نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مریپّن، شرد، سنگھ راج نے ٹوکیو پیرالمپکس میں بھارت کے تمغات کی تعداد 10 تک پہنچائی

Posted On: 31 AUG 2021 6:52PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی، 31 اگست 2021:

 

اہم سرخی

  • پیرالمپک کھیلوں میں مریپّن کا یہ دوسرا تمغہ ہے؛ 2016 میں ریو پیرالمپکس میں انہوں نے طلائی تمغہ جیتا تھا۔

ٹوکیو پیرالمپکس کھیلوں میں منگل کے روز مردوں کی ہائی جمپ ٹی63 زمرے  کے فائنل میں مریپّن تھنگاویلو نے نقرئی اور شرد کمار نے کانسے کا تمغہ جیت کر ملک کو فخر کا احساس کرایا ہے۔ یہ دونوں پیرا ایتھلیٹس اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا میں زیر ملازمت ہیں۔ پیرالمپکس کھیلوں میں مریپّن کا یہ دوسرا تمغہ ہے۔ 2016 میں ریو پیرالمپکس میں انہوں نے  طلائی تمغہ جیتا تھا۔

بھارتی پیرا ایتھلیٹوں کی آج کی کارکردگی کے بعد تمغات کی فہرست میں بھار ت کے تمغات کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔ اس سے قبل سنگھ راج ادھانا نے 10 میٹر ایئر پسٹل ایس ایچ۔1 مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔

فائنل میں مریپّن کی 1.86 میٹر کی سب سے اونچی چھلانگ سیزن کی سب سے بہترین چھلانگ رہی۔ شرد نے 1.83 میٹر کی چھلانگ لگاکر سیزن کی اپنی بہترین چھلانگ کے ساتھ کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ دونوں پیرا ایتھلیٹ  کی ٹی۔42 زمرے کے تحت درجہ بندی کی گئی ہے، یعنی ایتھلیٹوں میں ایک یا دونوں اعضاء میں ایک یا ایک سے زیادہ نقائص ہوتے ہیں جو محدود سرگرمیوں کے ساتھ کولہے اور /یا گھٹنے کو متاثر کرتے ہیں ۔

تمل ناڈو کے پیرا ایتھلیٹ مریپّن ٹوکیو پیرالمپکس سے قبل کوچ ستیہ نارائن کے زیر نگرانی بنگلورو کے ایس اے آئی مرکز میں تربیت حاصل کر رہے تھے۔ انہوں نے 2017 میں پدم شری اور ارجن ایوارڈس اور ساتھ ہی 2021 میں کھیل رتن ایوارڈ حاصل کیا تھا۔مریپّن نے حکومت ہند کے ذریعہ ٹارگیٹ اولمپک پوڈئیم اسکیم (ٹی او پی ایس) سے 13.04 لاکھ روپئے اور تربیت اور مسابقت کے لئے سالانہ کلینڈر (اے سی ٹی سی) سے 27.79لاکھ روپئے کے بقدر کی امداد سے پانچ بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیا ہے۔

شرد کمار ٹوکیو پیرالمپکس سے قبل دو سال سے زائد عرصے تک یوکرین میں غیر ملکی کوچ نکیتن یووہین کے زیر نگرانی تربیت حاصل کر رہے تھے، جس کا پورا خرچ حکومت ہند نے برداشت کیا۔ اس کے تحت، سرکار نے 80.75 لاکھ روپئے ٹی او پی ایس اسکیم کے تحت اور 21.72 لاکھ روپئے اے سی ٹی سی اسکیم کے تحت فراہم کیے۔ حکومت نے کووِڈ۔19 کے عروج کے دوران یوکرین سے بھارت واپس آنے میں ان کی مدد کرنے اور ویزا پروسیس کو آسان بنانے میں مدد کی۔ شرد نے ایشیائی پیرا گیمز 2018 میں طلائی تمغہ اور عالمی پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2019 میں نقرئی تمغہ جیتا تھا۔

ہریانہ کے قادر انداز سنگھ راج نے مجموعی طور پر 216.8 پوائنٹس کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا ہے۔ انہیں بھی حکومت کے ذریعہ بین الاقوامی سطح پر مسابقت کے ساتھ ساتھ ایئر پسٹل کی خریداری  اور نجی کوچ کی خدمات حاصل کرنے میں تعاون فراہم کیا گیا ہے۔ ان کے لئے ٹی او پی ایس اسکیم کے تحت 18.65 لاکھ روپئے اور اے سی ٹی سی کے تحت 36.65 لاکھ روپئے کی رقم فراہم کرائی گئی ہے۔

 

****************

 

ش ح۔ ا ب ن۔م ف

U. NO. 8517


(Release ID: 1751017) Visitor Counter : 167