وزارت آیوش

ملک میں 75 ہزار ہیکٹراراضی پر ادویات سازی سے متعلق پودوں کی کاشت کی جائے گی


وزارت آیوش نےمہم شروع کی، نیشنل میڈیکل پلانٹس بورڈ (این ایم پی بی) نے اس پہل کا آغازکیا

مہاراشٹرمیں 7500اور اترپردیش میں750دواؤں کے پودے کسانوں میں تقسیم کیے گئے

Posted On: 02 SEP 2021 1:00PM by PIB Delhi

نیشنل میڈیکل پلانٹس بورڈ (این ایم پی بی)، وزارت آیوش نے آزادی کا امرت مہوتسو کے ایک حصے کے طور پر ملک میں دواؤں کے پودوں کی کاشت کو فروغ دینے کے لیے ایک قومی مہم شروع کی ہے۔ اس سے کسانوں کی آمدنی بڑھانے اور گرین انڈیا کے خواب کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ اس مہم کے تحت اگلے ایک سال میں ملک بھر میں 75 ہزار ہیکٹر اراضی پر دواؤں کے پودوں کی کاشت کی جائے گی۔ یہ پروگرام اترپردیش کے سہارنپور اور مہاراشٹر کے پونے سے شروع کیا گیا ہے۔ یہ پروگرام آیوش کی وزارت کی طرف سے 'آزادی کا امرت مہوتسو' کے تحت منعقد کئے جانے والے پروگراموں کی سیریز کی دوسری منفرد پہل ہے۔

پونے میں کسانوں میں دواؤں کے پودے تقسیم کیے گئے۔ جو لوگ پہلے سے ادویاتی پودوں کی کاشت کر رہے تھے انہیں مبارکباد دی گئی۔ احمد نگر ضلع کے پارنر سے ایم ایل اے نلیش لنکے ، ڈاکٹر عاصم علی خان ، ڈائرکٹر جنرل، سینٹرل کونسل فار ریسرچ ان یونانی میڈیسن (سی سی آر یو ایم) ، اور ڈاکٹر چندر شیکھرسنوال ، ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر، این ایم پی بی نے مختلف مقامات سے تقریبات کی قیادت کی۔

ڈاکٹر سانوال نے اس موقع پر کہا کہ "یہ کوشش ملک میں دواؤں کے پودوں کی فراہمی کو مزید تقویت دے گی"۔ اس موقع پر 75 کسانوں میں کل 7500 دواؤں کے پودے تقسیم کیے گئے۔خیال رہے کہ 75 ہزار پودے تقسیم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

سہارنپور میں ریاستی وزیر آیوش، اترپردیش حکومت ، دھرم سنگھ سینی کے ساتھ نیشنل میڈیکل پلانٹس بورڈ (این ایم پی بی) کے ریسرچ آفیسر سنیل دت اور وزارت آیوش کے افسران نے بھی شرکت کی۔ دواؤں کے پودے کاشت کرنے والے کسانوں کو یوپی کے ریاستی وزیر دھرم سنگھ سینی نے مبارکباد پیش کی۔ کئی قریبی اضلاع سے آئے 150 کسانوں میں دواؤں کے پودے مفت تقسیم کیے گئے۔ ان میں بنیادی طور پر پودوں کی 5 اقسام شامل ہیں - نائٹ فلورنگ جیسمین (پریجات) ، گولڈن ایپل (بیل) ، مارگوسا ٹری (نیم) ، انڈین جینسینگ (اشواگندھا) اور انڈین بلیک بیری (جامُن)۔ 750 جامن کے پودے کسانوں میں الگ سے مفت تقسیم کیے گئے۔

مرکزی وزیر آیوش سربانند سونووال نے کہا ہے کہ ملک میں دواؤں کے پودوں کی بے پناہ صلاحیت ہے اور 75000 ہیکٹر اراضی پر دواؤں کے پودوں کی کاشت ملک میں ادویات کی دستیابی کو یقینی بنائے گی اور یہ کسانوں کی آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ ہوگا۔ اس سے ملک ادویات کے میدان میں خود کفیل ہو جائے گا۔ قابل ذکر یہ ہے کہ پچھلے ڈیڑھ برسوں میں دواؤں کے پودوں کی مارکیٹ میں نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اشوا گندھا امریکہ میں تیسری سب سے زیادہ فروخت ہونے والی مصنوعات رہی ہے۔

'آزادی کا امرت مہوتسو' کے تحت منعقد ہونے والے مزید پروگراموں میں وائی بریک ایپ کا اجرا ، پروفیلیکٹک آیوش ادویات کی تقسیم ، 'آیوش آپکے دوار' اور سکول اور کالج کے طلباء کے لیے لیکچر سیریز شامل ہیں۔وائی بریک ایپ پر لیکچر سیریز اور ویبینار 5 ستمبر کو منعقد کیے جائیں گے۔

*****************

 (ش ح- س ک)

U. NO. 8567



(Release ID: 1751361) Visitor Counter : 258