صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

جمیکا میں بھارت کے صدر جمہوریہ نے  گورنر جنرل، وزیراعظم اور  ا پوزیشن کے لیڈر کے ساتھ دو طرفہ میٹنگیں کیں


امبیڈکر ایونیو کا افتتاح کیا اور کنگسٹن میں بھارتی برادری اور بھارت کے دوستوں سے خطاب کیا

سشما سوراج انسٹی ٹیوٹ آف فارن سروس اور جمیکا کی وزارت خارجہ اور غیر ملکی تجارت نے سفارتی تربیت کے شعبے میں تعاون کے لیے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے

Posted On: 17 MAY 2022 11:57AM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند 15 مئی 2022 کی شام  جمیکا کے کنگسٹن  میں واقع نارمن مینلی بین الاقوامی ہوائی اڈےپہنچے، جہاں جمیکا کے گورنر جنرل  عزت مآب سر پیٹرک ایلن، جمیکا کے وزیر اعظم عزت مآب اینڈریو ہولنس اور دیگر سرکردہ شخصیات نے ا ن کا استقبال کیا ۔صدر جمہوریہ کو ان کی آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ یہ کسی بھارتی صدر کا جمیکا کا پہلا دورہ ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 60 سال مکمل ہونے پر ہو رہا ہے۔

کل (16 مئی 2022) کو صدر جمہوریہ نے مارکس گاروے کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کنگسٹن میں نیشنل ہیروز پارک کے دورے کے ساتھ اپنی مصروفیات کا آغاز کیا۔ اس کے بعد انہوں نے   سر پیٹرک ایلن سے ملاقات کے لیے جمیکا کےگورنر جنرل  کی سرکاری رہائش گاہ کنگز ہاؤس کا دورہ کیا۔ گفتگو کے دوران صدر نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر گورنر جنرل کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے آئی ٹی اور متعلقہ خدمات، میڈیکل اور فارما سیکٹر، کھیل اور تعلیم، سیاحت اور مہمان نوازی کی صنعت اور ترقیاتی شراکت داری کے شعبے میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

صدر جمہوریہ نے واضح کیا کہ کوووڈ۔19 وباءکی وجہ سے ہونے والے خلل کے باوجود بھارت اور جمیکا کے درمیان دو طرفہ تجارت اور اقتصادی اور تجارتی تبادلہ خیال میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری خاص طور پر آئی ٹی اور آئی ٹی اینبلڈ سروسز، میڈیکل اور فارما سیکٹر، تعلیم اور صلاحیت سازی میں اضافہ، سیاحت اور مہمان نوازی کی صنعت، زراعت اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں میں اضافے کی گنجائش اب بھی موجود ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان ترقیاتی شراکت داری اور تعلیم کے بارے میں بات کرتے ہوئے، صدر نے کہا کہ بھارت جمیکا جیسے ترقی پذیر ممالک کے ساتھ اپنے تجربے، علم اور اپنے ترقی کےسفر میں حاصل  شدہ مہارت کو بانٹنے کے اپنے عہد پر ثابت قدم ہے۔ ہماری ترقیاتی شراکت داری کی سرگرمیاں مضبوطی سے جنوب ۔ جنوبی تعاون کے تصور پر مبنی ہیں اور شراکت داروں کی قومی ترجیحات کے مطابق ہماری رضاکارانہ شراکت داری کے اصولوں پر مبنی ہیں۔ ہمیں انڈیا ٹیکنیکل اینڈ اکنامک کوآپریشن (آئی ٹی ای سی) پروگرام کے تحت مختلف سرکردہ تعلیمی اداروں میں کورسز کے ذریعے جمیکا میں صلاحیت سازی اور ہنرمندی کی ترقی میں مدد کرنے پر خوشی ہے۔ بھارت آئی ٹی ای سی سلاٹس 30 سے بڑھاکر ​​50 کرنے کی پیشکش سے خوش ہے۔

گورنر جنرل سے ملاقات کے بعد صدر جمیکا ہاؤس گئے جہاں ان کا استقبال وزیر اعظم اینڈریو ہولنس نے کیا۔ دونوں رہنماؤں نے بھارت اور جمیکا کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری، خدمات، صحت، ریلوے اور ٹرانسپورٹ خدمات اور کھیلوں کے ساتھ ساتھ علاقائی اور کثیر جہتی فورموں میں تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سروس سیکٹر اور علمی معیشت میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے تعلیم کے میدان میں بالخصوص تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون میں جمیکا کی دلچسپی  کی وضاحت  کرتے ہوئے خوشی محسوس کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جمیکا کی اپنی ایک یونیورسٹی میں بھارتی تعلیمی ادارے کی شاخ کی میزبانی میں دلچسپی کا خیر مقدم کرتا ہے۔

میٹنگ کے بعد، صدر اور وزیر اعظم ہولنس سشما سوراج انسٹی ٹیوٹ آف فارن سروس (ایس ایس ایف ایس آئی) اور جمیکا کی وزارت خارجہ اور غیر ملکی تجارت کے درمیان سفارتی تربیت کے شعبے میں تعاون پر ایک مفاہمت نامے پر دستخط اور ایک دوسرے کے ساتھ تبادلے کے گواہ بنے۔ یہ ایم او یو یس ایس ایف ایس آئی میں جمیکا کے فارن سروس افسران کے لیے قریبی تعلیمی اور تربیتی تبادلے کی سہولت بھی فراہم کرے گا۔

