امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت

ای-کامرس پلیٹ فارم پر موجود جعلی تبصرے مرکز کی نگاہ میں ہیں


صارفین کے امور کا محکمہ جعلی جائزوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تبادلہ خیال کرنے اور آگے کا روڈ میپ تیار کرنے کے لیے ای کامرس اداروں اور اسٹیک ہولڈروں کے ساتھ میٹنگ کرے گا

Posted On: 26 MAY 2022 3:28PM by PIB Delhi

صارفین کے امور کا محکمہ (DOCA) صارفین کو ای کامرس پلیٹ فارموں پر آن لائن سروسز یا مصنوعات کو خریدنے کے لیے گمراہ کرنے والے جعلی تبصروں کے سیلاب کا جائزہ لے گا اور آگے کا روڈ میپ تیار کرنے کے لیے ایڈورٹائزنگ اسٹینڈرڈز کونسل آف انڈیا (ASCI) کے تعاون سے جمعہ، 27 مئی 2022 کو مختلف اسٹیک ہولڈروں کے ساتھ ایک ورچوئل میٹنگ کا انعقاد کرے گا۔

اجلاس میں بنیادی طور پر صارفین پر جعلی اور گمراہ کن جائزوں کے اثرات اور اس بے قاعدگی کو روکنے کے لیے ممکنہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں، سکریٹری، ڈی او سی اے، جناب روہت کمار سنگھ نے تمام اسٹیک ہولڈروں جیسے فلپ کارٹ، امیزون، ٹاٹا سنز، ریلائنس ریٹیل جیسے ای کامرس اداروں اور کنزیومر فورمز، لاء یونیورسٹیز، وکلاء، FICCI، CII اور صارفین کے حقوق کے کارکنان وغیرہ کو اس اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

اس دعوت نامے کے ساتھ، جناب سنگھ نے 20 جنوری 2022 کو یورپی کمیشن کی ایک پریس ریلیز کا بھی اشتراک کیا ہے، جس میں یورپی یونین کی 223 بڑی ویب سائٹس پر آن لائن صارفین کے تبصروں کی اسکریننگ کے نتائج پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ اسکریننگ کے نتائج نے اس بات کو اجاگر کیا ہے کہ کم از کم 55 فیصد ویب سائٹس نے یورپی یونین کے غیر منصفانہ تجارتی طرز عمل کی ہدایت کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس ہدایت میں صارفین کو با خبر انتخاب کرنے کے لیے صحیح معلومات فراہم کرنے کی ضرورت بتائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، 223 ویب سائٹس میں سے 144 میں، حکام اس بات کی تصدیق نہیں کر سکے کہ تاجر اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کافی کام کر رہے تھے کہ آیا تبصرے مستند تھے یا نہیں، یعنی وہ ان ہی صارفین کی طرف سے پوسٹ نہیں کیے گئے تھے جنھوں نے اصل میں تبصرہ کیے گئے پروڈکٹ یا سروس کا استعمال کیا تھا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ’یہ بات قابل ذکر ہے کہ انٹرنیٹ اور اسمارٹ فون کے استعمال میں اضافے کے اس وقت میں صارفین اشیا اور سروسز کی خریداری کے لیے آن لائن خریداری کر رہے ہیں۔ اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے کہ ای کامرس پلیٹ فارموں پر پروڈکٹ کو طبعی طور پر دیکھنے یا جانچنے کا کوئی موقع نہیں ہوتا ہے اور یہ ایک ورچوئل خریداری کا تجربہ ہے، صارفین سامان یا سروسز خریدنے والے صارفین کی رائے اور تجربے کو جاننے کے لیے ای کامرس پلیٹ فارم پر پوسٹ کیے گئے تبصروں پر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں۔۔ اس طرح، جعلی اور گمراہ کن تبصروں کی وجہ سے، کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2019 کے تحت صارف کے معلومات کے حق کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔‘

خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ”چونکہ یہ مسئلہ روزانہ کی بنیاد پر آن لائن خریداری کرنے والے لوگوں پر اور بطور صارف ان کے حقوق پر نمایاں اثر ڈالتا ہے، اس لیے یہ ضروری ہے کہ اس کا زیادہ اور تفصیل سے جائزہ لیا جائے۔“

********

ش ح۔ ف ش ع-م ف

U: 5774



(Release ID: 1828560) Visitor Counter : 147