امور داخلہ کی وزارت

امور داخلہ کی وزارت نے جنوب مغربی مانسون 2021 کے دوران پیدا ہونے والے قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے قدرتی آفات کے بندوبست کے محکموں کے ریلیف کمشنرز اور سکریٹریز کی سالانہ کانفرنس کا انعقاد کیا

Posted On: 21 MAY 2021 5:00PM by PIB Delhi

نئی دہلی:21مئی،2021۔امور داخلہ کی وزارت (ایم ایچ اے) نے آج ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے قدرتی آفات کے بندوبست کے محکموں کے ریلیف کمشنرز اور سکریٹریز کی سالانہ کانفرنس کا انعقاد کیا۔ یہ کانفرنس بنیادی طور پر جنوب مغربی مانسون 2021 کے دوران ممکنہ طور پر پیدا ہونے والے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے تیاریوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے منعقد کی گئی تھی۔

کانفرنس کی صدارت مرکزی داخلہ سکریٹری نے کی۔ اپنے افتتاحی خطاب میں مرکزی داخلہ سکریٹری نے صلاحیتوں میں اضافے اور اضطراری ردعمل کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ سال بھر چوبیس گھنٹے ساتوں دن  تیاریوں کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے تمام حکام کو مشورہ دیا کہ وہ صحت کی تمام سہولتوں، آکسیجن جنریشن پلانٹس کو جنوب مغربی مانسون کے دوران ہونے والی شدید بارش / سیلاب سے محفوظ رکھنے کے لئے اضافی کوششیں کریں۔ مرکزی داخلہ سکریٹری نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے تمام متعلقہ عہدیداروں سے کہا کہ وہ کووڈ 19 وبائی مرض کے دوران قدرتی آفات، جیسے سیلاب، طوفان، زلزلے وغیرہ سے ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لئے بہتر طور پر تیار رہیں۔

مرکزی داخلہ سکریٹری نے نیشنل ریموٹ سینسنگ سینٹر (این آر ایس سی) کے ذریعہ تیار کردہ ایمرجنسی مینجمنٹ کے قومی ڈیٹابیس (این ڈی ای ایم)  کے ورزن 4.0 کو بھی جاری کیا، جو ریئل ٹائم الرٹ کے انضمام اور پیش گوئی کرنے والی ایجنسیوں کی جانب سے جاری کردہ انتباہ اور اس انتباہ کو ملک میں قدرتی آفات کے بندوبست کے حکام تک پھیلانے میں بہت مددگار پے تاکہ ضلعی سطح تک تباہی کے خطرات کو کم کیا جاسکے۔

بھارت کے موسمیات کے محکمے(آئی ایم ڈی) نے پیش گوئی، انتباہ اور پھیلاؤ کے طریقہ کار، ردعمل اور تیاری کے اقدامات اور قدرتی آفات کے بندوبست کے شعبے میں صلاحیت بڑھانے کے لئے اپنے مستقبل کے منصوبوں پر ایک پریزنٹیشن پیش کیا۔

ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں، مرکزی وزارتوں، مرکزی مسلح پولس فورسز، بھارت کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی)، مرکزی آبی کمیشن (سی ڈبلیو سی)، برفباری اور تودے کھسکنے سے متعلق مطالعاتی اسٹیبلشمنٹ (ایس ای ایس ای)، این آر ایس سی، (اسرو)، جی ایس آئی اور دیگر سائنسی تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ مسلح افواج اور قدرتی آفات سے نمٹنے والی قومی ٹیم کے نمائندوں نے اس میٹنگ میں شرکت کی۔ قدرتی آفات کی تیاری، ابتدائی وارننگ نظام، سیلاب اور ندی / آبی ذخائر سے متعلق انتظامات، ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے آن سائٹ اور آف سائٹ منصوبوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

ش ح۔م ع۔ ع ن

U NO:4710



(Release ID: 1720796) Visitor Counter : 206