کوئلے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

کول انڈیا کی اخراج میں مزید کمی کرنے کی کوشش – ڈمپرس میں ڈیزل کی جگہ ایل این جی کا متبادل استعمال کرنے سے متعلق آزمائشی پروجیکٹ


اس قدم سے ڈیزل کے استعمال میں 40 فی صد تک کی کمی ہونے کا امکان ہے ، ایندھن پر 500 کروڑ روپئے کی سالانہ بچت کی امید ہے

Posted On: 02 NOV 2021 1:27PM by PIB Delhi

 

نئی دلّی  ، 02 نومبر/ کوئلہ کی وزارت کے تحت کول انڈیا لمیٹیڈ ( سی آئی ایل ) نے کاربن اخراج میں مزید کمی کرنے کے مقصد سے حال ہی میں اپنے ڈمپرس میں تبدیلی کرنے کے بعد رقیق بنائی گئی قدرتی گیس ( ایل این جی ) کِٹس نصب  کرنے کے عمل کا آغاز کیا ہے ۔ ڈمپرس ، وہ بڑے ٹرک ہیں ، جنہیں کانوں میں کوئلہ کی نقل و حمل کے لئے استعمال کیا جاتا ہے ۔ دنیا میں کانکنی کی سب سے بڑی کمپنی سی آئی ایل  ، سالانہ چار لاکھ کلو لیٹرس سے زیادہ ڈیزل کا استعمال کرتی ہے ، جس پر 3500 کرو ڑروپئے سے زیادہ خرچ ہوتے ہیں ۔

          کمپنی نے گیل ( انڈیا ) لمیٹیڈ اور بی ای ایم  ایل لمیٹیڈ کے اشتراک سے ایک آزمائشی پروجیکٹ شروع کیا ہے ، جس کے تحت ، اُس کے 100 ٹن کے دو ڈمپرس میں ضروری تبدیلی کرنے کے بعد ایل این جی کٹس نصب کئے جائیں گے ۔ یہ ڈمپرس اس کے ذیلی ادارے مہا نندی کول فیلڈس  لمیٹیڈ ( ایم سی ایل ) میں متعین ہیں ۔ ایک مرتبہ ، جب ایل این جی کٹس کامیابی کے ساتھ نصب کر دی جائیں گی اور ان کی جانچ بھی کر دی جائے گی تو یہ ڈمپرس دوہرے ایندھن کے نظام پر چل سکیں گے اور ایل این جی کے استعمال کے بعد ، اُن کا کام کاج بھی کافی حد تک زیادہ کفایتی اور کم خرچ اور آلودگی سے پاک ہو جائے گا ۔

          سی آئی ایل کے 2500 سے زیادہ ڈمپرس ، کوئلہ کانوں میں کام کر رہے ہیں اور ڈمپرس کے اس بیڑے میں سی آئی ایل کے ذریعہ استعمال کئے جانے والے کل ڈیزل کے 65 سے 75 فی صد تک ڈیزل کی کھپت  ہوتی ہے ۔ ایل این جی کے 30 تا 40 فی صد تک ڈیزل کے متبادل کے طور پر  استعمال کئے جانے کا امکان ہے ، جس سے ایندھن کی لاگت پر لگ بھگ 15 فی صد تک کی کمی ہو گی  اور اگر ڈمپرس سمیت تمام بھاری ٹرکوں میں تبدیلی کئے جانے کے بعد ایل این جی کٹس نصب کر دیئے جائیں گے تو اس کی وجہ سے 500 کروڑ روپئے سالانہ تک کی بچت کی راہ ہموار ہو جائے گی ۔

          اس پروجیکٹ کی تکمیل اور ڈمپرس کی کار کردگی سے متعلق تکنیکی مطالعہ کے بعد پروجیکٹ پر آنے والی لاگت سے متعلق تخمینہ کی جانچ  کی جائے گی ۔ یہ آزمائشی پروجیکٹ اس سال کے اواخر تک مکمل ہو جانے کی توقع ہے ۔ آزمائشی پروجیکٹ کے نتائج کی بنیاد پر ، سی آئی ایل  اپنے بھاری ٹرکوں اور خاص طور پر ڈ مپرس میں ایل این جی کے بڑی مقدار میں استعمال کے بارے میں فیصلہ کرے گا ۔

          اگر مذکورہ آزمائشی پروجیکٹ کامیاب  ثابت ہوتا ہے تو سی آئی ایل صرف ایل این جی انجن نصب شدہ بھاری ٹرکوں کو خریدنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے  اور اس سے  کاربن کے اخراج میں خاطر خواہ  مقدار میں کمی کرنے اور پائیدار مقاصد کے حصول میں مدد ملے گی ۔

          دنیا بھر میں ، امریکہ ، کناڈا ، میکسیکو ، روس اور گھانا کے ذریعہ کانکنی سے متعلق زیادہ صلاحیت والے ٹرکوں میں ایل این جی  ہائبرڈ  طریقے پر عمل در آمد کیا جا رہا ہے ۔

 

   ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 ( ش ح   ۔    م ع     ۔ ع ا  )  

U. No. 12465

 


(Release ID: 1768880) Visitor Counter : 150