وزارت اطلاعات ونشریات

خبروں کے ابلاغ میں رفتار سے کہیں زیادہ اہم ہے درستگی، اور کمیونی کیشن کرنے والوں  کے ذہن میں یہ بات بنیادی طور پر رہنی چاہیے: مرکزی وزیر جناب انوراگ ٹھاکر


ذمہ دار میڈیا تنظیموں کے لیے عوامی اعتماد کو برقرار رکھنا سب سے بڑا رہنما اصول ہونا چاہیے: جناب انوراگ ٹھاکر

Posted On: 29 NOV 2022 1:49PM by PIB Delhi

 

اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر جناب انوراگ ٹھاکر نے آج کہا کہ ’’مستند معلومات کو پیش کرنا میڈیا کی اولین ذمہ داری ہے اور حقائق کو پبلک ڈومین میں ڈالنے سے پہلے ان کی صحیح طریقے سے جانچ کی جانی چاہیے۔‘‘

ایشیا پیسیفک براڈکاسٹنگ یونین جنرل اسمبلی 2022 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر موصوف نے کہا، ’’معلومات کی منتقلی کے لیے رفتار اہم ہے، لیکن درستگی اس سے بھی زیادہ اہم ہے اور ابلاغ کرنے والوں کے ذہن میں یہ بات بنیادی طور پر رہنی چاہیے۔‘‘ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کے پھیلاؤ کے ساتھ ہی جعلی خبروں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے ایشیا بحرالکاہل خطہ کے براڈکاسٹروں کے سامعین کو مطلع کیا کہ حکومت نے غیر تصدیق شدہ دعووں سے نمٹنے اور لوگوں کے سامنے سچائی پیش کرنے کے لیے فوری طور پر حکومت ہند کے پریس انفارمیشن بیورو میں فیکٹ چیک یونٹ قائم کیا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image001U51P.jpg

وزیر موصوف نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ذمہ دار میڈیا تنظیموں کے لیے عوامی اعتماد کو برقرار رکھنا اعلیٰ ترین رہنما اصول ہونا چاہیے۔ انہوں نے عوامی نشریاتی اداروں دوردرشن اور آل انڈیا ریڈیو کو ہمیشہ سچائی کے ساتھ کھڑا ہونے اور اپنی سچی رپورٹنگ کے لیے لوگوں کا اعتماد جیتنے کا کریڈٹ دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بحران کے وقت میڈیا کا کردار اہم ہو جاتا ہے کیونکہ یہ براہ راست جان بچانے سے متعلق ہے اور مزید کہا کہ میڈیا قومی آفات سے نمٹنے کے منصوبوں کا مرکز ہے۔

جناب انوراگ ٹھاکر نے میڈیا کو کووڈ 19 وبائی امراض کے دوران گھروں میں پھنسے لوگوں کی مدد کے لیے سامنے آنے کا بھی سہرا دیتے ہوئے کہا کہ یہ میڈیا ہی تھا جس نے لوگوں کو بیرونی دنیا سے جوڑا۔ انہوں نے سامعین کو بالخصوص دوردرشن اور آل انڈیا ریڈیو اور بالعموم ہندوستانی میڈیا کے شاندار کام کے بارے میں بتایا اور کہا کہ دوردرشن اور آل انڈیا ریڈیو نے عوامی خدمت کے اپنے مینڈیٹ کو بہت اطمینان بخش طریقے سے پیش کیا اور وبائی امراض کے وقت لوگوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی میڈیا نے بالعموم اس بات کو یقینی بنایا کہ کووڈ 19 آگاہی کے پیغامات، اہم حکومتی رہنما خطوط اور ڈاکٹروں کے ساتھ مفت آن لائن مشورے ملک کے کونے کونے میں ہر کسی تک پہنچیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ پرسار بھارتی نے کووڈ 19 میں سو سے زیادہ ممبران کھو دیے، پھر بھی اس نے ادارہ کو اپنے عوامی خدمت کے مینڈیٹ کو جاری رکھنے سے نہیں روکا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image002WL0P.jpg

جناب ٹھاکر نے میڈیا کو گورننس میں شراکت دار بننے کی دعوت دی اور پوڈیم کا استعمال کرتے ہوئے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ان الفاظ کو دہرایا کہ ’’میڈیا کو حکومت اور لوگوں کے درمیان ایک کڑی کے طور پر کام کرنا چاہیے اور قومی اور علاقائی دونوں سطحوں پر مسلسل فیڈ بیک فراہم کرنا چاہیے۔‘‘ انہوں نے اپیل کی کہ اے بی یو کو نشریاتی اداروں  کی ایک انجمن کے طور پر میڈیا اہلکاروں کو بحران کے وقت میڈیا کے کردار کے بارے میں بہترین پیشہ ورانہ مہارتوں کی تربیت اور ان سے لیس کرنا جاری رکھنا چاہیے اور وعدہ کیا کہ ہندوستان ایسی تمام کوششوں کے لیے تیار ہے۔

