سٹرک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت
جناب نتن گڈکری نے امریکی سرمایہ کاروں کو ہندوستان میں سڑکوں اور شاہراہوں کے پروجیکٹوں میں سرمایہ کاری کے لئے آگے آنے کو کہا
Posted On:
12 SEP 2022 2:52PM by PIB Delhi
سڑکوں ، ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری نے امریکہ کے سرمایہ کاروں سے کہا ہے کہ وہ آگے آئیں اور ہندوستان میں سڑکوں اور شاہراہوں کے پروجیکٹوں میں سرمایہ لگائیں، جو سرمایہ کاروں کے لئے سونے کی کان کے مترادف ہے۔ انڈوامریکن چیمبر آف کامرس کی اقتصادی کانفرنس کا ورچوئل طریقے سے افتتاح کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ امریکہ اور ہندوستان مضبوط تعلقات کے ساتھ دنیا کی ممتاز جمہوریتیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم فطری ساجھیدار ہیں اور باہمی ترقی کے لے بہت کچھ کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے سماجی اقتصادی اور اسٹریٹیجک محاذوں پر باہمی اعتماد، احترام اور تعاون کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس سال موضوع ہے ’’اگلے 25 برس کے لئے نیا ایجنڈا‘‘ اور یہ ہمارے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے نقش راہ فراہم کرے گا۔
جناب گڈکری نے کہا کہ ہمارا مقصد تمام لوگوں کی شمولیت والی ترقی کے ماڈل پر مبنی ایک پائیدارتجارتی ایکو سسٹم قائم کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں ڈگر سے ہٹ کر سوچ کو بڑھاوادینا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے 2025 تک ہندوستان کو پانچ ٹریلین کی معیشت بنانے کا نظریہ پیش کیا ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اس وقت ہندوستان تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشتوں میں سے ایک ہے اور دنیا میں پانچویں مقام پر ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایک ترقی یافتہ بنیادی ڈھانچے سے اقتصادی سرگرمیاں تیز ہوتی ہیں۔ نئے کاروبار وجود میں آتے ہیں اور روزگار کے مواقع بڑھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہماری حکومت نیشنل انفراسٹرکچر پائپ لائن کے ذریعہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں 1.4 ٹریلین ڈالر کا سرمایہ لگارہی ہے۔ انوھں نے کہا کہ حکومت نے ملک میں بنیادی ڈھانچے کی مجموعی ترقی کے لئے پرائم منسٹرنیشنل گتی شکتی ماسٹر پلان کا آغاز کیا ہے۔ گتی شکتی کے ساتھ تمام فریق تین سی کے اصول یعنی تعاون تال میل اور مواصلات پر عمل کریں گے۔
جناب گڈکری نے کہا کہ سڑکوں کا بنیادی ڈھانچہ ہندوستانی معیشت میں اہم رول ادا کرتاہے کیونکہ ستر فیصد اشیاء اور 90 فیصد مسافر ٹریفک سڑکوں کا استعمال کرتے ہیں۔2014 میں ہمارے پاس 91 ہزار کلو میٹر قومی شاہراہ نیٹ ورک تھا۔ اس وقت یہ نیٹ ورک 1.47 لاکھ کلو میٹر ہوچکا ہے۔ 2025 تک حکومت قومی شاہراہ نیٹ ورک کو دو لاکھ کلو میٹر پر پہنچانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ ہم ملک بھر میں پانچ لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے دس ہزار کلو میٹر کے گرین فیلڈ ایکسپریس وے تعمیر کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان راہداریوں سے اہم اقتصادی مراکز کے درمیان سفر کا راستہ چودہ فی صد گھٹ جائے گا اور ٹرانسپورٹ کی لاگت میں 2.5 فی صد کمی آئے گی۔
جناب گڈکری نے کہا کہ حکومت درختوں کو کاٹنے اور درخت لگانے کے لئے درخت بینک کے نام سے ایک نئی پالیسی وضع کررہی ہے۔ اس پالیسی کے مطابق این ایچ اے آئی، این ایچ آئی ڈی سی آئی، ائرپورٹ اور پورٹ اتھارٹی جیسے اداروں کو پروجیکٹ ڈیولپمنٹ کے دوران گرائے گئے درختوں اور شجرکاری کا ریکارڈ رکھنا ہوتا ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ ہم اختراعی اور سرمیہ کاروں کے لئے سازگار اشیاء لارہے ہیں ہم لوگ پروڈکٹ کی ڈیزائننگ کررہے ہیں تاکہ خردہ سرمایہ کار اچھے سالانہ ریٹرن پاسکیں جو فکس ڈپازٹ کی شرحوں سے زیادہ ہوں۔ انھوں نے کہا کہ چیمبر کو قائدانہ رول ادا کرتے ہوئے ان شعبوں کی نشاندہی کرنی چاہئے جہاں ہمارے باصلاحیت پیشہ ور افراد انڈین انفرا اسپیس میں سرمایہ کاری کے لئے بہترین مالی طور طریقے وضع کرسکیں۔
جناب گڈکری نے کہا کہ آج ہندوستان بجلی سے چلنے والی گاڑیوں (ای وی) کی سب سے بڑی مارکیٹ بن کر ابھر رہا ہے جن میں بجلی سے چلنے والے ٹووہیلر، تھری وہیلر اور اور کاریں شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت شمسی اور ونڈانرجی پر مبنی چارجنگ میکزم تیار کررہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ میں واقع کمپنیاں ای وی بیٹری ٹیکنالوجیز سے متعلق ہماری تحقیق وترقی کی کوششوں میں اشتراک کرسکتی ہیں اور ریٹروفٹنگ صنعت میں بھی ساجھیدار بن سکتی ہیں۔ جناب گڈکری نے چیمبر پر زور دیا کہ وہ کم لاگت والی اور بھروسہ مند الیکٹرولیزر اور ہائیڈروجن فیول سیل ٹیکنالوجی کے فروغ میں ساتھ دیں۔
****
U.No:10170
ش ح۔رف۔س ا
(Release ID: 1858797)
Visitor Counter : 138