وزارت دفاع

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے کوچی میں ہندوستان کے پہلے  اندرون ملک تیار کردہ  طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس  وکرانت کو  بیڑے میں شامل کیا


‘‘آئی این ایس وکرانت صرف ایک جنگی جہاز نہیں ہے۔ یہ 21ویں صدی کے ہندوستان کی محنت، ہنر، اثر و رسوخ اور عزم کا ثبوت ہے’’

آئی این ایس وکرانت دیسی صلاحیت، دیسی وسائل اوردیسی مہارتوں کی علامت ہے: وزیر اعظم

نوآبادیاتی ماضی سے انحراف  کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے بحریہ کے نئے  پرچم کی نقاب کشائی کی، یہ پرچم چھترپتی شیواجی کو وقف کیا

وزیر دفاع نے آئی این ایس وکرانت کو ایک پر اُمنگ  اور خود انحصاری ‘نیو انڈیا’ کی  درخشاں  علامت قرار دیا

‘‘یہ اگلے 25 سالوں میں قوم کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے’’

آئی این ایس وکرانت ملک کی سلامتی اور اقتصادی مفادات کی حفاظت کرے گا: جناب راجناتھ سنگھ

Posted On: 02 SEP 2022 12:02PM by PIB Delhi

دیسی مینوفیکچرنگ کی ملک کی بڑھتی ہوئی مہارتوں  اور ‘آتم نر بھر بھارت’ کی راہ میں ایک اہم سنگ میل کے  حصول پر  روشنی ڈالتے ہوئے، وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے 02 ستمبر2022 کو کوچین شپ یارڈ لمیٹڈ (سی ایس ایل) میں ملک کے پہلے مقامی طیارہ بردار بحری جہاز انڈین نیول شپ (آئی این ایس) وکرانت کو بحری بیڑے میں شامل کیا ۔  تقریب کے دوران، وزیر اعظم نے نوآبادیاتی ماضی کو رد  کرتے ہوئے اور  گراں مایہ  ہندوستانی سمندری ورثے کے لیے نئے بحری پرچم  (نشان) کی نقاب کشائی کی۔ انہوں نے نیا  جھنڈا چھترپتی شیواجی کو وقف کیا۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آج یہاں کیرالہ، ہندوستان ،کے ساحل پر، ہر ہندوستانی، ایک نئے مستقبل کا آفتاب طلوع ہوتے دیکھ رہا ہے۔ آئی این ایس وکرانت پر منعقد ہونے والا یہ پروگرام عالمی افق پر ہندوستان کی ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کو خراج تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم آزادی پسندوں کے خواب کی تعبیر دیکھ رہے ہیں جہاں انہوں نے ایک اہل اور مضبوط ہندوستان کا تصور کیا تھا۔ وزیر اعظم نے کہا ’’وکرانت بہت بڑا، وسیع اور پھیلا ہوا ہے۔ وکرانت اپنے آپ میں ممتاز ہے، وکرانت خاص  بھی ہے۔ وکرانت صرف ایک جنگی جہاز نہیں ہے۔ یہ 21ویں صدی میںہندوستان کی محنت، ہنر، اثر و رسوخ اور عزم کا ثبوت ہے۔ اگر اہداف دور ہیں تو سفر بھی طویل ہے، سمندر اور چیلنجز بھی لامتناہی ہیں– ایسے میں  ہندوستان کا جواب ہے وکرانت۔ آزادی کے امرت مہوتسو کا لاجواب امرت وکرانت ہے۔ وکرانت ہندوستان کے خود انحصار ہونے کا ایک انوکھا عکس ہے۔

قوم کے نئے رویہ پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آج کے ہندوستان کے لیے کوئی بھی چیلنج زیادہ مشکل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ’’آج ہندوستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہو گیا ہے، جو دیسی ٹیکنالوجی کے ساتھ اتنا بڑا طیارہ بردار بحری جہاز تیار کرتے ہیں۔ آج آئی این ایس وکرانت نے ملک کو ایک نئے اعتماد سے بھر دیا ہے، اور ملک میں ایک نیا اعتماد پیدا کیا ہے۔ وزیر اعظم نے بحریہ، کوچین شپ یارڈ کے انجینئروں، سائنسدانوں اور خاص طور پر اس منصوبے پر کام کرنے والے کارکنوں کے تعاون کا اعتراف کیا اور ان کیستائش  کی۔ انہوں نے اونم کے پرمسرت اور مقدس موقع کا بھی حوالہ دیا  اور جو  اس موقع پر مسرتوں میں مزید اضافہ کر رہے ہیں ۔

