نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت

جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر نے جناب شیوراج سنگھ چوہان کی موجودگی میں 5 ویں کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کے مقام کے طور پر مدھیہ پردیش کے نام کا اعلان کیا


یہ کھیل اگلے سال 31 جنوری سے 11 فروری تک مدھیہ پردیش کے 8 شہروں میں منعقد کئے جائیں گے

کھیلو انڈیا یوتھ گیمز میں پہلی بار واٹر اسپورٹس کو شامل کیا جائے گا

Posted On: 20 OCT 2022 5:03PM by PIB Delhi

اگلا کھیلو انڈیا یوتھ گیمز مدھیہ پردیش میں ہوگا۔ نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے مرکزی وزیر جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر نے آج قومی دارالحکومت میں اس سلسلے کا اعلان مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کی موجودگی میں کیا۔ کھیلوں کے مقابلے 31 جنوری 2023 کو شروع ہوں گے اور 11 فروری 2023 کو ختم ہوں گے۔

جمعرات کی دوپہر کو ہونے والے اس پروگرام میں مملکتی وزیر برائے امورِنوجوانان اور کھیل جناب نسیت پرمانک؛ حکومت مدھیہ پردیش کے امورِنوجوانان اور کھیل کی وزیر محترمہ یشودھرا راجے سندھیا؛ سکریٹری کھیل محترمہ سجاتا چترویدی؛ ڈائریکٹر جنرل، اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا جناب سندیپ پردھان اور کھیل اور اسپورٹس کی مرکزی وزارت اور اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا نیز مدھیہ پردیش کی ریاستی حکومت کے دیگر معززین بھی موجود تھے۔

جناب شیوراج سنگھ چوہان نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں مدھیہ پردیش کو کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کی میزبانی کا موقع دینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ہم اسے اب تک کا سب سے خاص کھیلو انڈیا گیمز بنانے کا وعدہ کرتے ہیں اور ’اتیتھی دیوو بھا‘ کے اپنے فلسفے کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس کی میزبانی کریں گے۔

ہمارے پاس مدھیہ پردیش میں عالمی معیار کے کھیلوں کے اسٹیڈیم ہیں جیسے شوٹنگ اور واٹر اسپورٹس اکیڈمیاں۔ بہت سی دوسری سہولیات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ بنیادی ڈھانچے کے مسلسل فروغ اور کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کی میزبانی کے اعزاز کے ساتھ  مجھے یقین ہے کہ مدھیہ پردیش میں کھیلوں کا انقلاب برپا ہو گا۔

اس بات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہ دیسی کھیل ایک بار پھر آنے والے کے آئی وائی جی کا حصہ ہوں گے جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر نے کہا کہ اولمپک کھیلوں اور مقامی کھیلوں کی اسی طرح اعانت کرنا پی ایم کا ویژن تھا۔ میں مدھیہ پردیش کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے ملّاکھمب کے کھیل کو اپنا ریاستی کھیل بنایا ہے۔

کھیل ریاست کا موضوع ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ ایم پی جیسی ریاستیں ہمارے کھیلوں کے ماحولیاتی نظام کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے آگے آ رہی ہیں۔ مرکزی وزیر نے اس تمہید کے ساتھ مزید کہا کہ تمام ریاستوں کو اس سے سبق سیکھنا چاہئے اور یہ سمجھنا چاہئے کہ ضلع کی سطح سے ریاستی سطح تک کھیلوں کو ترقی دینے کے لئے ہمیں مجموعی طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے زیریں سطح پر کھیلوں کو فروغ دینے میں کھیل مہاکمب اور چیف منسٹر کپ (مدھیہ پردیش) جیسے کھیلوں کے مقابلوں کے کردار کی تعریف کی۔ جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر نے ایک بار پھر کہا کہ کھیلو انڈیا یوتھ گیمز نے ملک میں کھیلوں اور کھلاڑیوں کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہریانہ میں منعقدہ آخری کھیلو انڈیا یوتھ گیمز میں 12 قومی ریکارڈ ٹوٹے تھے۔

جناب نسیت  پرمانک نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش کی حکومت نے گزشتہ برسوں میں کھلاڑیوں کی مدد کے لئے ہر ممکن کوشش کی ہے۔ ہر ریاست کو یہ مثال سامنے رکھنا چاہئے کہ وزیر اعظم کا کھلاڑیوں کو اپنے عروج تک پہنچنے میں مدد کرنے کا خواب کس طرح شرمندہِ تعبیر رہا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ 'مہاکال کی سرزمین' میں ہونے والے یہ کھیلو انڈیا یوتھ گیمز اب تک کی سب سے خاص ہوں گے۔

محترمہ یشودھرا راجے نے کہا کہ حکومت نے ہندوستان میں کھیلوں کے لئے مثبت ماحول پیدا کرنے کا کام کیا ہے۔ ہندوستانی کھلاڑی دنیا بھر میں کھیلوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر ہماری بیٹیاں مسلسل تمغے جیت کر کھیلوں میں ہندوستان کا سرفخر سے بلند کر رہی ہیں۔

اگلے کھیلو انڈیا یوتھ گیمز  میں کل 27 کھیل ہوں گے۔ کھیلوں کی تاریخ میں پہلی بار واٹر اسپورٹس کو شامل کیا جا رہا ہے۔ کینو سلالم، کیکنگ، کینوئنگ اور روئنگ جیسے نئے شعبے بھی عام کھیلوں اور دیسی کھیلوں کے ساتھ شامل ہوں گے۔ یہ کھیل مدھیہ پردیش کے آٹھ شہروں بھوپال، اندور، اجین، گوالیار، جبل پور، منڈلا، کھرگون (مہیشور) اور بالاگھاٹ میں ہوں گے۔

****

 

 

U.No:11665

ش ح۔رف۔س ا



(Release ID: 1869687) Visitor Counter : 99