقع بھی ملا ہے۔ مجھے یقین ہے، آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید-گوا، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یونیانی میڈیسن-غازی آباد، اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہومیوپیتھی-دہلی، یہ تینوں آیوش حفظان صحت کے نظام کو ایک نئی رفتار دیں گے۔
ساتھیوں،
آیوروید ایک ایسی سائنس ہے، جس کا فلسفہ، جس کا نصب العین ہے- ’سروے بھونتو سکھینہ، سرو سنتو نرمایہ‘۔ یعنی ، سب کی خوشی، سب کی صحت۔ جب کوئی بیماری ہو جائے تو اس کا علاج کرنا کوئی مجبوری نہیں بلکہ زندگی بیماریوں سے پاک ہونی چاہیے۔ عام تصور یہ ہے کہ اگر کوئی ظاہری بیماری نہیں ہے تو ہم صحت مند ہیں ۔ لیکن، آیوروید کےنظریے سے ، صحت مند ہونے کی تعریف بہت وسیع ہے۔ آپ سب جانتے ہیں کہ آیوروید کہتا ہے - سمدوش سماگنیش،سمدھاتو مل کریا۔ پرسن آتمندریہ منہ، سوستھ ایتی ابھیدھیتے۔ یعنی جس کا جسم متوازن ہے، تمام سرگرمیاں متوازن ہیں، اورذہن خوش ہے، وہ صحت مند ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آیوروید علاج سے بالاتر ہو کر تندرستی کے بارے میں بات کرتا ہے، تندرستی کو فروغ دیتا ہے۔ دنیا بھی اب تمام تبدیلیوں اور رجحانات سے نکل کر زندگی کے اس قدیم فلسفے کی طرف لوٹ رہی ہے۔ اور مجھے بہت خوشی ہے کہ ہندوستان میں اس حوالے سےپہلے ہی کام شروع ہو چکا ہے۔ جب میں گجرات کے وزیر اعلی کے طور پر کام کرتا تھا، ہم نے اسی وقت سے ہی آیوروید کو فروغ دینے کے لیے بہت سی کوششیں شروع کی تھیں۔ ہم نے آیوروید سے متعلق اداروں کو فروغ دیا، گجرات آیوروید یونیورسٹی کو جدید بنانے کے لیے کام کیا۔ اس کا نتیجہ ہے کہ آج جام نگر میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او ) کی جانب سے روایتی ادویات کے لیے دنیا کا پہلا اور واحد عالمی مرکز قائم کیا ہے۔ ملک میں بھی ہم نے حکومت میں آیوش کی الگ وزارت قائم کی، جس کی وجہ سے آیوروید کے لیے جوش اور اعتماد میں اضافہ ہوا۔ آج ایمس کے ہی خطوط پرآل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید بھی کھل رہے ہیں۔ اسی سال گلوبل آیوش انوویشن اینڈ انویسٹمنٹ سمٹ کا بھی کامیابی سے انعقاد کیا گیا ہے جس میں ڈبلیو ایچ او نے بھی ہندوستان کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔ بین الاقوامی یوگا ڈے کو بھی اب پوری دنیا صحت اور تندرستی کے عالمی تہوار کے طور پر مناتی ہے۔ یعنی جس یوگا اور آیوروید کو پہلے نظر انداز کیا جاتا تھا، وہ آج پوری انسانیت کے لیے ایک نئی امید بن گیا ہے۔
ساتھیوں،
آیوروید سے متعلق ایک اور پہلو بھی ہے جس کا ذکر میں ورلڈ آیوروید کانگریس میں ضرور کرنا چاہتا ہوں۔ آنے والی صدیوں میں آیوروید کے روشن مستقبل کے لیے یہ اتنا ہی ضروری ہے۔
ساتھیوں،