آئی این ایس وکرانت کے ہر حصے کی اپنی خوبیاں ہیں، ایک طاقت ہے، اپنا ایک ترقی کا سفر ہے۔ یہ مقامی صلاحیت، مقامی وسائل اور مقامی مہارتوں کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ایئر بیس میں نصب اسٹیل بھی دیسی ہے، جسے ڈی آر ڈی او کے سائنسدانوں نے تیار کیا ہے اور اسےہندوستانی کمپنیوں نے تیار کیا ہے۔ کیرئیر کے بڑے تناسب کی وضاحت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ایک تیرتے ہوئے شہر کی طرح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بجلی پیدا کرتا ہے وہ  5000 گھرانوں کو بجلی فراہم کرنے کے لیے کافی ہے اور استعمال ہونے والی وائرنگ کوچی سے کاشی پہنچ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی این ایس وکرانت پنچ پران کی روح کا ایک زندہ مجسمہ ہے جس کا اعلان انہوں نے لال قلعہ کی فصیل سے کیا تھا۔

وزیر اعظم نے ہندوستانی بحری  روایت اور بحری صلاحیتوں کے بارے میں بھی گفتگوکی۔ انہوں نے کہا کہ چھترپتی ویر شیواجی مہاراج نے اس سمندری طاقت کے بل بوتے پر ایسی بحریہ بنائی جس نے دشمنوں کو اپنے پاؤں کی انگلیوں پر کھڑا رکھا۔ جب انگریز ہندوستان آئے تو وہ ہندوستانی جہازوں کی طاقت سے خوفزدہ ہو کر ان کے ذریعے تجارت کرتے تھے۔ چنانچہ انہوں نے ہندوستان کی سمندری طاقت کی کمر توڑنے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ اس وقت برطانوی پارلیمنٹ میں ایک قانون بنا کر ہندوستانی جہازوں اور تاجروں پر کس طرح سخت پابندیاں عائد کی گئیں۔

وزیر اعظم نے نوٹ کیا کہ آج 2 ستمبر 2022 کی تاریخ، تاریخی اہمیت کی حامل ہے کہ جب  ہندوستان نے غلامی کا نشان، غلامی کا بوجھ اتار دیا ہے۔ ہندوستانی بحریہ کو آج سے نیا پرچم مل گیا ہے۔ اب تک غلامی کی پہچان ہندوستانی بحریہ کے جھنڈے پر تھی۔ لیکن آج سے چھترپتی شیواجی سے متاثر ہو کر بحریہ کا نیا پرچم سمندر اور آسمان میں لہرائے گا۔

وزیر اعظم نے تبصرہ کیا کہ جب وکرانت ہمارے  بحری خطے کی  حفاظت کے لیے اترے گا تو بحریہ کی کئی خواتین سپاہیوں کو بھی وہاں تعینات کیا جائے گا۔ سمندر کی بے پناہ طاقت، لامحدود خواتین کی طاقت کے ساتھ، یہ نئے ہندوستان کی بلند شناخت بن رہی ہے۔ اب ہندوستانی بحریہنے خواتین کے لیے اپنی تمام شاخیں کھول دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جو پابندیاں تھیں وہ اب ہٹائی جا رہی ہیں۔ جس طرح اہل موجوں کے لیے کوئی سرحد نہیں ہوتی اسی طرح ہندوستان کی بیٹیوں کے لیے بھی کوئی سرحد یا پابندیاں نہیں ہوں گی ۔

وزیراعظم نے کہا قطرہ قطرہ پانی ایک وسیع سمندر کی طرح بن جاتا ہے۔ انہوں نے اس یوم آزادی پر دیسی توپوں سے سلامی کا بھی ذکر کیا۔ اسی طرح اگر ہندوستان کا ہر شہری ‘ووکل فار لوکل’کے منتر کو جپنا شروع کردے تو ملک کو خود انحصار ہونے میں دیر نہیں لگے گی۔

