صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
ایک اور تجربہ گاہ کو کووڈ-19 کے ٹیکوں کی بیچ ٹیسٹنگ اور انہیں جاری کرنے کی منظوری ملی
حیدرآباد واقع نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اینیمل بائیو ٹیکنالوجی اب کووڈ-19 کے ٹیکوں کے معیار کی جانچ کرکے انہیں جاری کر سکے گا
اس قدم کا مقصد ٹیکوں کی سپلائی چین کو مضبوط کرنا اور سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم کو فروغ دینا ہے
Posted On:
16 AUG 2021 6:03PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہند کووڈ-19 کے ٹیکوں کی پیداوار، اس کی سپلائی اور اس کے استعمال میں بہتری لانے کے لیے لگاتار اور جی توڑ کوشش کر رہی ہے۔ ٹیکہ کاری مہم کی رفتار کو تیز کرنے کی سمت میں ایک اہم پہل کے طور پر، صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کی مرکزی وزارت نے کووڈ-19 کے ٹیکوں کی بیچ ٹیسٹنگ اور انہیں جاری کرنے کے لیے ایک اور تجربہ گاہ کو منظوری دے دی ہے۔
صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کی وزارت نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اینیمل بائیو ٹیکنالوجی (این آئی اے بی) کو مرکزی ادویاتی تجربہ گاہ (سی ڈی ایل) کے طور پر کووڈ-19 ٹیکوں کی جانچ اور انہیں جاری کرنے کے لیے منظور کیا ہے۔
بھارت میں کووڈ-19 ٹیکہ کاری میں تقسیم سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے 11 نومبر، 2020 کو کابینہ سکریٹری کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد کی گئی تھی۔ اس میٹنگ میں مختلف وزارتوں اور بائیو ٹیکنالوجی محکمہ (ڈی بی ٹی)، سائنس و ٹیکنالوجی محکمہ (ڈی ایس ٹی) اور سائنس و ٹیکنالوجی تحقیقی کونسل (سی ایس آئی آر) جیسے محکموں کو وزارت صحت کو یہ بتانے کے لیے کہا گیا تھا کہ کیا ان کی کسی تجربہ گاہ کو مرکزی ادویاتی تجربہ گاہ (سی ڈی ایل) کے طور پر استعمال کرنے کے لیے تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
تفصیلی صلاح و مشورہ کے بعد، بائیو ٹیکنالوجی محکمہ (ڈی بی ٹی) نے اس مقصد کے لیے دو تجربہ گاہوں – نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اینیمل بائیو ٹیکنالوجی (این آئی اے بی) اور پونہ واقع نیشنل سنٹر فار سیل سائنسز (این سی سی ایس) کے نام کی تجویز رکھی تھی۔ ان دونوں تجربہ گاہوں کو اپ گریڈ کرنے کے لیے وزیر اعظم کیئرس فنڈ ٹرسٹ (پی ایم کیئرس) سے فنڈ جاری کیا گیا۔
سنٹرل ڈرگز اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن (سی ڈی ایس سی او) نے حیدرآباد واقع نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اینیمل بائیو ٹیکنالوجی (این آئی اے بی) کو مرکزی ادویاتی تجربہ گاہ (سی ڈی ایل) کے طور پر نوٹیفائی کرنے کے لیے ایک مسودہ نوٹیفکیشن مرکزی وزارت صحت کو پیش کیا تھا، جس کے جواب میں مرکزی وزارت صحت نے اب حیدرآباد واقع نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اینیمل بائیو ٹیکنالوجی (این آئی اے بی) کو مرکزی ادویاتی تجربہ گاہ کے طور پر نوٹیفائی کیا ہے۔
یہاں پر قابل ذکر ہے کہ پونہ واقع نیشنل سنٹر فار سیل سائنسز (این سی سی ایس) کو پہلے ہی 28 جون، 2021 کو صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کی مرکزی وزارت کے ذریعے مرکزی ادویاتی تجربہ گاہ کے طور پر نوٹیفائی کیا جا چکا ہے۔
مرکزی ادویاتی تجربہ گاہوں کے طور پر ان دونوں تجربہ گاہوں کو نوٹیفائی کیے جانے سے ٹیکوں کی پیداوار میں بہتری آئے گی اور آخرکار ٹیکہ کاری مہم کو مضبوطی ملے گا۔
*****
ش ح – ق ت – ت ع
U:7936
(Release ID: 1746541)
Visitor Counter : 235