امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت
سی سی پی اے نے آیورویدک، سِدّھ اور یونانی ادویہ کی فروخت کے سلسلے میں ای۔کامرس پلیٹ فارموں کو ایڈوائزری جاری کی
ای۔کامرس پلیٹ فارموں کو رجسٹرڈ آیوروید، سِدّھ یا یونانی طبیب حضرات کے درست نسخہ کی بنا پر ہی ایسی ادویہ فروخت کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے
Posted On:
14 JUL 2022 4:59PM by PIB Delhi
صارفین کے مفادات کے تحفظ کی مرکزی اتھارٹی (سی سی پی اے) نے ڈرگس اینڈ کاسمیٹکس قواعد، 1945 کے شیڈیول ای (1) میں مندرج اجزاء کی حامل آیورویدک، سِدھ اور یونانی ادویہ فروخت کرنے والی ای۔کامرس کمپنیوں کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ ان ای۔کامرس پلیٹ فارموں کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ رجسٹرڈ آیوروید، سِدھ اور یونانی طبیب حضرات کے ذریعہ تجویز کردہ صحیح نسخے کی بنا پر ہی اس طرح کی ادویہ فروخت کریں گے اور نسخے کو یوزر کے ذریعہ پلیٹ فارم اپلوڈ کیاجانا ضروری ہے۔ طبی نگرانی کے بغیر اس طرح کی ادویہ کا استعمال سنگین صحتی مسائل کا باعث ثابت ہو سکتا ہے۔
ڈرگس اینڈ کاسمیٹکس قواعد، 1945 کے قاعدے 161(2) کے مطابق، انسانی بیماریوں کے علاج کے لیے اندرونی طور پر استعمال میں لائی جانے والی دوا، اگر یہ شیڈیول ای (1) میں بیان کردہ کسی مادہ سے تیار کی گئی ہے، تو اس دوا کے کنٹینر پر ، انگریزی اور ہندی دونوں زبانوں میں واضح الفاظ میں یہ لکھا ہونا چاہئے کہ’’خبردار: یہ دوا طبی نگرانی میں استعمال کی جانی چاہئے‘‘۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزارت آیوش نے 01.02.2016 کو ایک عوامی نوٹس جاری کیا تھا جس کے تحت متعلقہ افراد کو یہ جانکاری دی گئی کہ مذکورہ بالا ادویہ طبی نگرانی میں استعمال کی جانی چاہئے اور طبی مشورے کے بغیر ان ادویہ کی آن لائن خریداری سے گریز کیا جانا چاہئے۔
صارفین کے تحفظ ایکٹ 2019 کے سیکشن 18 کے تحت، ایک طبقہ کے طور پر صارفین کے حقوق کے تحفظ، فروغ اور نفاذ ، اور صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی کی روک تھام کے لیے ، سی سی پی اے کو اختیار حاصل ہے۔ اس کے علاوہ، سی سی پی اے غیر منصفانہ تجارتی طور طریقوں کی روک تھام کے لیے بااختیار ہے ، نیز وہ اس امر کو یقینی بنانے کا بھی حق رکھتی ہے کہ کوئی بھی شخص غیر منصفانہ تجارتی طور طریقوں میں خود کو ملوث نہ کرے۔
سی سی پی اے صارفین کی فلاح و بہبود پر اثر انداز ہونے والے مسائل کی مسلسل نگرانی کرتی ہے۔ حال ہی میں، سی سی پی اے نے غیر منصفانہ تجارتی طور طریقوں کی روک تھام اور ہوٹلوں و ریستوران وغیرہ میں سروس چارج ٹیکس سے متعلق صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے رہنما خطوط جاری کیے۔ سی سی پی اے نے گمراہ کن اشتہارات کی روک تھام اور اس طرح کے اشتہارات سے صارفین کے تحفظ کے لیے گمراہ کن اشتہارات کی توثیق سے متعلق بھی رہنما خطوط جاری کیے۔
آن لائن شاپنگ کرتے ہوئے صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے، سی سی پی اے نے تمام مارکیٹ پلیس ای۔کامرس پلیٹ فارموں کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جا سکے کہ صارفین کے تحفظ (ای۔کامرس) قواعد،2020 کے قاعدہ 6 کے ذیلی قاعدے (5) کے تحت لازمی قرار دی گئیں فروخت کاروں سے متعلق تفصیلات، جن میں شکایت افسر کا نام، رابطے کا نمبر بھی شامل ہیں، واضح اور قابل رسائی انداز میں فراہم کرائی جائیں ، جو صارفین کو پلیٹ فارم پر نمایاں طور پر نظر آئیں۔
سی سی پی اے نے ایکٹ کی دفعہ 18(2)(j) کے تحت صارفین کو ایسی اشیاء کی خریداری سے خبردار اور محتاط رہنے کے لیے بھی سلامتی نوٹس جاری کیے ہیں جن پر صحیح آئی ایس آئی نشان نہیں ہیں اور وہ لازمی بی آئی ایس معیارات کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔ جہاں ایک جانب پہلا نوٹس ہیلمیٹ، پریشر کوکرز اور کھانا پکانے کے گیس سلینڈروں سے متعلق تھا، تو وہیں دوسرا نوٹس الیکٹرک اِمرزن واٹر ہیٹر، سلائی مشین، مائیکرو ویو اووَن، ایل پی جی کے ساتھ گھریلو گیس اسٹو، وغیرہ سمیت گھریلو سازوسامان سے متعلق تھا۔
**********
(ش ح –ا ب ن۔ م ف)
U.No:7567
(Release ID: 1841553)
Visitor Counter : 431