بدلتی ہوئی جیو اسٹریٹجک صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ماضی میں، ہند-بحرالکاہل کے علاقے اور بحر ہند میں سیکورٹی خدشات کو طویل عرصے سے نظر انداز کیا گیا ہے۔ لیکن، آج یہ علاقہ ہمارے لیے ملک کی اہم دفاعی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی لیے ہم بحریہ کے لیے بجٹ بڑھانے سے لے کر اس کی صلاحیت بڑھانے تک ہر سمت میں کام کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایک مضبوط ہندوستان ایک پرامن اور محفوظ دنیا کی راہ ہموار کرے گا۔

اپنے خطاب میں،  وزیر دفاع  جناب راج ناتھ سنگھ نے ‘امرت کال’ کے آغاز پر آئی این ایس وکرانت کے شروع ہونے کو حکومت کے اگلے 25 سالوں میں ملک کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے مضبوط عزم کا ثبوت قرار دیا۔ ‘‘آئی این ایس وکرانت ایک پر اُمنگ  اور خود انحصاری ‘نیو انڈیا’ کی چمکتی ہوئی علامت ہے۔ یہ قوم کے فخر، طاقت اور عزم کا مظہر ہے۔ دیسی جنگی جہازوں کی تعمیر کی راہ میں اس کی  بیڑے میں شمولیت  ایک  بے مثال کامیابی ہے۔ ہندوستانی بحریہ کی روایت ہے ‘پرانے جہاز کبھی نہیں مرتے’۔ وکرانت کا یہ نیا اوتار، جس نے 1971 کی جنگ میں شاندار کردار ادا کیا، ہمارے آزادی کے جنگجوؤں اور بہادر سپاہیوں کے لیے ایک عاجزانہ خراج عقیدت ہے۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے یہ بھی زور دے کر کہا کہ مسلسل بدلتی ہوئی عالمی صورتحال کے درمیان ملک کے بحری مفادات کو بلا  روکاوٹ  سمندری تجارت کے لیے محفوظ بنانا ہندوستانی بحریہ کی اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بحریہ کی ہمیشہ کسی بھی قومی یا بین الاقوامی بحران کے وقت ‘سب سے پہلے جواب دہندہ’ ہونے کی ستائش کی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آئی این ایس وکرانت کی کمیشننگ سے فورس کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دوست بیرونی ممالک کو یقین دہانی ہے کہ ہندوستان خطے کی اجتماعی سلامتی کی ضروریات کو پورا کرنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ ‘‘ہم ایک آزاد، کھلے اور جامع ہند- بحرالکاہل خطے  میں یقین رکھتے ہیں۔ اس سلسلے میں ہماری کوششوں کی رہنمائی ‘ساگر’ (خطے میں سب کے لیے سلامتی اور ترقی) کے ذریعے کی گئی ہے جیسا کہ وزیر اعظم نے تصور  پیش کیا تھا۔’’

 وزیر دفاع  نے آئی این ایس وکرانت کے شروع ہونے کو اس بات کی تصدیق کے طور پر بھی بیان کیا کہ‘ آتم نر بھر بھارت’ کے حصول کے لیے حکومت کا غیر متزلزل عزم ایک الگ تھلگ پالیسی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان میں رونما ہونے والی بڑی تبدیلی کا ایک اہم حصہ ہے۔

جناب راجناتھ سنگھ نے ‘‘آتم نربھربھارت’’کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں وزیر اعظم کی ان کی دور اندیش قیادت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے دفاع، صحت، تعلیم، زراعت، تجارت، ٹرانسپورٹ اور مواصلات جیسے تمام شعبوں میں شاندار تبدیلیاں کی ہیں۔ انہوں نے اس مقصد کے حصول کے لیے وزارت دفاع کی طرف سے اٹھائے گئے ایسے بہت سارے اقدامات کا ذکر کیا۔ ان میں اتر پردیش اور تمل ناڈو میں دفاعی راہداریوں کا قیام ، تین مثبت مقامی فہرستوں کا اجرا؛ گھریلو صنعت کے لیے کیپٹل پروکیورمنٹ بجٹ کا 68فیصد مختص کرنا۔ دفاعی پیداوار اور برآمدات کے فروغ کی پالیسی 2020 اور ایف ڈی آئی کی حد میں اضافہ شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد ‘میک ان انڈیا، میک فار دی ورلڈ’ ہے اور گزشتہ سال 400 بلین ڈالر سے زیادہ کی برآمدات اس وژن کا ثبوت ہے۔

