وزارت دفاع

راجستھان کے اودے پور میں وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارت اب کمزور نہیں ہے، وہ تمام چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے مضبوط اور پوری طرح سے لیس ہے


’’  بھارت نے کبھی کسی ملک پر حملہ نہیں کیا اور نہ ہی ایک انچ بیرونی سرزمین پر قبضہ کیا لیکن اگر کسی نے میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تو ہم منہ توڑ جواب دیں گے ‘‘

2016 ء کی سرجیکل اسٹرائیک اور 2019 ء کے بالاکوٹ فضائی حملے ، اس بات کا ثبوت ہیں کہ بھارت کی فوجی صلاحیت کسی بھی ملک سے کم نہیں: وزیر دفاع

       

Posted On: 30 AUG 2022 3:15PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں، بھارت ایک مضبوط، پُر اعتماد اور خود کفیل ملک میں تبدیل ہو گیا ہے، جو ہر قسم کے خطرات اور چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے پوری طرح سے لیس ہے۔ یہ بات وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 30 اگست ، 2022 ء کو راجستھان کے اودے پور میں ایک تقریب کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پچھلے آٹھ سالوں میں کئے گئے اقدامات نے مسلح افواج میں ایک نیا اعتماد پیدا کیا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بھارت نے کبھی کسی ملک پر حملہ نہیں کیا اور نہ ہی ، اس نے ایک انچ بیرونی سرزمین پر قبضہ کیا ہے لیکن اگر کبھی کسی نے ملک کی خودمختاری، اتحاد اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ یہ پچھلے آٹھ سالوں کا نتیجہ ہے کہ بھارت اب کمزور نہیں رہا۔ ہم نے دہشت گردی پر اپنا موقف اس وقت واضح کیا ، جب ہماری مسلح افواج نے زبردست طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2016 ء  میں سرجیکل اسٹرائیک اور 2019 ء میں بالاکوٹ فضائی حملے کئے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کی فوجی قوت کسی بھی ملک سے کم نہیں ہے ۔ انہوں نے قوم کو یقین دلایا کہ مسلح افواج عوام کو بھارت مخالف عناصر سے بچانے کے لئے پوری تیاری کے ساتھ تعینات ہیں۔

وزیر دفاع نے اس بات پر زور دیا  کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ’ آتم نربھر بھارت‘ کی بنیاد رکھی گئی ہے اور یہ مضبوط اور خود کفیل ’ نیا بھارت ‘ طاقتور ملکوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے دفاع میں ’ آتم نربھر  بھارت ‘ کو فروغ دینے کے لئے وزارت دفاع کی طرف سے اٹھائے گئے متعدد اقدامات کو اجاگر کیا، جس میں 310 اشیاء کی تین مثبت مقامی فہرستوں کا اجراء اور مرکزی بجٹ 23-2022 ء میں بڑی خریداریوں کے خاطر گھریلو صنعت کے لئے بجٹ کی 68 فی صد رقم مختص کرنا شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی دفاعی صنعت کو مضبوط بنانے کے لئے ’ میک ان انڈیا، میک فار دی ورلڈ‘ ویژن کے تحت غیر ملکی کمپنیوں کو بھارت میں ساز و سامان تیار کرنے کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے ، اس بات کو اجاگر کیا کہ حکومت کی طرف سے کی گئی کوششوں کا نتیجہ سامنے آنے لگا ہے کیونکہ بھارت نہ صرف اپنی ضروریات کو پورا کر رہا ہے بلکہ دوسرے ممالک کی ضروریات کو بھی پورا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس حقیقت کی ستائش کی کہ دفاعی برآمدات، جو آٹھ سال قبل تقریباً 900 کروڑ روپئے کی تھیں، اب بڑھ کر تقریباً 13000 کروڑ روپئے تک پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہ بھارت اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کی طرف گامزن ہے  ۔ انہوں نے  مزید کہا کہ 2047 ء تک 2.75 لاکھ کروڑ روپئے مالیت کی دفاعی برآمدات کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔

وزیر دفاع نے نہ صرف ملک میں رہنے والے بھارتیوں بلکہ دنیا کے دوسرے حصوں میں رہنے والے بھارتیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ روس کے ساتھ جاری صورتِ حال کے درمیان یوکرین سے بھارتی شہریوں کی بحفاظت واپسی ہر بھارتی کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے عزم کا ثبوت ہے۔

جناب راج ناتھ سنگھ 16 ویں صدی کے اودے سنگھ دوم کے چوتھے بیٹے اور بھارت کے حکمراں سنگرام سنگھ اول   ، جو رانا سانگا کے نام سے معروف تھے ، پناّ دھائی کے  مجسمے  کی نقاب کشائی کے لئے اودے پور میں تھے ۔ جناب راج ناتھ سنگھ نے ، انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پناّ دھائی کی بہادری کی ستائش کی ، جنہوں نے میواڑ اور پورے ملک کے مفاد میں مہارانا پرتاپ کے والد اودے سنگھ II کے تحفظ کے لئے اپنے بیٹے کی قربانی دے دی تھی ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ پنا دھائی سے تحریک حاصل کریں اور ملک کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں ۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( ش ح ۔ و ا ۔ ع ا )

U. No. 9681



(Release ID: 1855574) Visitor Counter : 103