وزارت دفاع

وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے کووڈ-19 کے خلاف لڑائی سے متعلق خصوصی التزامات کے تحت مسلح افواج کو ہنگامی مالی اختیارات عطا کئے

Posted On: 30 APR 2021 6:01PM by PIB Delhi

نئی دہلی،  30/اپریل2021 ۔ وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 30 اپریل 2021 کو خصوصی التزامات کا استعمال کرتے ہوئے مسلح افواج کو ہنگامی مالی اختیارات عطا کئے، تاکہ انھیں ملک میں موجودہ کووڈ-19 کی وبا سے لڑنے کی کوششوں کے لئے مضبوط کیا جاسکے۔ یہ اختیارات فارمیشن کمانڈروں کو وبا کے خلاف جاری کوششوں کے لئے مختلف خدمات اور کاموں کے التزام کے علاوہ کوارنٹین سہولیات / اسپتال قائم کرنے اور چلانے، آلات / اشیاء/ ساز و سامان / دکانوں کی خرید اور آلات کی مرمت کے کاموں سے متعلق سرگرمیوں میں مدد کریں گے۔

یہ مکمل اختیارات مسلح افواج کے ان سربراہوں جن میں چیف آف انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف ٹو دی چیئرمین چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی آئی ایس سی)، جنرل آفیسر کمانڈنگ اِن چیف اور تینوں افواج میں ہم منصبوں کو دیے گئے ہیں، جبکہ کور کمانڈر / ایریا کمانڈروں کو 50 لاکھ روپئے فی کیس اور ڈویژن کمانڈروں / سب ایریا کمانڈروں اور ان کے ہم منصبوں کو 20 لاکھ روپئے فی معاملے تک کے اختیارات دیے گئے ہیں۔ یہ اختیارات شروع میں یکم مئی سے 31 جولائی 2021 تک تین مہینوں کی مدت کے لئے دیے گئے ہیں۔ یہ گزشتہ ہفتہ مسلح افواج کے میڈیکل افسروں کو سونپے گئے ہنگامی اختیارات کے علاوہ ہیں۔

گزشتہ سال جب کووڈ-19 کی وبا پہلی مرتبہ سامنے آئی تھی تب بھی مسلح افواج کو یہ ہنگامی اختیارات دیے گئے تھے۔ اس نے مسلح افواج کو تیزی سے اور موثر طریقے سے صورت حال سے نمٹنے میں مدد کی تھی۔

 

******

ش ح۔ م م۔ م ر

U-NO. 4100

30.04.2021



(Release ID: 1715242) Visitor Counter : 180