 

 وزیر دفاع   نے کہا ‘‘جیسا کہ ہندوستان تیزی سے 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت کی طرف بڑھ رہا ہے، آنے والے وقتوں میں عالمی تجارت میں ہمارا حصہ بڑھے گا۔ اگر حصہ بڑھے گا تو اس کا بڑا حصہ لامحالہ سمندری راستوں سے گزرے گا۔ ایسی صورت حال میں، آئی این ایس وکرانت ہماری سلامتی اور اقتصادی مفادات کے تحفظ کے لیے اہم ثابت ہوں گے۔’’

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آر ہری کمار نے کہ وہ 2047 تک  مکمل طور پر  خود کفیل بننے کے لئے  بحریہ کے ہندوستان @100 کے عزم کا اظہار کیا  جو‘میڈ ان انڈیا’ بحری جہازوں، آبدوزوں، ہوائی جہازوں، بغیر پائلٹ کے جہازوں اور نظاموں پر مشتمل ہے اور ایک ‘جنگی کے لئے تیار، قابل بھروسہ، مربوط اور مستقبل کی مشکلات کا سامنے کرنے والی  قوت کے طور پر’ باقی رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ جیسا کہ وزیر اعظم نے تصور کیا تھا، بحریہ پانچ وعدوں کی تکمیل کے راستے پر آگے بڑھنے کے لیے پرعزم ہے، یعنی ترقی یافتہ ہندوستان،  غلامی کی کسی بھی  علامت کو  مٹانا ، وراثت میں فخر، اتحاد اور فرائض کی تکمیل۔

بحریہ کے سربراہ نے آئی این ایس وکرانت کے کمانڈنگ آفیسر اور عملے کو سابق وکرانت کی قابل فخر وراثت کو آگے بڑھانے کی تلقین کی جس نے 36 شاندار سالوں تک ملک کی خدمت کی اور 1971 کی جنگ میں اہم کردار ادا کیا۔

آئی این ایس وکرانت کے بارے میں

آئی این ایس وکرانت کی بحری بیڑے میں شمولیت قوم کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے کیوں کہ اس نے ‘آزادی کا امرت مہوتسو’ کے دوران ‘آتم نربھر’ کی خصوصیات  کو اجاگر کیا اور بحر ہند علاقے میں بہتر بحری سلامتی کی  سمت میں  صلاحیتوں کو بڑھانے میں ملک کے جوش اور جذبے کا ایک حقیقی ثبوت ہے۔  بیڑے میں شمولیت   کے ساتھ ہی، ہندوستان ممالک  کے ایک منتخب گروپ میں داخل ہوگیا ہے جس میں طیارہ بردار بحری جہاز کو مقامی طور پر ڈیزائن کرنے اور بنانے کی خاص صلاحیت ہے اور یہ  خود انحصاری اور ‘میک ان انڈیا’ کے لیے قوم کے عزم کا حقیقی ثبوت ہے۔

آئی این ایس وکرانت کو ہندوستانی بحریہ کے اندرون خانہ وار شپ ڈیزائن بیورو (ڈبلیو ڈی بی) نے ڈیزائن کیا ہے اور کوچین شپ یارڈ لمیٹڈ نے تیار کیا ہے، جو بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کی وزارت کے تحت ایک پبلک سیکٹر شپ یارڈ ہے، وکرانت کو جدید ترین آٹومیشن خصوصیات کے ساتھ بنایا گیا ہے  اور یہ ہندوستان کی سمندری تاریخ میں اب تک تیار کیا گیا  سب سے بڑا جہازا ہے۔

وکرانت، 262.5 میٹر لمبا اور 61.6 میٹر چوڑا  جہاز ہے، جس کا وزن تقریباً 43,000 ٹن ہے ، جس کی زیادہ سے زیادہ ڈیزائن کی گئی رفتار 7,500 ناٹیکل میل کی سفری صلاحیت کے ساتھ 28 ناٹس ہے۔ جہاز میں تقریباً 2,200 کمپارٹمنٹ ہیں، جن میں خواتین افسران اور ملاحوں سمیت تقریباً 1600 کے عملے کے لیے گنجائش ہے۔  اس طیارہ بردار جہاز کو  مشینری کے آپریشنز، جہاز کی نیویگیشن اور  خراب حالات  کا سامنے کرنے کی صلاحیت  کے لیے انتہائی اعلی درجے کی آٹومیشن کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے۔طیارا  بردار جہاز  جدید ترین آلات اور نظاموں سے لیس ہے۔

