نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

نوجوانوں میں مہارت کے فرق کو دور کرنے کی فوری ضرورت: نائب صدر


نائب صدر جمہوریہ نے صنعت اور سماجی شعبے کے رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ نوجوانوں کی تربیت میں حکومتی کوششوں کی تکمیل کریں

’نئی اور ابھرتی ہوئی مارکٹ کے تقاضوں کے مطابق مہارت فراہم کریں‘: نائب صدر

جناب نائیڈو نے جی ایم آر وارالکشمی فاؤنڈیشن میں زیر تربیت طلبا کے ساتھ بات چیت کی

Posted On: 01 AUG 2021 5:48PM by PIB Delhi

نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج نوجوانوں میں مہارت کے فرق کو دور کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا تاکہ انھیں نئی مارکیٹ کے تقاضوں کے قابل بنایا جا سکے اور ہماری افرادی قوت کی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنایا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ ’آنے والے برسوں میں ہندوستان کی معیشت کو تیز کرنے کے لیے ایسا کرنا ضروری ہے‘۔

اس سلسلے میں، جناب نائیڈو نے صنعت اور سماجی شعبے کے رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ وہ تربیت اور مہارت کی ترقی جیسے کوشل وکاس یوجنا، اڑان وغیرہ میں حکومت کی کوششوں کی تکمیل کریں۔ انھوں نے انڈسٹری پر زور دیا کہ وہ اسے ایک ”عظیم سماجی مشن“ کے طور پر لے۔ انھوں نے ہندوستانی کمپنیوں کی کاوشوں کو سراہا جو اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے ذریعہ ایسی پیشہ ورانہ تربیت دے رہی ہیں اور بہت سے غریب لوگوں کے لیے پائیدار معاش پیدا کر رہی ہیں۔ انھوں نے خواتین کو مالی اور سماجی طور پر بلند کرنے اور با اختیار بنانے میں ہنر مندی کے اہم کردار کا بھی ذکر کیا۔

حیدرآباد میں جی ایم آر وارالکشمی فاؤنڈیشن کے مرکز برائے امپاورمنٹ اینڈ لائیولیہڈ کا دورہ کرتے ہوئے، جناب نائیڈو نے عملہ اور مرکز میں تربیت حاصل کرنے والے شرکا سے بات چیت کی۔ انھوں نے تربیت حاصل کرنے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ جدید ترین تکنیکی ترقی کے قدم بہ قدم چلیں۔

بعد ازاں، نائب صدر جمہوریہ نے جی ایم آر چنمیا ودیالیہ کا بھی دورہ کیا اور اساتذہ اور طلبا سے بات چیت کی۔ دورے کے دوران جی ایم آر گروپ کے بانی چیئرمین گرانڈھی ملیکارجن راؤ، جی ایم آر وارالکشمی فاؤنڈیشن کے عہدیدار اور عملہ اور دیگر موجود تھے۔

                                           **************

ش ح۔ ف ش ع-ک ا   

 

U: 7332


(Release ID: 1741382) Visitor Counter : 197