نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

عوامی خبر رسانی کا کام کرنے والے لوگوں کا کام حکومت کو عوام کے قریب لانا ہے: نائب صدر جمہوریہ مؤثر خبر رسانی اچھی حکمرانی اور شفافیت کی کلید ہے: نائب صدر جمہوریہ


انڈین انفارمیشن سروس کے زیر تربیت افسران نے آج نائب صدر جمہوریہ سے ملاقات کی

نائب صدر جمہوریہ نے زیر تربیت افسران سے بہتر خبر رسانی کے ذریعے لوگوں کو بااختیار بنانے کی اپیل کی

’’ہدف بلند رکھنا، بڑے خواب دیکھنا، سخت محنت کرنا اور نظم و ضبط پر عمل کرنا – زندگی میں کامیاب ہونے کا یہی میرا اصول ہے‘‘: جناب نائیڈو

Posted On: 19 OCT 2021 4:23PM by PIB Delhi

نئی دہلی،  19 /اکتوبر  2021 ۔ نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے بہتر حکمرانی کے عمل میں مؤثر خبر رسانی (کمیونی کیشن) کے رول پر زور دیتے ہوئے آج عوامی خبر رسانی کا کام کرنے والوں (پبلک کمیونی کیٹرس) سے لوگوں کو بروقت مقامی زبانوں میں حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات کی جانکاری دے کر انھیں بااختیار بنانے کی اپیل کی۔

نائب صدر جمہوریہ نے حیدرآباد میں اپنی رہائش گاہ پر 2020 بیچ کے انڈین انفارمیشن سروس (آئی آئی ایس) کے زیر تربیت افسران  کے ایک گروپ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومتوں اور شہریوں کے درمیان کی خلیج کو پاٹنے میں پبلک کمیونی کیٹر اہم رول نبھاتے ہیں۔ انھوں نے زیر تربیت افسران سے کہا کہ ’’اگر آپ متعدد اسکیموں کے بارے میں لوگوں کو آسان اور واضح زبان میں باخبر کرتے ہیں  تو وہ اپنے حقوق اور سرکاری طور طریقوں کو بہتر طریقے سے سمجھ پاتے ہیں اور اس سے شفافیت آتی ہے۔

 

 

جناب نائیڈو نے کہا کہ ’مصدقہ معلومات‘ حکومت کی جانب سے خبر رسانی کی کلید ہے۔ انھوں نے انفارمیشن سروس کے افسران سے غلط اطلاعات اور فرضی خبروں کو روکنے پر توجہ مرکوز کرنے کے لئے کہا۔ انھوں نے ان افسران سے سماجی نقطہ نظر سے موزوں موضوعات پر کام کرنے کے لئے کہا، جیسے کہ صنفی مساوات اور کچھ طبقات میں ٹیکہ لگوانے کے تئیں تردد کو دور کرنا۔ میڈیا کو ایک طاقتور ذریعہ قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اس ذریعہ کا استعمال ذمے داری کے ساتھ کیا جائے، تاکہ مطلوبہ تبدیلی لائی جاسکے۔ نائب صدر نے اپنے معروف انداز میں کہا کہ ’’جڑیں، کمیونیکیٹ کریں اور تبدیلی لائیں‘‘۔

آئی آئی ایس کے زیر تربیت افسران پریس انفارمیشن بیورو کے علاقائی دفتر اور اطلاعات و نشریات کی وزارت کی دیگر میڈیا اکائیوں میں اپنی ٹریننگ سے متعلق پروگرام کے سلسلے میں حیدرآباد میں ہیں۔ نوجوان افسران کو سول سروسیز میں ان کے انتخاب پر مبارکباد دیتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ لوگوں کو صحیح معلومات بہم پہنچاکر ان کو بااختیار بنانے میں انفارمیشن سروس کا بڑا رول ہوتا ہے۔

کسان کے ایک بیٹے کے طور پر ملک کے اعلیٰ ترین عہدوں میں سے ایک عہدہ حاصل کرنے کے اپنے سفر کو یاد کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے زیر تربیت افسران کو کامیابی کے حصول کے لئے پوری تندہی کے ساتھ کام کرنے کا مشورہ دیا۔ انھوں نے نوجوان سول سروینٹس سے کہا کہ ’’ہدف بلند رکھیں، بڑے خواب دیکھیں، سخت محنت کریں اور نظم و ضبط پر عمل کریں – زندگی میں کامیاب کے لئے یہی میرا اصول ہے۔‘‘

نائب صدر جمہوریہ نے زیر تربیت افسران کو کھیل کود اور فزیکل ایکٹیوٹیز میں مسلسل حصہ لینے اور تندرست رہنے کی صلاح بھی دی۔ انھوں نے کہا کہ ’’بہتر مستقبل کے لئے آج کیا گیا کام قدرت اور ثقافت دونوں سے ہم آہنگ ہونا چاہئے۔‘‘

اس سے قبل پی آئی بی اور آر او بی، حیدرآباد کی ڈائریکٹر محترمہ شروتی پاٹل اور ڈپٹی ڈائریکٹر جناب مانس کرشن کانت نے نائب صدر جمہوریہ کو ریاست میں منعقدہ تربیتی پروگرام کے ریجنل اٹیچمنٹ کے بارے میں جانکاری دی۔ اس موقع پر نائب صدر کے سکریٹریٹ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

 

******

ش ح۔ م م۔ م ر

U-NO. 12003


(Release ID: 1764982) Visitor Counter : 162