یہ جہاز 30 طیاروں پر مشتمل ہوائی ونگ کو چلانے کی صلاحیت رکھتا ہے جس میں مگ29-کے لڑاکا طیاروں، کیموف-31، ایم ایچ -60 آر ، ملٹی رول ہیلی کاپٹرز کے علاوہ مقامی طور پر تیار کردہ ایڈوانسڈ لائٹ ہیلی کاپٹر(اے ایل ایچ) اور لائٹ کامبیٹ ایئر کرافٹ(ایل سی اے) (بحریہ)۔ شامل ہیں۔ شارٹ ٹیک آف بٹ اریسٹڈ ریکوری (ایس ٹی او بی اے آر) کے نام سے معروف ایئر کرافٹ آپریشن موڈ کا استعمال کرتے ہوئے،  آئی این ایس وکرانت ہوائی جہاز کو لانچ کرنے کے لیے سکی جمپ سے لیس ہے، اور جہاز پر ان کی بحالی کے لیے ‘آریسٹر تاروں’  کا ایک سیٹ ہے۔

آئی این ایس  وکرانت کی تعمیر کے نتیجے میں جس میں 76فیصد دیسی مواد کے  استعمال کیا گیا ہے، اور سی ایس ایل  کے 2,000 سے زیادہ ملازمین کے لیے براہ راست روزگار پیدا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ، اس کے نتیجے میں 550 سے زیادہ او ای ایمز، ذیلی ٹھیکیداروں، ذیلی صنعتوں اور 100 سے زیادہ  ایم ایس ایم ایز کے لیے تقریباً 12,500 ملازمین کے لیے بالواسطہ روزگار پیدا ہوا ہے، جس سے معیشت پر بہت زیادہ منافع بخش اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

نیوی کا نیا نشان

نوآبادیاتی ماضی سے دور جانے کے لیے جاری قومی کوشش کی گونج کے درمیان، ضرورت محسوس کی گئی کہ ایک نئے ڈیزائن کی طرف منتقلی کی جائے جو ہماری تاریخ سے متاثر ہو۔ سفید پرچم  جو ملک بھر میں  بحریہ کی شناخت ہے ، اب دو اہم اجزاء پر مشتمل ہے ۔ اوپری بائیں کینٹن میں قومی پرچم، اور ایک نیوی بلیو ۔ فلائی سائیڈ کے بیچ میں سنہرے ہشت پہلو نشان  (بلی  سے دور)۔ آکٹگن دو سنہری آکٹونل سرحدوں کے ساتھ ہے جس میں سنہری قومی نشان (اشوکا کا شیر کیپٹل - نیلے دیوناگری رسم الخط میں ‘ستیامیو جیتے’ کے ساتھ لکھا ہوا) ایک لنگر کے اوپر ٹکا ہوا ہے: اور ایک ڈھال پر  لپٹا ہوا ہے۔ شیلڈ کے نیچے، آکٹگن کے اندر، ایک سنہری بارڈر والے ربن میں، نیوی بلیو پس منظر میں، سنہری دیوناگری اسکرپٹ میں ہندوستانی بحریہ کا نعرہ ‘سام نو ورونہ’  لکھا ہوا ہے۔ آکٹگن کے اندر محیط ڈیزائن کو انڈین نیول کرسٹ سے لیا گیا ہے، جس میں ایک بوسیدہ  لنگر، جو نوآبادیاتی میراث سے بھی وابستہ ہے، کو ایک واضح لنگر سے بدل دیا گیا ہے جو ہندوستانی بحریہ کی ثابت قدمی کو واضح کرتا ہے۔

کیرالہ کے گورنر جناب عارف محمد خان، کیرالہ کے وزیر اعلیٰ جناب پنارائی وجین، بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے وزیر جناب سربانند سونووال، قومی سلامتی کے مشیرجناب اجیت ڈوول، رکشا راجیہ منتری جناب اجے بھٹ اور وزارت دفاع اور سی ایس ایل کے سینئر سول اور فوجی حکام، اس موقع پر موجود افراد میں شامل تھے۔

*************

 

ش ح۔ س ب۔ رض

U. No.9815



(Release ID: 1856262) Visitor Counter : 240