ریلوے کی وزارت

ہریانہ، مدھیہ پردیش، تلنگانہ اور اترپردیش کیلئے مزید آکسیجن ایکسپریسیز روانہ ہوئیں


بھارتی ریلویز کے توسط سےمجموعی رقیق طبی آکسیجن کی ڈھلائی 664 میٹرک ٹن پہنچی، مزید 126 میٹرک ٹن جلد پہنچے گی

اترپردیش کیلئے (7ویں آکسیجن ایکسپریس)، مدھیہ پردیش کے لئے (دوسری آکسیجن ایکسپریس)، ہریانہ کے لئے (پہلی اور دوسری آکسیجن ایکسپریس)، اپنے راستے پر گامزن

ریاستوں کو راحت پہنچانے کے لئے بھارتی ریلوے کا آکسیجن ایکسپریس آپریشن مسلسل جاری

Posted On: 30 APR 2021 4:00PM by PIB Delhi

 

بھارتی ریلویز کی آکسیجن ایکسپریس  کا  سفر جاری ہے اور  یہ بہت سی زندگیوں کو بچانے کا سبب بن رہی ہے۔ ریاستی سرکاروں  کی طرف سے  مانگ کی بنیاد پر ریلویز نے مزید آکسیجن ایکسپریس چلانے کی مکمل تیاری کر لی ہے۔

 

مدھیہ پردیش میں آج دوسری آکسیجن ایکسپریس پہنچے گی، جو  بوکارو سے 47.37 میٹرک ٹن رقیق طبی آکسیجن 4 ٹینکروں میں ساگر اور جبل پور کے لئےلے کر جائے گی۔ یہ ریل گاڑی  29 اپریل 2021 کو بوکارو سے روانہ ہوئی  اور بغیر کسی روکاوٹ کے اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہے۔  توقع ہے کہ یہ ٹرین آج شام تک اپنی   منزل پر پہنچے گی۔

 

ہریانہ  کو جلد ہی اپنی پہلی اور دوسری آکسیجن ایکسپریس  مل جائے گی۔ ایک ریل گاڑی راؤر کیلا سے  3 ٹینکروں میں 47.11 میٹرک ٹن رقیق طبی آکسیجن لے کر نکلی ہے، جبکہ  دوسری انگل سے 2 ٹینکروں میں 32 میٹرک ٹن آکسیجن لے کراپنے منزل مقصود کی طرف روانہ ہوئی ہے۔ یہ ریل گاڑیاں  محفوظ طریقے سے اور مقررہ وقت میں ہریانہ کے باشندوں کو انتہائی ضروری آکسیجن کی فراہمی کریں گی۔

 

اترپردیش مسلسل آکسیجن ایکسپریس کی مدد سے اپنی آکسیجن کی ضرورتوں کو پورا کر رہا ہے۔  اترپردیش کے لئے جلد ہی 7ویں آکسیجن ایکسپریس بوکارو سے روانہ ہونے والی ہے، جو رقیق طبی  آکسیجن کے 3 ٹینکروں کو لے کر پہنچے گی۔ ریاست میں آکسیجن کی فراہمی کو مزید تیز کرنے کے لئے اترپردیش سرکار نے جمشید پور سے لکھنؤ کے لئے 10 فیٹ کے آئی ایس او کنٹینرس سے رقیق آکسیجن کی دستیابی کی بھی درخواست کی ہے۔ آئی ایس او کنٹینر کے نقل و حمل  کے سلسلے میں اضافی احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے اور ریلوے حکام آئی ایس او کنٹینر صحیح سلامت اور محفوظ طریقے سے پہنچانے  کیلئےفی الحال  دیگر بہتر ممکنہ  متبادل  پر کام کر رہے ہیں۔توقع ہے کہ آئی ایس او کنٹینر کی لوڈنگ یکم مئی، 2021 سے جمشید پور میں شروع ہوگی۔

 

بھارتی ریلوے نے اب تک کُل 664 میٹرک ٹن رقیق  طبی آکسیجن کی فراہمی کر دی ہے، جس میں مہاراشٹر کو 174 میٹرک ٹن، اترپردیش کو 356.47 میٹرک ٹن، مدھیہ پردیش کو 64 میٹرک ٹن اور دلی کو 70 میٹرک ٹن کی فراہمی شامل ہے۔ ہریانہ اور تلنگانہ  کو بھی جلد ہی آکسیجن ایکسپریس موصول ہوں گی۔

*************

( ش ح ۔  ک ا(

U. No. 4150

 


(Release ID: 1715660) Visitor Counter : 213