نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

کووڈ-19 ٹیکہ کاری مہم ایک عوامی تحریک بننی چاہیے: نائب صدر


نائب صدر نے عوامی نمائندوں، فلم اور کھیل کی دنیا سے وابستہ ہستیوں سے لوگوں کو ٹیکہ کاری کے لیے آمادہ کرنے میں سرکردہ رول ادا کرنے  کی اپیل کی

نائب صدر نے کہا کہ بھارت کو کووڈ کے خلاف اپنی اہم اور مشترکہ لڑائی میں رفتار نہیں کھونی چاہیے

ٹیکہ کاری کے بعد بھی کووڈ کے تئیں مناسب طرز عمل کی پیروی کریں: نائب صدر

ہر ایک شخص کو ذمہ داری سے برتاؤ کرنے کی اپیل کی

نائب صدر نے حیدر آباد، وجے واڑہ اور نیلور میں سورن بھارت ٹرسٹ کے مفت ٹیکہ کاری پروگرام کا افتتاح کیا

Posted On: 07 SEP 2021 12:59PM by PIB Delhi

نائب صدر جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ کووڈ-19 ٹیکہ کاری مہم ایک عوامی تحریک بننی چاہیے اور انہوں نے ہر ایک شخص سے بغیر کسی خوف یا جھجک کے ضروری خوراک لینے کی اپیل کی۔

بھارت بائیوٹیک انٹرنیشنل لمیٹڈ اور میڈی سٹی ہاسپٹلس کے تعاون سے حیدر آباد میں سورن بھارت ٹرسٹ کے ذریعے منعقد ایک مفت ٹیکہ کاری پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے، جناب نائیڈو نے کہا کہ ویکسین لینے کے علاوہ اور کوئی متبادل نہیں ہے۔

ٹیکوں کے بارے میں افواہ کی مخالفت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے عوامی نمائندوں، فلم اور کھیل کی دنیا سے وابستہ ہستیوں سے کووڈ-19 ٹیکہ کاری پر افواہوں اور شکوک کو دور کرنے میں سرکردہ رول ادا کرنے کی اپیل کی۔

بیداری پیدا کرنے اور کووڈ کے تئیں مناسب طرز عمل کی ترغیب دینے میں میڈیا کے اہم رول پر روشنی ڈالتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ ٹیکہ کاری کے لیے اہل ہر ایک شہری کو ٹیکہ کی ضروری خوراک لینا اپنا فرض سمجھنا چاہیے۔

نائب صدر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر، 2021 تک ملک میں 71 کروڑ سے زیادہ خوراکیں دی گئیں، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ 50 فیصد سے زیادہ اہل لوگوں کو کم از کم ٹیک کی ایک خوراک دی جا چکی ہے۔

نائب صدر نے اسے ٹیم انڈیا کے جذبہ سے مرکز اور ریاستوں کی مشترکہ اور قابل ذکر کوشش بتاتے ہوئے زور دیکر کہا کہ ہر ایک شہری کی ٹیکہ کاری ہو جانے تک ٹیکہ کاری مشن کو اپنی رفتار نہیں کھونی چاہیے۔

جناب نائیڈو نے کہا کہ ایسے وقت میں جب ترقی یافتہ ممالک نے بھی وبائی مرض سے نمٹنے کے لیے جدوجہد کی، بھارت نے نہ صرف ملک میں ہی کامیابی کے ساتھ ٹیکے بنائے، بلکہ دنیا کا سب سے بڑا مفت ٹیکہ کاری پروگرام بھی چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ’وسودھیو کٹمب کم‘ کے جذبہ سے بھارت نے دنیا بھر میں ٹیکوں کی برآمد کی ہے۔

نائب صدر نے وبائی مرض مؤثر طریقے سے لڑنے کے لیے ٹیکہ کاری کے بعد بھی کووڈ کے تئیں مناسب طرز عمل کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ذاتی صفائی پر عمل کرنے، ماسک پہننے اور محفوظ دوری بنائے رکھنے میں ذاتی طور پر ذمہ داری لینی چاہیے۔

جناب نائیڈو نے لوگوں کو صحت سے متعلق مسائل کو دور کرنے کے لیے صحت مند طرز زندگی کے متبادل کو اپنانے کا مشورہ دیا، جیسے کہ یوگ کی مشق کرنا، جسمانی فٹنس بنائے رکھنا اور صحت مند کھانا کھانا۔

انہوں نے مفت ٹیکہ کاری پروگرام کے منتظمین- سورن بھارت ٹرسٹ، بھارت بائیو ٹیک، مُپا و راپو فاؤنڈیشن، میڈی سٹی ہاسپٹلس (حیدرآباد)، سنگھ پوری ویدیہ سیوا سمیتی (نیلور)، پِنّا منینی سدھارتھ ہاسپٹلس (وجے واڑہ) کو ان کی پہل اور کوششوں کے لیے مبارکباد پیش کی۔ مفت ٹیکہ کاری پروگرام تین مراکز- حیدرآباد، وجے واڑہ اور نیلور میں ایک ساتھ شروع کیا گیا تھا۔

نائب صدر کی اہلیہ محترمہ اوشا نائیڈو، بھارت بائیو ٹیک لمیٹڈ کی جوائنٹ منیجنگ ڈائرکٹر محترمہ سچترا ایلا، ہندوستانی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان این مکیش کمار اور سورن بھارت ٹرسٹ کے صدر ڈاکٹر کامنینی شری نواس ان لوگوں میں شامل تھے، جنہوں نے حیدر آباد میں منعقد پروگرام میں شرکت کی۔

*****

ش  ح –  ق ت –  ت  ع

U:8743



(Release ID: 1752856) Visitor Counter : 182