وزیر موصوف نے اے بی یو ممبران کے ساتھ ہندوستان کے تعاون اور شراکت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ پرسار بھارتی کا سب سے بڑا تربیتی ادارہ این اے بی ایم، اے بی یو میڈیا اکیڈمی کے ساتھ نشریاتی صنعت کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ کرنے والی تربیت کے انعقاد میں قریبی تعاون کر رہا ہے۔ ہندوستان کے تقریباً 40 ممالک کے ساتھ مواد کے تبادلے، مشترکہ پروڈکشن، صلاحیت سازی وغیرہ کے شعبوں میں دو طرفہ معاہدے ہیں، ان میں سے بہت سے اے بی یو کے ساتھی ممالک  ہیں جیسے آسٹریلیا، بنگلہ دیش، بھوٹان، فجی، مالدیپ، نیپال، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ اور ویتنام۔ انہوں نے مزید کہا، ’’ہم نے پروگرام شیئرنگ کے لیے مارچ 2022 میں نشریات کے شعبے میں آسٹریلیا کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ دونوں ممالک کے براڈکاسٹر متعدد انواع پر محیط پروگراموں کے مشترکہ پروڈکشن اور مشترکہ نشریات کے مواقع بھی تلاش کر رہے ہیں۔‘‘

اس موقع پر بولتے ہوئے، جناب مساگاکی نے ایشیا بحرالکاہل خطہ میں اے بی یو کے ذریعے ادا کیے جانے والے اہم کردار کا خاکہ پیش کیا اور خطے کے تمام پبلک سروس براڈکاسٹروں کی جانب سے آپس میں عوامی اہمیت کی خبریں شیئر کرنے کے لیے کی جانے والی مشترکہ کوششوں کو سراہا۔

اس موقع پر بولتے ہوئے جناب جواد مطاغی نے کہا کہ یہ خطہ تنوع سے بھرا ہوا ہے اس کے باوجود ہم تمام رکن ممالک یکسانیت تلاش کرتے ہیں اور اس وسیع تنوع میں حقیقی اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ پرسار بھارتی کے سی ای او جناب گورو دویدی نے اپنے استقبالیہ خطبے میں ٹیلی ویژن اور ریڈیو براڈکاسٹروں کے اجتماعی مفادات اور ایشیا بحرالکاہل خطہ میں براڈکاسٹروں کے درمیان علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے میں اے بی یو کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان 2022 کو نوآبادیاتی حکمرانی سے آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے طور پر مختلف شعبوں میں آزادی کا امرت مہوتسو کی تقریبات کے ذریعے منا رہا ہے اور یہ کانفرنس میڈیا اور مواصلات کے شعبے میں ملک کی کامیابیوں کو شیئر کرنے  اور بیش قیمتی  ورثہ، وسیع تنوع اور ترقی پسند ہندوستان کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا ایک بہترین موقع ہے۔

ہندوستان کا پبلک سروس براڈکاسٹر، پرسار بھارتی 59ویں اے بی یو جنرل اسمبلی 2022 کی میزبانی کر رہا ہے۔ اس سال کی اسمبلی کا تھیم ’’عوام کی خدمت: بحران کے وقت میں میڈیا کا کردار‘‘ ہے۔ جنرل اسمبلی کا افتتاح آج نئی دہلی میں اطلاعات و نشریات کے وزیر جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر نے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر ایل مروگن، سیکرٹری اطلاعات و نشریات جناب اپوروا چندر، اے بی یو کے صدر جناب مساگاکی ستورو اور  اے بی یو کے سکریٹری جنرل جناب جواد مطاغی کی موجودگی میں کیا۔ اے بی یو (ایشیا پیسفک براڈکاسٹنگ یونین) ایشیا اور بحر الکاہل کے خطے کے نشریاتی اداروں کی ایک غیر منافع بخش، پیشہ ورانہ انجمن ہے۔ تقریب میں 40 ممالک کے 300 سے زائد بین الاقوامی مندوبین شرکت کر رہے ہیں جو 50 تنظیموں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

*****

ش ح – ق ت – ت ع

U: 13090



(Release ID: 1879779) Visitor Counter : 123