صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
ڈاکٹر ہرش وردھن نے 9 ریاستوں / یو ٹی کے ساتھ کووڈ – 19 سے متعلق سرکاری صحت اقدامات اور ٹیکہ کاری میں پیش رفت کا جائزہ لیا
صحت یاب ہونے والوں کی تعداد مسلسل پچھلے 8 دن سے نئے زیر علاج مریضوں کی تعداد سے زیادہ ہے
آنے والے مہینوں میں ویکسین کی دستیابی میں بہت زیادہ اضافہ ہو گا : ڈاکٹر ہرش وردھن
ٹیکہ کاری میں اضافے کی ضرورت : دوسری ڈوز کو ترجیح دی جانی چاہیئے
Posted On:
21 MAY 2021 6:40PM by PIB Delhi
نئی دلّی ، 21 مئی / صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے آج 9 ریاستوں / یو ٹی کے ساتھ کووڈ – 19 سے متعلق سرکاری صحت اقدامات اور ٹیکہ کاری میں پیش رفت کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے چھتیس گڑھ ، گوا ، ہماچل پردیش اور پڈو چیری کے وزرائے صحت اور انڈومان و نکوبار جزائر ، چنڈی گڑھ ، دادر نگر حویلی ، دمن اور دیو ، لداخ اور لکشدیپ کے لیفٹننٹ گورنر / ایڈمنسٹریٹر کے ساتھ گفتگو کی ۔ اس موقع پر صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر مملکت جناب اشونی کمار چوبے بھی موجود تھے ۔
ملک میں کووڈ کی صورتِ حال کے بارے میں تفصیل بتاتے ہوئے ڈاکٹر ہرش وردھن نے ، اِس بات کو اجاگر کیا کہ ملک میں سر دست 3027925 زیر ِعلاج مریض ہیں ۔ پچھلے 24 گھنٹے کے دوران 357295 کووڈ کے مریض صحت یاب ہوئے ہیں اور صحت یابی کی شرح 87.25 فی صد ہو گئی ہے ۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پچھلے 8 دنوں سے مسلسل صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد کووڈ کے نئے مریضوں سے زیادہ رہی ہے ۔ بھارت میں پچھلے 5 دنوں سے 3 لاکھ سے کم معاملات سامنے آ رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے 24 گھنٹے میں بھارت نے 2061683 ٹسٹ کئے ہیں اور اس طرح اب تک کئے گئے ٹسٹ کی مجموعی تعداد 33000000 سے زیادہ ہو گئی ہے ۔
ٹیکہ کاری کی مہم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ، وزیر موصوف نے کہا کہ بھارت میں اب تک 191889503 افراد کو ٹیکہ لگایا جا چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ویکسین بنانے والوں کی سرگرم مدد کر رہی ہے اور ملک میں ویکسین کی دستیابی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے مہینوں میں ملک میں ویکسین کی پیداوار میں تیزی سے اضافہ ہو گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگست سے دسمبر ، 2021 ء کے درمیان بھارت 216 کروڑ ویکسین کی ڈوز خرید لے گا ، جب کہ اس سال جولائی میں 51 کروڑ ڈوز خریدی جائیں گی ۔ مرکزی وزیر نے یہ بھی کہا کہ اس سال کے آخر تک بھارت اپنی تمام بالغ آبادی کو ٹیکہ لگانے کی پوزیشن میں ہوگا ۔
بلیک فنگس ( میوکو مائیکوسز ) کے معاملے کو اجاگر کرتے ہوئے ، ڈاکٹر ہرش وردھن نے بتایا کہ تمام ریاستوں / یو ٹی سے کہا گیا ہے کہ وہ اسے ایک وباء کے طور پر نوٹیفائی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ بلیک فنگس کے تمام معاملات کو درج کیا جا سکے ۔ انہوں نے اس سلسلے میں ریاستوں کو ہر ممکن معلومات اور امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔
ڈاکٹر ہرش وردھن نے تمام ریاستوں / یو ٹی میں کووڈ کی صورتِ حال کا ایک نقشہ پیش کیا ۔ چھتیس گڑھ میں مارچ ، 2021 ء سے انفیکشن میں اضافہ دیکھا گیا ہے ۔ مئی میں ریاست میں مثبت معاملات کی شرح 30 فی صد ہو گئی ہے ۔ ہماچل پردیش میں 35000 سےز یادہ مریض زیر علاج ہیں اور شرح اموات قومی اوسط سے زیادہ ( 1.44 فی صد ) ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں معاملات میں اضافہ ہو رہا ہے ، جہاں 22000 زیر علاج مریض ہیں ۔ دمن اور دیو میں 366 مریض زیر علاج ہیں اور ان میں کمی واقع ہو رہی ہے ۔ لداخ میں بھی کمی کا رجحان ہے اور سر دست 1500 زیر علاج مریض ہیں ۔
صحت کے وزیر مملکت جناب اشونی کمار چوبے نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ٹسٹنگ اور ٹیکہ کاری پر توجہ مرکوز کی جانی چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز بلیک فنگس کے لئے ادویات کی فراہمی میں اور اسپتال کے مریضوں کو آکسیجن کی فراہمی میں مکمل امداد فراہم کر رہا ہے ۔ انہوں نے کووڈ کے خلاف لڑائی میں ریاستوں / یو ٹی کے ذریعے کی گئی کوششوں کی ستائش کی ۔
این سی ڈی سی کے ڈائریکٹر جناب سجیت کمار سنگھ نے 9 ریاستوں / مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں مریضوں اور شرح اموات کے تازہ رجحانات کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے نگرانی اور ٹسٹنگ میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔
صحت کی ایڈیشنل سکریٹری محترمہ وندنا گرنانی نے 9 ریاستوں / مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ٹیکہ کاری کی پیش رفت کا جائزہ پیش کیا۔
ریاستوں کے صحت سے متعلق عہدیداروں نے کووڈ – 19 کی روک تھام کے لئے تیاریوں میں اضافے کی ہدایت کا نوٹس لیتے ہوئے مرکزی حکومت کی طرف سے حاصل ہونےو الی مدد پر ممنونیت کا اظہار کیا ۔ ڈاکٹر ہرش وردھن نے یقین دلایا کہ تمام ریاستوں کو ٹیکہ کاری مہم میں تیزی لانے کے لئے مرکز کی طرف سے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی ۔
میٹنگ میں این ایچ ایم کی ایڈیشنل سکریٹری اور مشن ڈائریکٹر محترمہ وندنا گرنانی ، صحت کے جوائنٹ سکریٹری جناب لو اگروال ، این سی ڈی سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سجیت کے سنگھ اور صحت کے محکمے کے دیگر سینئر عہدیدار موجود تھے ۔
۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔
( ش ح ۔ و ا ۔ ع ا ۔21.05.2021 )
U.No. 4715
(Release ID: 1720802)
Visitor Counter : 213