آیوروید کے حوالے سے عالمی اتفاق رائے، آسانی اور قبولیت میں اتنا وقت لگا کیونکہ جدید سائنس میں ثبوت کو بنیاد سمجھا جاتا ہے۔ ہمارے پاس آیوروید کا نتیجہ بھی تھا اور اثر بھی، لیکن ثبوت کے لحاظ سے ہم پیچھے رہ گئے تھے۔ اور اس لیے، آج ہمارے لیے 'ڈیٹا بیسڈ ایویڈینس' کی دستاویزات تیار کرنا ضروری ہے۔ اس کے لیے ہمیں طویل عرصے تک مسلسل کام کرنا ہوگا۔ ہماراجو طبی ڈیٹا، تحقیق ہے، جرائدہیں، ہمیں ان سب کو ایک ساتھ لانا ہوگا اور ہر دعوے کی جدید سائنسی طریقہ کار پر تصدیق کرنی ہوگی۔ ہندوستان میں گزشتہ سالوں میں اس سمت میں بڑے پیمانے پر کام ہوا ہے۔ ہم نے ثبوت پر مبنی تحقیقی ڈیٹا کے لیے آیوش ریسرچ پورٹل بھی بنایا ہے۔ اس پر اب تک تقریباً 40 ہزار تحقیقی مطالعات کا ڈیٹا دستیاب ہے۔ یہاں تک کہ کورونا کے دوران بھی ، ہمارے پاس آیوش سے متعلق تقریباً 150 مخصوص تحقیقی مطالعات ہوئے ہیں۔ اس تجربے کو آگے بڑھاتے ہوئے، اب ہم 'نیشنل آیوش ریسرچ کنسورشیم' بنانے کی سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ یہاں ہندوستان میں، ایمس میں سنٹر فار انٹیگریٹڈ میڈیسن جیسے اداروں میں بھی یوگا اور آیوروید سے متعلق کئی اہم تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ یہاں سے نکلے آیوروید اور یوگا سے متعلق تحقیقی مقالےممتاز بین الاقوامی جرائد میں شائع ہو رہے ہیں۔ حال ہی میں، جرنل آف دی امریکن کالج آف کارڈیالوجی اور نیورولوجی جرنل جیسے معزز جرائد میں بہت سے تحقیقی مقالے شائع ہوئے ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ ورلڈ آیوروید کانگریس کے تمام شرکاء آئیں، تعاون کریں اور آیوروید کو عالمی وقار دلانے کے لیے ہندوستان کے ساتھ تعاون کریں۔
بھائیوں اور بہنوں،
آیوروید کی ایسی ہی ایک اور خاصیت ہے، جس پر بہت کم بحث کی جاتی ہے۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ آیوروید صرف علاج کے لیے ہے، لیکن اس کی خوبصورتی یہ بھی ہے کہ آیوروید ہمیں زندگی جینے کا طریقہ سکھاتا ہے۔ اگر میں آپ کو جدید اصطلاحات کا استعمال کرتے ہوئے سمجھانا چاہتا ہوں تو میں آپ کو ایک مثال دیتا ہوں۔ آپ دنیا کی بہترین کمپنی سے بہترین کار خریدتے ہیں۔ اس کار کے ساتھ اس کی کتابچہ بھی آتی ہے۔ اس میں کون سا ایندھن ڈالنا ہے، اسے کب اور کیسے سروسینگ کرانا ہے، اس کی دیکھ بھال کیسے کرنی ہے، ہمیں یہ ذہن میں رکھنا پڑتا ہے۔ اگر ڈیزل انجن والی گاڑی میں پٹرول ڈال دیا تو گڑبڑ یقینی ہے۔ اسی طرح اگر آپ کمپیوٹر چلا رہے ہیں تو اس میں اس کے تمام ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر کو ٹھیک سے کام کرنا چاہیے۔ ہم اپنی مشینوں کا خیال تو رکھتے ہیں لیکن اپنے جسم پر توجہ نہیں دیتے کہ کیسا کھاناہے، کیا کھاناہے ، کیسا معمول ہے، کیا نہیں کرنا چاہیے۔ آیوروید ہمیں سکھاتا ہے کہ ہارڈ ویئر سافٹ ویئر کی طرح ہی جسم اور دماغ کو ایک ساتھ صحت مند ہونا چاہیے، ان میں ہم آہنگی ہونی چاہیے۔ مثال کے طور پر، آج مناسب نیند میڈیکل سائنس کے لیے ایک بہت بڑا موضوع ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ مہارشی چرک جیسے استاد اس پر صدیوں پہلے تفصیل سے لکھ چکے ہیں۔ یہی آیوروید کی خوبی ہے۔
ساتھیوں،
ہمارے یہاں کہا جاتا ہے- 'سوستیام پرمارتھ سادھنم'۔ یعنی صحت ہی معنی اور ترقی کا ذریعہ ہے۔ یہ منتر ہماری ذاتی زندگی کے لیے جتنا معنی خیز ہے، معیشت کے نقطہ نظر سے بھی اتنا ہی موزوں ہے۔ آج آیوش کے شعبہ میں لامحدود نئے امکانات جنم لے رہے ہیں۔ آیورویدک جڑی بوٹیوں کی کاشت ہو، آیوش ادویات کی تیاری اور سپلائی ہو، ڈیجیٹل خدمات ہوں، آیوش اسٹارٹ اپس کے لیے ان میں بہت گنجائش ہے۔
