وزارتِ تعلیم

حکومت نے نوجوان ادیبوں کی سرپرستی سے متعلق وزیراعظم اسکیم- یووا کاآغاز کیا


ادیبوں کی سرپرستی سے متعلق پروگرام کے تحت نوجوان اور ابھرتے ہوئے قلم کاروں کی تربیت کی جائے گی

نوجوان قلم کار بھارت کی @75 تقریبات کے موقع پربھارت کی جد وجہد آزادی کے سورماؤں کو خراج عقیدت پیش کریں گے

Posted On: 29 MAY 2021 1:32PM by PIB Delhi

نئی دہلی ،29 مئی2021: تعلیم کی وزارت کے اعلیٰ تعلیم کے محکمے نے نوجوان ادیبوں کی سرپرستی سے متعلق وزیر اعظم کی اسکیم ‘‘یووا’’ کا آج آغاز کیا۔ یہ ادیبوں کی سرپرستی سے متعلق ایک پروگرام ہے جس کے تحت نوجوان اور ابھرتے ہوئے (30 سال سے کم عمر کے) ادیبوں کی تربیت کی جائے گی تاکہ ملک میں مطالعہ، لکھنے اور کتابوں سے متعلق ثقافت کو فروغ دیا جاسکے اور بھارت اور بھارت کے ادب کو دنیا کے سامنے پیش کیا جاسکے۔

یووا پروگرام (نوجوان، ابھرتے ہوئے اور ہمہ گیر ادیبوں) کا آغاز، نوجوان قلم کاروں کو بھارت کی جد وجہد آزادی کے بارے میں لکھنے کی حوصلہ افزائی سے متعلق وزیراعظم جناب نریندر مودی کے ویژن کے عین مطابق ہے۔ 31 جنوری 2021 کو اپنے من کی بات  پروگرام میں وزیراعظم جناب نریندر مودی نے نوجوان نسل پر زور دیا تھا کہ وہ مجاہدین آزادی، آزادی سے متعلق واقعات، جد وجہد آزادی کی مدت کے دوران  اپنے اپنے متعلقہ علاقوں میں بہادری کی داستانوں کے بارے میں تحریر کریں، جو کہ اس وقت جبکہ بھارت کی آزادی کے 75 سال پورے ہونےو الے ہیں، بھارت کی آزادی کے سورماؤں کو بہترین خراج عقیدت ہوگا۔وزیراعظم نے کہا:‘‘ اس سے سوچنے سمجھنے کی صلاحیت والے  اور غوروفکر کرنے والے لیڈروں کا ایک زمرہ بھی تیار ہوگا جو کہ مستقبل کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے۔

یووا بھارت @75 پروجیکٹ (آزادی کا امرت مہوتسو) کاایک حصہ ہے جس کی بدولت گمنام سورماؤں، مجاہدین آزادی، گمنام اور فراموش کردہ مقامات اور قومی تحریک میں ان کا کردار اور دیگر متعلقہ موضوعات پر ایک اختراعی اور تعمیری طریقے سے ادیبوں کی نوجوان نسل کے نظریات کو سامنے لا یا جائے گا۔ اس طرح اس اسکیم سے قلم کاروں کی ایک جماعت تیار کرنے میں مدد ملے گی جو بھارت کی وراثت، ثقافت اور علم سے متعلق نظام کو فروغ دینےکی غرض سے مختلف النوع موضوعات پر لکھ سکیں گے۔

وزارت تعلیم کے تحت ‘‘ نیشنل بک ٹرسٹ’’، اسکیم کے نفاذ سے متعلق ایجنسی کی حیثیت سے سرپرستی کے اچھی طرح سے تشریح کئے گئے مرحلوں کے تحت اسکیم پر مرحلے وار عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔ نیشنل بک ٹرسٹ آف انڈیا، اس اسکیم کے تحت تیار کی گئی کتابوں کو شائع کرے گا اس کے علاوہ وہ ان کتابوں کابھارت کی دوسری زبانوں میں ترجمہ کرے گا تاکہ ثقافت اور اب کے تبادلوں کو یقینی بنایا جاسکے جس سے کہ ‘‘ ایک بھارت- شریشٹھ بھارت’’ کو فروغ حاصل ہوگا۔ منتخب کئے گئے نوجوان ادیب، دنیا کے چند بہترین ادیبوں کے ساتھ بات چیت کریں گے اور ادبی فیسٹول وغیرہ میں شرکت کریں گے۔

این ای پی 2020 میں نوجوان ذہنوں کو بااختیار بنانے اور سیکھنے سکھانے کے لئے ایک سازگار ماحول اور نظام تیار کرنے پر زور دیا گیا ہے جس سے کہ نوجوان قاری/ سیکھنے والے مستقبل کی دنیا میں قیادت کا کردار ادا کرنے کے لئے تیار کئے جاسکیں گے۔ اس ضمن میں یووا، تعمیری دنیا کے مستقبل کے قارئین کی بنیاد رکھنے میں دور رس نتائج  کاحامل ہوگا۔

یووا (نوجوان، ابھرتے ہوئے او رہمہ گیر ادیب) کی نمایاں خصوصیات

  • https://www.mygov.inکے ذریعہ یکم جون سے 31 جولائی تک منعقد کئے جانے والے کل ہند مقابلے کے ذریعہ کل 75 ادیب منتخب کئے جائیں گے۔
  • کامیاب ادیبوں کے ناموں کا 15 اگست 2021 کو اعلان کیا جائے گا
  • نوجوان ادیبوں کو ممتاز اور سرکردہ ادیبوں/ سرپرستوں کے ذریعہ تربیت فراہم کی جائے گی
  • سرپرستی سے متعلق اسکیم کے تحت مسودوں کو اشاعت کی غرض سے 15 دسمبر 2021 تک تیار کیا جائے گا۔
  • 12 جنوری 2022 کو نوجوانوں کے قومی دن (یووا دوس) کے موقع پر شائع کی گئی کتابوں کا اجرا کیا جائے گا۔
  • سرپرستی سے متعلق اسکیم کے تحت ہر ادیب کو چھ مہینے کی مدت کے لئے ہر ماہ 50 ہزار روپئے کا وظیفہ دیا جائے گا۔

 

1.jpeg

 

***************

)ش ح ۔ ع م۔ف ر)

U-5064


(Release ID: 1723686) Visitor Counter : 414