اس کے بعد، صدر نے ڈاون ٹاؤن کنگسٹن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مقامی حکومت اور دیہی ترقی کے وزیرعزت مآب ڈیسمنڈ میک کینزی، کنگسٹن شہر کے میئر، عزت مآب ڈیلرائے ولیمز اور بھارتی برادری کے اراکین کی موجودگی میں امبیڈکر ایونیو کا افتتاح کیا ۔

اس موقع پر اپنے مختصر خطاب میں صدر جمہوریہ نے کہا کہ ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر نے آئین میں پسماندہ طبقات کو سماجی اور معاشی اعتبار سے بااختیار بنانے کے لیے ترقی پسند نظریات متعارف کرائے تھے۔ انہوں نے عدم مساوات کو دور کرنے کے مقصد سے لوگوں کو تعلیم دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ کچھ لوگوں کو ڈاکٹر امبیڈکر کی جمیکا کے تعلق سے اہمیت  پر حیرت ہوگی ۔ ہمیں ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ ڈاکٹر امبیڈکر اور مارکس گاروے جیسی عظیم شخصیات صرف ایک قوم یا کمیونٹی تک محدود نہیں رہ سکتیں۔ ان کا سبھی کے لئے مساوات ، اور ہر طرح کے امتیازی سلوک کے خاتمے کے ان کے پیغام کی آفاقی اہمیت ہے۔ اس لیے ڈاکٹر امبیڈکر کےپیغام  کی بھارت میں جتنی اہمیت ہے اتنی ہی جمیکا میں بھی ہے ۔

ان کے اگلے پروگرام میں، ایوان نمائندگان میں اپوزیشن کے لیڈرعزت مآب  مارک گولڈنگ نے صدر جمہوریہ  سے ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون اور ثقافتی رابطوں اور عوام سے عوام کے تعلقات کی حوصلہ افزائی پر اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔

بعدازاں شام کو صدر جمہوریہ نے کنگسٹن میں ہوپ بوٹینیکل گارڈن کا دورہ کیا ،جہاں انہوں نے بھارت جمیکا فرینڈشپ گارڈن کا افتتاح کیا اور جمیکا کی خاتون اول، لیڈی ایلن جو اس باغ کی سرپرست ہیں، وزیر زراعت عزت مآب پرنل چارلس جونیئر اور نیشنل پریزرویشن فاؤنڈیشن کے چیئرمین مسٹر الفریڈ تھامس کی موجودگی میں صندل کا پودا لگایا۔

دن کی آخری مصروفیت میں، صدرجمہوریہ نے جمیکا میں بھارت کے ہائی کمشنر شری ماساکوئی رنگ سنگ کی میزبانی میں ہندوستانی برادری اور ہندوستان کے دوستوں کے استقبالیہ میں شرکت کی۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ جمیکا اوربھارت کے لوگ ہمارے ثقافتی روابط کی گہری جڑیں مضبوط کرتے ہیں اور ہماری کثیر جہتی شراکت داری کو تقویت پہنچاتے ہیں۔ بھارتی  برادری  ہمارے ملکوں کے درمیان ایک زندہ پل ہے۔ یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ بھارتی برادری کے اراکین کو جمیکا میں ان کے تعاون کے لیے اعلیٰ سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ ہمیں جمیکا میں بھارتی برادری کی کامیابیوں پر بہت فخر ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ بھارت 'آزادی کا امرت مہوتسو' کے ذریعے ہندوستان کی آزادی کے 75 سال اور اپنے لوگوں، ثقافت اور کامیابیوں کی شاندار تاریخ کا جشن منا رہا ہے۔ انہوں نے بھارتی برادری کے ممبران پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور جشن میں شامل ہوں۔

صدر نے کہا کہ ہم ڈیجیٹل معیشت، نئی ٹیکنالوجیز، موسمیاتی تبدیلی سے متعلق کارروائی اور علمی معاشرے کی شکل کو نشان زد کرنے کے شعبوں میں قیادت کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ یہ  نیا بھارت بھارتی برادری کو اپنی ترقی اور خوشحالی میں حصہ لینے کے بے پناہ مواقع فراہم کرتا ہے۔ ہم اس نئے  بھارت کے لیے اپنی بھارتی برادری  کی حمایت چاہتے ہیں جو لاکھوں گھروں کو ترقی اور خوشحالی سے روشن کرنے کا وعدہ کرتای ہے، ایک بھارت جو سب کا خیال رکھتا ہے۔

اس موقع پر صدر جمہوریہ نے جمیکا کرکٹ ایسوسی ایشن کو کرکٹ کٹس پیش کیں جو ایسوسی ایشن کے صدر مسٹر بلی ہیون نے وصول کیں۔

 

*************

ش ح- ف ا– ف ر

U. No.5446


(Release ID: 1825992) Visitor Counter : 166