بھائیوں بہنوں،
آیوش انڈسٹری کی سب سے بڑی طاقت یہ ہے کہ اس میں ہر ایک کے لیے مختلف قسم کے مواقع دستیاب ہیں۔ مثال کے طور پر، آج ہندوستان میں آیوش کے میدان میں، تقریباً 40 ہزار ایم ایس ایم ای ، چھوٹے پیمانے کی صنعتیں بہت سے مختلف پیداوار پیش کر رہی ہیں، بہت سے مختلف اقدامات کر رہی ہیں۔ ان سے مقامی معیشت کو کافی تقویت مل رہی ہے۔ آٹھ سال پہلے، ملک میں آیوش کی صنعت صرف 20,000 کروڑ روپے کے قریب تھی۔ آج آیوش انڈسٹری تقریباً 1.5 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ رہی ہے۔ یعنی 8-7 سالوں میں تقریباً 7 گنا شرح نمو۔ آپ تصور کر سکتے ہیں، آیوش اپنے آپ میں ایک بڑی صنعت، ایک بڑی معیشت کے طور پر ابھر رہا ہے۔ آنے والے وقت میں عالمی منڈی میں اس میں مزیدوسعت ہونی لازمی ہے۔ آپ یہ بھی جانتے ہیں کہ عالمی جڑی بوٹیوں کی ادویات اور مسالوں کی مارکیٹ تقریباً 120 بلین ڈالر یعنی تقریباً 10 لاکھ کروڑ روپے ہے۔ روایتی ادویات کا یہ شعبہ مسلسل پھیل رہا ہے اور ہمیں اس کے تمام امکانات سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ دیہی معیشت کے لیے، ہمارے کسانوں کے لیے زراعت کا ایک بالکل نیا شعبہ کھل رہا ہے، جس میں انھیں بہت اچھی قیمت مل سکتی ہے۔ اس میں نوجوانوں کے لیے ہزاروں لاکھوں نئی نوکریاں پیدا ہوں گی۔
ساتھیوں،
آیوروید کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ایک اور بڑا پہلو آیوروید اور یوگا کی سیاحت بھی ہے۔ گوا جیسی ریاست میں، جو سیاحت کا مرکز ہے، آیوروید اور نیچروپیتھی کو فروغ دے کر سیاحت کے شعبے کو ایک نئی بلندی دی جا سکتی ہے۔ گوا کا آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید اس سمت میں ایک اہم شروعات ثابت ہو سکتا ہے۔
ساتھیوں،
آج ہندوستان نے دنیا کے سامنے 'ایک زمین، ایک صحت،مستقبل کا ایک وژن بھی پیش کیا ہے۔ 'ایک زمین، ایک صحت' کا مطلب ہے صحت کے لیے ایک عالمگیروژن ۔ خواہ پانی میں رہنے والے جانور ہوں، جنگلی جانور ہوں، انسان ہوں یا پودے، ان کی صحت ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے۔ انہیں تنہائی میں دیکھنے کے بجائے، ہمیں انہیں مکمل طور پر دیکھنا ہوگا۔ آیوروید کا یہ جامع نظریہ ہندوستان کی روایت اور طرز زندگی کا ایک حصہ رہا ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ گوا میں منعقد ہونے والی اس عالمی آیوروید کانگریس میں اس طرح کے تمام پہلوؤں پر تفصیل سے بات کی جائے۔ ہم سب مل کر آیوروید اور آیوش کو مجموعی طور پر کیسے آگے لے جا سکتے ہیں، اس کا ایک لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ مجھے یقین ہے کہ اس سمت میں آپ کی کوششیں ضرور کارگر ثابت ہوں گی۔ اس یقین کے ساتھ آپ سب کا بہت بہت شکریہ۔ اور آیوش اور آیوروید کو بہت سی نیک خواہشات۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح ۔ رض ۔ ج ا (
13654
(Release ID: 1882605)
Visitor Counter : 165
Read this release in:
English
,
Marathi
,
Hindi
,
Bengali
,
Assamese
,
Manipuri
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Telugu
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam