صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

صدر جمہوریہ ہند نے کانپور میں چودھری ہر موہن سنگھ یادو کے یوم پیدائش کی صدسالہ تقریبات میں شرکت کی

Posted On: 24 NOV 2021 2:09PM by PIB Delhi

نئی دہلی ،24نومبر:

صدرجمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند نے کانپور میں آج (24 نومبر 2021) چودھری ہرموہن سنگھ یادو کے یوم پیدائش کی صدسالہ تقریبات میں شرکت کی اور خطاب کیا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ چودھری ہرموہن سنگھ یادو کی زندگی  آنے والی نسلوں کے لئے قابل قدر ہے ۔ وہ سادگی کی ایک مکمل مثال تھے اور عوامی خدمت کے لئے جذبے کا ایک وسیلہ تھے۔ انہوں نے عوام ، خاص طور پر پسماندہ طبقے کے لوگوں اور کسانوں کی زندگیوں میں خوشحالی لانے کے لئے جدوجہد کی۔ گرام سبھا سے راجیہ سبھا تک ، زراعت سے متعلق ان کے نظریات پر  پالیسی سازوں نے ہمیشہ سنجیدگی سے غور و خوض کیا۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہرموہن سنگھ جی  کے گھر کے دروازے ہمیشہ سب کے لئے ہمیشہ کھلے رہے۔ 1984 میں انہوں نے اس وقت فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ایک عمدہ مثال قائم کی جب انہوں نے  ایک پرتشدد ہجوم سے بڑی تعداد میں لوگوں کی زندگیاں بچائیں۔ 1991 میں انہیں غیرمعمولی بہادری اور نڈر ہونے پر شوریہ چکر سے نوازا گیا۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہر موہن سنگھ جی کی کوششوں سے بہت سے تعلیمی ادارے قائم کئے گئے جس سے اس علاقہ میں تعلیمی بیداری میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے سمجھ لیا تھا کہ تعلیم  ہر کنبے اور سماج کی ترقی کی بنیاد ہے۔ صدر جمہوریہ نے  ان کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کہا کرتے تھے کہ تعلیم عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے اور سماج اور ملک کو بہتر  بنانے  کا بہترین آلہ کار ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہماری  آزادی  کے 75 سال پورے ہونے کے موقع پر پورے ملک میں آزادی کا امرت مہوتسو منایا جارہا ہے۔ اس دو سالہ مہوتسو کے دوران ہم  جدوجہدآزادی کے ان بے نام جانبازوں کو یاد کریں گے جنہوں نے اس راہ میں اپنی زندگیاں قربان کردیں۔مجاہدین آزادی عزیزن بائی، میناوتی، جے دیو کپور، شیوورما، بیجے کمار سنہا، ڈاکٹر گیا پرساد کو اس موقع پر یاد کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ بھارت اس طرح کے بہت سے مجاہدین آزادی کے اہم تعاون کی وجہ سے آزاد ہوسکا لہذا یہ ہم سب کی ڈیوٹی ہے کہ ہم سب اس طرح کے بے نام مجاہدین آزادی کے تعاون سے متعلق معلومات کو عوام کے سامنے لائیں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ کسی بھی قوم کا مستقبل ماضی کے تجربے سے رہنمائی حاصل کرتا ہے اور وہ اس کی ثقافت سے مالامال ہوتا ہے۔ ہم سب کو چاہئے کہ ایک مضبوط کامیاب ترقی یافتہ اور خوشحال بھارت کی تعمیر میں سرگرم حصہ لیں۔ ہمارے ملک کا ہر شخص ملک کی ترقی کے لئے مل کر آگے آئے۔

صدر جمہوریہ کی ہندی میں تقریر پڑھنے کے لئے براہ مہرانی یہاں کلک کریں :

****************

ش  ح۔ ا س   ۔ م  ص

U-13232



(Release ID: 1774553) Visitor Counter : 174